پاکستان نے 17 سال بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت لی


پاکستان نے جنوبی افریقہ کو راولپنڈی ٹیسٹ میں 95 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔

پاکستان نے آخری مرتبہ 2003 میں جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔

​پیر کو راولپنڈی ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 370 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 274 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے حسن نے دوسری اننگز میں پانچ، شاہین شاہ آفریدی چار اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں بہترین کارکردگی پر حسن علی کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا، انہوں نے راولپنڈی ٹیسٹ میں مجموعی طور پر دس وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کی بیٹنگ

جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 127 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو ایڈن مارکرم 59 اور روسی دوسین 48 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

میزبان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پچ پر موجود نمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فاسٹ بالرز کو آزمایا اور حسن علی نے کپتان کے انتخاب کو درست ثابت کیا۔

حسن علی نے اپنے پہلے ہی اسپیل میں دوسین کو کلین بولڈ کیا اور وہ اپنے انفرادی اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقہ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باب فاف ڈیوپلیسی تھے جنہیں حسن علی نے ہی اپنا شکار بنایا۔

اوپننگ بلے باز ایڈن مارکرم پاکستانی بالروں کے سامنے مزاحمت کرتے رہے اور انہوں نے تین چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے سینچری مکمل کی۔

چوتھی وکٹ پر مارکرم نے ٹیمبا باووما کے ساتھ مل کر 106 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 241 تک پہنچا تو مارکرم 108 رنز پر حسن علی کا شکار بن گئے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 272 اور دوسری میں 298 رنز بنائے تھے جب کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان نے میچ جیتنے کے لیے جنوبی افریقہ کو 370 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری مرتبہ 2003 میں اپنے ہوم گراؤنڈ میں ہی ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی تھی۔

ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فہرست میں ساتویں سے پانچویں پوزیشن پر پہنچا دے گی اور شکست کی صورت میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پانچویں سے چھٹی پوزیشن پر چلی جائے گی۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کے فروغ کے لیے 2019 میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا تھا۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان اگست 2019 میں کھیلی جانے والی ایشز سیریز کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ قرار دیا گیا۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے آئی سی سی رینکنگ میں شامل ابتدائی نو ٹیمیں میدان میں ہیں اور ہر ٹیم کو پانچ پانچ سیریز کھیلنی تھیں۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل

بیشتر ٹیمیں اپنے میچز کھیل چکی ہیں اور ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جولائی 2021 میں انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 430 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے جب کہ نیوزی لینڈ 420 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور آسٹریلیا 332 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

انگلینڈ کا نمبر چوتھا ہے جس کے پوائنٹس کی تعداد 412 ہے۔ آسٹریلیا کے مقابلے میں پوائنٹس ٹیبل پر انگلینڈ کے پوائنٹس زیادہ ہیں تاہم آسٹریلیا کو اب بھی جنوبی افریقہ کے خلاف ایک سیریز کھیلنا ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa