عمران، نواز، زرداری: سیاست کے تھری بِگز


ایک دور تھا جب بین الاقوامی سیاست میں ”تھری بگز“ ( THREE BIGS) کی طوطیاں بولتی تھیں۔ ہمارے ہاں بھی تھری بگز ہیں جن کی نہ صرف طوطیاں بولتی ہیں بلکہ وہ دوسروں کے طوطے اڑانے میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔ حروف کو دیکھیں تو ثابت ہو گا کہ جہاں عمران مکمل ہوتا ہے ، اس ”ن“ سے نواز شروع ہوتا ہے اور جس ”ز“ پہ نواز کی تکمیل ہے اسی ”ز“ سے زرداری کا آغاز ہے۔ اسی لیے زرداری سب پہ بھاری کی کہاوت مشہور ہے۔ شک نہیں کہ جو مقام، حمایت اور شہرت عمران خان کو ملی کسی اور کے حصے میں نہ آ سکی پر تکبر، عدم تدبر اور ناتجربہ کاری سے وہ اس رتبے کو سنبھال نہ پائے۔اچھے لوگوں کی موجودگی میں نا اہل وزراء کا تعین اور اپنے تمام وعدوں اور دعوؤں سے انحراف ناکامی کا موجب بنے۔

دوسری طرف جو زوال اور بحران نواز شریف پہ منڈلائے، ان کو بھگتنا عام آدمی کا کام کہاں؟ سیاسی نظام میں بری طرح پٹ جانے کے باوجود اپنے بیانیے کو چلا کر دکھایا اور ضمنی انتخابات میں اپنا وجود ثابت کیا۔ عمران تجاہل عمرانہ، تہلکہ، ہلچل، سونامی اور تبدیلی کے علم بردار ہیں۔ مگر یاد رہے جہاں عمران ختم ہوتا ہے وہیں سے نواز شروع ہوتا ہے جو دریائے سیاست کا مشاق غوطہ زن ہے۔

شاہراہوں کے اتنے جال پھیلا چکے کہ کسی اور کے پھیلائے جالوں سے ہرگز خائف نہیں۔ بڑے بڑے پلوں کے تجربات اور آشنائی سے پل صراط کا کھٹکا بھی جاتا رہا۔ ہزاروں سڑکیں پایہ تکمیل کو پہنچیں۔ البتہ وہ سڑک ابھی بھی زیر تعمیر ہے جس پر ایک سابق صدر کو گھسیٹا جانا تھا۔ ہمارے سیاسی نظام میں نواز کا اختتام زرداری کا آغاز ہے جنہوں نے مخالفت اور مفاہمت کو یکجا کرنے کی تھیوری دی ہے۔ مشکل حالات میں کھیلنا جانتے ہیں اور ان کے بغیر جمہوریت کو خطرات لاحق رہتے ہیں۔

حالیہ سینیٹ الیکشن کا بڑا اپ سیٹ ان کی سیاسی اکھاڑ پچھاڑ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پی ڈی ایم کو غیر آئینی حربوں سے روک کر ایوانوں میں اپنا الو سیدھا کر دکھایا اور ثابت کیا کہ لولی لنگڑی اور چھانگا مانگا جمہوریت بھی بہترین انتقام ہو سکتی ہے۔ مزے کی بات یہ کہ آج تحریک انصاف بھی دوسری جماعتوں والی تمام نا انصافیاں، دھاندلیاں، بدنظمیاں اور بے ضابطگیاں بدرجۂ اتم کر چکی ہے اور اس کے پاس بھی کچھ کہنے، کرنے اور دکھانے کو نہیں۔

پہلے دو کرپٹ تھے تو اب تین ہو چکے ہیں۔ خیر خان صاحب کو بھی باری لینے کی بڑی جلدی تھی۔ اگر دوسرے نا اہل، کرپٹ، قرض خور اور ڈنگ ٹپاؤ ہیں تو یہ ان سے کسی لحاظ سے کم نہیں رہے۔ پھر بھی ہمارا سیاسی نظام ان تھری بگز کے بغیر نامکمل ہے اور انہی کا سایہ دور دور تک صاف دکھائی دے رہا ہے۔ کیونکہ قدرت نے ہر بڑے کے حصے کے بے شمار بے وقوف جو پیدا کر رکھے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments