صادق سنجرانی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لیے قرآن پر حلف اٹھانے پر بھی تیار تھے: بلاول بھٹو


پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے آزاد سینیٹر صادق سنجرانی ان سے ملنے گھر آئے تھے۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے لیے مدد مانگتے ہوئے کہا تھا کہ منتخب ہونے کے بعد پیپلز پارٹی میں شامل ہوں گے۔ پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لیے صادق سنجرانی قرآن پر حلف تک اٹھانے کو تیار تھے۔ سنجرانی کو قرآن پر حلف اٹھانے سے منع کیا اور کہا آپ کی بات پر اعتبار ہے۔ صادق سنجرانی نے اپنے وعدے کی پاس داری نہیں کی۔

اسلام آباد میں سینیٹر اسلام الدین شیخ کی جانب سے عشائیہ دیا گیا، جس میں اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز سمیت بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی اس کے علاوہ یوسف رضا گیلانی اور عبدالغفور حیدری بھی عشائیے میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صادق سنجرانی نے چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے لیے مدد مانگی تھی۔ صادق سنجرانی نےکہا تھا وہ منتخب ہونے کے بعد پیپلز پارٹی میں شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا مفاد اسی میں ہے کہ سیاست دانوں کو مثبت کردار ادا کرنے دیا جائے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ڈی ایم کل سینیٹ میں کٹھ پتلی سرکار کا مقابلہ کرے گی۔ کسی صورت میں سینیٹ کا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین پی ٹی آئی سے نہیں ہو گا۔

Facebook Comments HS