میانمار: فیس بک نے فوجی اکاؤنٹس کے مواد کی رسائی محدود کر دی


معروف سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک نے میانمار کے فوجی اکاؤنٹس سے جاری ہونے والے مواد کی رسائی محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ یکم فروری 2021کو فو ج کی جانب سے میانمار کے اقتدار پر قبضے اور آنگ سان سوچی سمیت اہم سیاسی رہنماؤں کی نظر بندی کے بعد کی صورت حال میں کیا گیا ۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق فیس بک نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ وہ میانمار کی فوج کی جانب سے چلائے جانے والے تمام فیس بک اکاؤنٹس سے مواد کی شیئرنگ کو کم کر رہی ہے، فیس بک انتظامیہ کے مطابق یہ اکاؤنٹس مسلسل مس انفارمیشن پھیلانے میں مصروف ہیں۔

فیس بک کے مطابق یہ مکمل پابندی نہیں ہے ، محض مواد کی لوگوں تک رسائی محدود کی جا رہی ہے۔ اس پابندی کا اطلاق بنیادی طور پر میانمار کی فوج کے آفیشل پیج اور ترجمان کے زیر استعمال پیج پر ہو گا لیکن اس کے علاوہ بھی اگر فوج سے وابستہ کوئی فیس بک پیج فیس بک کی مس انفارمیشن پالیسی کی خلاف ورزی کرے گا ، وہ بھی اس پابندی کی زد میں آئے گا۔

فیس بک انتظامیہ نے کہا ہے کہ صارفین کو ایسے تمام فیس بک پیجز نیوز فیڈ میں دکھائی نہیں دیں گے۔ فیس بک انتظامیہ نے یہ بھی بتایاہے کہ میانمار کی حکومتی ایجنسیز کی جانب سے فیس بک سے مخصوص مواد ہٹانے کی درخواستیں (content-removal requests) بھی قبول کرنا روک دیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments