افغانستان سے فوج کے انخلا کو التوا میں ڈال دینا چاہیے، کانگریس میں رپورٹ پیش


امریکہ کی کانگریس میں پیش کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن کو افغانستان سے اپنے تمام فوجیوں کو نکالنے کے لیے یکم مئی کی ڈیڈ لائن میں توسیع کر دینی چاہیے اور بین الافغان امن مذاکرات میں پیش رفت کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔

افغان امور سے متعلق کانگریس کی ایک کمیٹی نے بدھ کو پیش کردہ اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکہ کو افغان امن عمل کو ترک نہیں کرنا چاہیے۔ لیکن اس کے لیے عائد کردہ شرائط یکم مئی تک پوری ہوتی دکھائی نہیں دیتیں۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلا کے بعد وہاں خانہ جنگی کا خدشہ ہے جس سے خطے کا استحکام متاثر ہونے کا خطرہ ہے اور القاعدہ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ اور طالبان نے افغانستان میں جاری طویل جنگ کے خاتمے کے لیے گزشتہ برس ایک مشروط امن معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

معاہدے کے تحت امریکہ کو 2021 کے وسط تک اپنے تمام فوجیوں کو افغانستان سے نکالنا تھا جب کہ طالبان نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ اس دوران غیر ملکی افواج کو نشانہ نہیں بنائیں گے اور دہشت گرد تنظیم القاعدہ کو افغانستان میں مضبوط نہیں ہونے دیں گے۔

بین الافغان بات چیت کی کامیابی کی امیدیں مدہم پڑنے لگیں

طالبان کی جانب سے یہ اشارے مل رہے ہیں کہ وہ فوج کے انخلا کی یکم مئی کی ڈیڈ لائن کے بعد غیر ملکی افواج پر حملے شروع کر دیں گے۔

افغان امور سے متعلق کانگریس کے کمیشن میں سابق جوائنٹ چیفس آف اسٹاف چیئرمین جنرل (ر) جوزف ڈنفورڈ اور سابق ری پبلکن سینیٹر کیلی آیوٹ شامل تھیں۔ کمیشن نے کانگریس میں پیش کردہ اپنی رپورٹ میں تجویز دی ہے کہ امریکہ کو افغان جنگ میں کامیابی طالبان کے ہاتھ میں نہیں دینی چاہیے۔

جنرل (ر) ڈنفورڈ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ رپورٹ صدر جو بائیڈن کے مشیروں کے علاوہ امریکہ کے نمائندۂ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد سے بھی شیئر کی گئی تھی اور انہوں نے اسے مددگار قرار دیا ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کا افغان امن عمل کی حمایت کرنے کا منصوبہ ہے۔ تاہم یہ ضروری ہے کہ طالبان تشدد میں کمی، القاعدہ کے ساتھ تعلقات کو منقطع کرنے کے علاوہ امن مذاکرات کا حصہ بنیں۔

تشدد میں اضافہ، امن معاہدے پر شبہات، افغانستان کا مستقبل کیا ہو گا؟

یاد رہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان معاہدے کے تحت سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ افغانستان میں فوجیوں کی تعداد کو 2500 تک کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

اسی اثنا میں امریکی حکام کی جانب سے بارہا الزامات عائد کیے گئے کہ طالبان ایک مرتبہ پھر القاعدہ کے ساتھ تعلقات بڑھا رہے ہیں۔ تاہم طالبان کا مؤقف تھا کہ افغانستان میں القاعدہ کا کوئی بھی جنگجو موجود نہیں اور وہ یکم مئی کے بعد ملک میں غیر ملکی افواج کو نشانہ بنائیں گے۔

امریکی کانگریس میں پیش کردہ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان سے متعلق امریکی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے تاکہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان دوحہ میں جاری مذاکرات کے فیصلہ کن نتائج کو یقینی بنایا جائے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa