کرونا سے بہتر تحفظ کے لیے ایک کی جگہ دو ماسک پہنیں: سی ڈی سی


فائل فوٹو
ویب ڈیسک — امریکہ میں صحت کے نگران ادارے ‘سینٹر فور ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن’ (سی ڈی سی) نے تجویز دی ہے کہ ایک کے بجائے دو ماسک پہننے سے کرونا وائرس کے خلاف زیادہ تحفظ مل سکتا ہے۔

ایک تجربے میں سی ڈی سی نے مصنوعی سروں کو ایک دوسرے سے چھ فٹ دور رکھا اور یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ایک ماسک، چاہے وہ سرجیکل ہو یا عام کپڑے کا بنا ہو، کرونا وائرس کے سائز کے 40 فی صد ذرات کا راستہ روکتا ہے۔ لیکن اگر سرجیکل ماسک کے اوپر کپڑے کا ماسک بھی پہن لیا جائے تو اس سے 80 فی صد ذرات رک جاتے ہیں۔

تاہم اس تجربے میں صرف ایک قسم کے سرجیکل ماسک اور کپڑے کے ماسک استعمال کیے گئے ہیں۔ جس سے یہ بات واضح نہیں ہوتی کہ آیا مختلف میٹیریل سے بنے ماسک بھی یہی نتیجہ دیں گے۔

کرونا کی عالمی وبا کے دوران ماسک کے استعمال کے بارے میں معلومات گاہے بہ گاہے بدلتی رہی ہیں۔

عالمی وبا کے آغاز میں صحت کے حکام نے امریکی شہریوں کو بتایا تھا کہ وہ ماسک نہ پہنیں۔ ایک سال پہلے کی ایک ٹوئٹ میں اس وقت کے سرجن جنرل جیروم ایڈمز نے کہا تھا کہ “سنجیدگی سے کہہ رہا ہوں، لوگو! ماسک خریدنا چھوڑ دو۔”

امریکہ میں وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے گزشتہ برس مارچ میں کہا تھا کہ ماسک پہننے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ لیکن کچھ عرصے بعد انہوں نے اپنی ہدایات تبدیل کر دی تھیں۔

بعد ازاں صحت کے حکام نے تجویز کیا کہ جہاں سماجی فاصلہ رکھنا ممکن نہ ہو وہاں ماسک پہنا جائے۔ اس ہدایت میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے مشورہ دیا گیا کہ جب بھی آپ لوگوں میں موجود ہوں، ماسک پہن لیں۔

یونیورسٹی آف کیلی فورنیا نے اپنے ایک حالیہ سروے میں یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ صرف نصف امریکی اس وقت ماسک پہنتے ہیں جب وہ اپنے گھروں سے باہر لوگوں کے ساتھ میل جول میں ہوتے ہیں۔

اور اب سی ڈی سی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ایک ماسک کی جگہ دو ماسک ‘کووڈ 19’ کے خلاف زیادہ تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments