علامہ اقبال کا بت بنانے، لگانے اور تعریف کرنے والوں پر لعنت: منیب اقبال
علامہ اقبال کے پوتے منیب اقبال نے اپنے دادا کے مجسمے کے معاملے پر سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے بت بنانے، لگانے اور تعریف کرنے والوں پر لعنت بھیجی ہے۔
فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں منیب اقبال نے کہا کہ ’علامہ اقبال کا بت نیا نہیں ہے۔ یہ شہباز شریف کے دور کا بنا ہوا ہے۔ تمام بت بنانے والوں، لگانے والوں اور ان کی تعریف کرنے والوں پر لعنت ہو۔‘
انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال کا بت گریٹر اقبال پارک میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر پی ایچ اے کے ساتھ مل کر لگایا گیا ہے، ’ ریسٹورنٹ کا مالک غالباً کسی نجی تعلیمی ادارے کا بھی مالک ہے۔ کفریات ہی پڑھاتا ہوگا۔‘
منیب اقبال کے مطابق وہ کئی برس سے ایسے بتوں کے خلاف اعتراض اور احتجاج کر رہے ہیں اور انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ اب پاکستانیوں کو بھی عقل آگئی ہے۔
نہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’ اللہ تعالیٰ اسلام، پاکستان اور حضرت علامہ اقبال کے تمام دشمنوں کو جہنم رسید کرے۔ آج سلطان محمود غزنوی بہت یاد آیا، اللہ تعالیٰ ہم سب کو بت شکن بنائے، بت فروش نہیں۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک خاتون صارف کی جانب سے گلشن اقبال پارک میں نصب علامہ اقبال کے مجسمے کی تصاویر شیئر کی گئی تھیں جس پر سوشل میڈیا پر تنقید کا طوفان برپا ہوگیا۔
اگرچہ یہ مجسمہ گزشتہ برس یوم آزادی پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے مالیوں نے اپنے طور پر بنا کر لگایا تھا لیکن پاکستانیوں کی جانب سے اسے علامہ اقبال کے ساتھ مذاق قرار دیا گیا اور اسے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے مجسمہ ہٹانے کا حکم دے دیا تھا۔

