معاشرتی و اخلاقی اقدار سے بیزاری کی وجہ کیا ہے؟



معاشرتی اور اخلاقی اقدار کسی بھی معاشرے کی شناخت اور پہچان ہوتی ہیں، ہر معاشرے کی بنیاد کچھ اچھی روایات سے مل کر بنتی ہے۔ یہ اپنے لئے آئیڈیل قسم کے اصول وضع کرتا ہے اور پھر ضروری قرار دیتا ہے کہ اس پر عمل کیا جائے اور اپنی زندگیوں کا حصہ بنایا جائے۔

یہ اچھی اقدار ازل سے پسندیدہ سمجھی جا رہی ہیں اور ان کے خلاف عمل کرنے والے ناپسندیدہ افراد کہلاتے ہیں۔ کوئی بھی معاشرہ یا خاندان اپنی اخلاقی، ثقافتی اور معاشرتی اقدار سے ہی پہچانا جاتا ہے، یہی اقدار آپ کو دوسروں سے مختلف بناتی ہیں اور جن سے وہ پہچانے جاتے ہیں ۔

ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہمارا معاشرہ اچھے اصولوں اور عادات سے دور ہوتا جا رہا ہے اور ایسی شکست و ریخت کا شکار ہے کہ اللہ تعالیٰ ہی ہمارے حال پر رحم کرے۔ ہم نے یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا تھا لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم کہتے تو خود کو عظیم مسلمان ہیں ، لیکن ہم نے عظیم اسلامی اصولوں کو بھلا دیا ہے۔ ہمارے معاشرے میں وہ برائیاں در آئی ہیں جن کی بناء پر اللہ تعالیٰ نے قدیم قوموں پر عذاب نازل کیے تھے لیکن ہم بلاخوف و خطر یہ سب کچھ کر رہے ہیں۔

آج کل ہر طرف نفسا نفسی کا دور ہے ، سب لوگ اک نہ ختم ہونے والی دوڑ کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ لوگ مروت، احساس اور خلوص سے خالی ہوتے جا رپے ہیں۔ اس کی وجہ یہ دور نہیں بلکہ تربیت کا فقدان ہے۔

پہلے والدین بچوں کی تربیت پر بہت زور دیتے تھے۔ بڑوں کی عزت، احترام، چھوٹوں سے پیار ایمانداری، سچ، جھوٹ، حرام، حلال کی تمیز ، یہ ساری باتیں اپنے عمل سے سکھاتے تھے کیونکہ ایک بچہ کوئی بھی عمل سکھانے کی بجائے دیکھ کر جلدی سیکھ لیتا ہے۔ جیسے اکثر چھوٹے بچے جن کو ابھی نماز پڑھنی نہیں آتی، جب وہ اپنے بڑوں کو نماز پڑھتا دیکھتے ہیں تو ان کی طرح ہی رکوع اور سجود کرنے لگتے ہیں اور پھر آہستہ آہستہ پوری نماز سیکھ جاتے ہیں۔ باقی سب چیزوں میں بھی اہسا ہی ہوتا ہے۔

اسی طرح آج کل ہر کسی کے ہاتھ میں موبائل فون ہے، اس نے جہاں پوری دنیا کو سمیٹ لیا ہے وہیں ایک گھر کے رہنے والوں کو ایک دوسرے سے دور کر دیا ہے ۔ لوگ ایک ساتھ بیٹھ کر بھی اک دوسرے سے دور اپنے اپنے سیل فون میں مصروف نظر آتے ہیں۔ پہلے گھر کے بزرگ بچوں کو سبق آموز کہانیاں سنا کر ان کے اندر اچھے برے کا شعور پیدا کرتے تھے لیکن اب بچے سارا وقت کمپیوٹر اور سیل فون پر مصروف ہوتے ہیں۔

ہر نئی ایجاد کے اگر کچھ فائدے ہوتے ہین تو کچھ نقصان بھی ہوتے ہیں یہ ہم منحصر ہے ک ہم اس چیز کا استعمال کیسے کرتے ہیں جیسے چاقو پھل، سبزی کاٹنے کے کام آتا ہے لیکن کچھ لوگ اس سے کسی کی جان بھی لے لیتے ہیں۔ اسی طرح ہم ساری ذمہ داری مغربی معاشرے، یا اس دور پر نہیں ڈال سکتے ، ہمیں اچھے برے میں تمیز خود کرنی ہوتی ہے جو ہمارا خاندان اور اس کی تربیت ہمیں سکھاتی ہے۔

ہمارا دین یعنی اسلام ایک کامل ضابطۂ حیات اور قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے وہ مثالی منشور اور شاہراہ حیات ہے جس میں ہر شعبۂ زندگی سے متعلق امور کے بارے میں انسانیت کی بھرپور رہنمائی کی گئی ہے اور یہ خصوصیت اور امتیاز بنیادی طور پر صرف اور صرف دین کامل، اسلام کو حاصل ہے۔

اسلام میں جہاں عبادات، معاملات، حسن معاشرت، باہمی رویوں، حسن سلوک اور مکارم اخلاق کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ وہیں دینی، اخلاقی اور اسلام کی عطا کردہ خاندانی اقدار کو کلیدی اور بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ معلم اخلاق بنا کر مبعوث فرمائے گئے۔ آپﷺ کا پیغام، آپﷺ کی شریعت اور آپ ﷺ کا دین حسن اخلاق اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا علم بردار ہے۔ اس لحاظ سے اسلامی معاشرے میں حسن اخلاق، اعلیٰ اخلاقی و خاندانی اقدار کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

حسن معاشرت اخلاقی اقدار کی روح اور اس کی بنیاد ہے۔ والدین معاشرے میں بلند مقام رکھتے ہیں، اس کے بعد درجہ بہ درجہ معاشرے کے تمام افراد کے ساتھ اچھے اخلاق کا رویہ، حسن سلوک اور حسن معاشرت اسلامی معاشرے کی اساس اور بنیاد ہیں۔ جن پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم ایک بہتر اور مثالی انسانی معاشرے کی تشکیل کر سکتے ہیں۔