بیٹی کو قتل کرنے والے ڈاکٹر اظہر دوسری شادی پر بضد تھے، تمام جائیداد بیٹی کے نام کرچکے تھے


ملتان میں اکلوتی بیٹی کو قتل کر کے خودکشی کرنے والے ماہر نفسیات ڈاکٹر اظہر کے حوالے سے جاری تفتیش میں مختلف پہلو سامنے آئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکٹر اظہر دوسری شادی کرنے پر بضد تھے۔ وہ اپنی تمام جائیداد اپنی اکلوتی بیٹی ڈاکٹر علیزہ کے نام منتقل کرچکے تھے۔ ان کی بیٹی ڈاکٹر علیزہ بضد تھی کہ وہ دوسری شادی نہ کریں جس پر باپ بیٹی میں جھگڑا بھی ہوا جو شدت اختیار کرگیا۔

وقوعہ والے روز بھی اسی معاملے پر جھگڑا ہوا تھا، بیوی پر فائر کیا تو بیٹی سامنے آگئی۔ پولیس کے مطابق مذکورہ معاملے پر ڈاکٹر اظہر کی اپنی اہلیہ سے اکثر لڑائی ہوتی تھی۔ وقوعہ کے روز بھی یہی معاملہ گھر میں زیر بحث آیا جس پر دونوں میں ایک بار پھر لڑائی ہوئی تو ڈاکٹر اظہر نے پستول سے اپنی بیوی کو فائر مارا مگر ان کی بیٹی سامنے آ گئی اور فائر اس کو لگ گیا۔ اکلوتی بیٹی جس سے ڈاکٹر اظہر شدید محبت کرتے تھے کو فائر لگنے پر ڈاکٹر اظہر شدید گھبرا گئے اور کمرے میں جا کر خود کو بند کرکے خودکشی کرلی۔

پولیس تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ بیٹی کو فائر لگنے کے بعد ڈاکٹر اظہر نے اپنی بیوی پر بھی فائر کرنے کی کو شش کی مگر پسٹل میں گولی پھنس گئی تھی۔ انہوں نے کمرے میں جا کر میگیزین بھی تبدیل کیا۔ پولیس کو ڈاکٹر اظہر کی جیب سے بھی ایک میگزین اور تین گولیاں ملی ہیں۔ مذکورہ معاملے پر پولیس کی جانب سے گزشتہ روز بھی ڈاکٹر کی بیوہ اہلیہ سمیت گھر کے ملازمین کے بیانات قلمبند کئے گئے۔

پولیس افسران ڈاکٹر اظہر کی دوسری شادی اور جائیداد کے تنازع پر تاحال کوئی بیان نہیں دے رہے۔ پولیس کے مطابق معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب ڈاکٹر اظہر اور انکی بیٹی ڈاکٹر علیزہ کے پوسٹ مارٹم کے بعد لاشوں کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا جن کو نشتر روڈ پر نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کردیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).