سورت حادثہ: انڈیا میں ٹرک نے فٹ پاتھ پر سوئے 15 مزدوروں کو کچل دیا، 13 ہلاک


مغربی انڈیا کی ریاست گجرات میں ایک ٹرک کے نیچے آ کر کچلے جانے والے کم از کم 13 مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ مزدور موٹروے کے ساتھ ہی فٹ پاتھ پر سو رہے تھے۔

حکام نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ منگل کی صبح ہونے والے اس حادثے میں چھ افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرک کا ایک ٹریکٹر کے ساتھ ٹکراؤ ہوا جس کے بعد اس کا کنٹرول ڈرائیو کے ہاتھ سے نکل گیا اور ٹرک فٹ پاتھ پر چڑھ دوڑا۔

یہ تمام مزدور راجستھان کے ضلع بنسوارہ کے رہائشی تھے اور دن بھر کے کام کاج کے بعد فٹ پاتھ پر ہی سو رہے تھے۔ مقامی سرپنچ کو حادثے کی اطلاع فون پر ملی۔

بانسوارہ کے کلکٹر انکیت کمار سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’سورت میں ہلاک ہونے والے مزدوروں کا پوسٹ مارٹم جاری ہے۔ ہم نے گاؤں کے ترقیاتی افسر، سرکل آفیسر، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سرپنچ کو گجرات بھیج دیا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

پٹڑی پر سوئے مزدوروں کو ٹرین نے کچل دیا، 16 ہلاک

انڈیا: ٹرین کی سامنے سیلفی لیتے ہوئے ٹرین سے ٹکر

انڈیا: ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 36 ہوگئی

سورت ضلع کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (دیہی) اوشا ردا نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ حادثے میں ایک عورت اور ایک بچے سمیت سات مرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ چھ زخمیوں کو سورت کے سمیر ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ حادثے میں مرنے والے پانچ مزدوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

گجرات سے متصل ریاست راجستھان کے علاقے بنسوارہ سے بڑی تعداد میں لوگ گجرات جاتے ہیں۔ یہ مزدور گجرات میں طویل عرصے سے کام کر رہے تھے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثے میں جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے مزدورں کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے اور ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے دو، دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

نریندر مودی نے یہ بھی کہا ہے کہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی رقم ادا کی جائے گی۔

گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دو لاکھ اور وزیر اعلیٰ کے معاونت فنڈ سے زخمیوں کو پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

https://twitter.com/PMOIndia/status/1351368862751547399

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوٹ نے بھی افسوس اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو سی ایم ریلیف فنڈ سے دو لاکھ اور زخمیوں کو پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

انڈیا کے شہروں میں دوسرے علاقوں سے آئے مزدوں کا سڑکوں پر رہنا ایک عام سی بات ہے اور انھیں اکثر گاڑیوں سے حادثات کا خطرہ رہتا ہے۔

لیکن یہ حادثات صرف کاروں اور ٹرکوں کے نتیجے میں ہی نہیں پیش آتے۔ گزشتہ سال اس وقت 16 افراد کی موت ہو گئی جب ریاست مہاراشٹر میں ایک مال بردار ٹرین پٹڑیوں پر سوتے ہوئے مزدوروں پر چڑھ دوڑی۔

کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران یہ افراد گھر جانے کے لیے ٹرین کے انتظار میں تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp