حلف برداری کی تقریب کی سیکیورٹی پر 20 ہزار فوجی تعینات کیے جائیں گے: مائیک پینس


واشنگٹن میں کانگریس کی عمارت کی سیکیورٹی کا انتظام ہزاروں نیشنل گارڈ نے سنبھال لیا ہے۔ 13 جنوری 2021

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے جمعرات کے روز امریکی کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل کی حفاظت پر تعینات فورسز سے ملاقات کے لیے وہاں کا دورہ کیا اور ان کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔پینس نے فوجیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ “قوم کے اس غیرمعمولی وقت پر آگے بڑھ کر قومی دارالحکومت کی حفاظت کر رہے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ وہ فخر محسوس کرتے ہیں کہ وہ ان کے نائب صدر ہیں۔

نیشنل گارڈ کے ہزاروں اہل کار اس وقت سے عمارت کی حفاظت کررہےہیں، جب 6 جنوری کے دن صدر ٹرمپ کے حامیوں نے نو منتخب صدرجو بائیڈن کی انتخابی کامیابی کی ایوان نمائندگان سے توثیق کو روکنے کےلیے عمارت پر چڑھائی کر دی تھی۔

مائیک پینس کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ 20 ہزار فوجی جو بائیڈن کی حلف برداری کے دن دارالحکومت کی حفاظت کریں گے۔

امریکی نائب صدر مائیک پینس، فائل فوٹو
امریکی نائب صدر مائیک پینس، فائل فوٹو

پینس نے کہا کہ بائیڈن اور نائب صدر کاملہ ہیرس دونوں 20 جنوری کو ہماری تاریخ اور ہماری روایت کے مطابق اور اس انداز سے حلف اٹھائیں گے جو امریکہ کے لوگوں اور یونائیٹڈ اسٹیٹس کے لیے باعث توقیر ہو۔

صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کیپٹل پر چڑھائی کے دن کے بعد یہ مائیک پینس کا کیپٹل ہل کا پہلا دورہ تھا۔

پینس ایوان نمائندگان میں اس وقت انتخاب کی توثیق کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جب عمارت پر مظاہرین نے دھاوا بولا تھا۔ انہیں سیکیورٹی اہل کاروں نے محفوظ مقام تک پہنچایا تھا۔ وہ اس وقت تک عمارت سے باہر نہیں نکل سکے تھے جب تک علاقے کو مظاہرین سے پاک نہیں کر لیا گیا تھا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa