خدا گم نہیں ہوا


آج کل سوشل میڈیا اور پرنٹ میڈیا پر امر جلیل صاحب کے افسانے ”خدا گم ہو گیا ہے“ کا بڑا چرچا ہے۔ کچھ لوگ اس کو ادبی شاہکار سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مصنف کو ایک بڑا فلسفی ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ اس کے برعکس اکثر لوگوں نے اس کو ایک گستاخانہ افسانہ قرار دیا ہے اور اسی وجہ سے جوش میں آ کر مصنف کا سر تن سے جدا کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

مجھے ان دونوں گروہوں سے اختلاف ہے کیونکہ افسانے میں کوئی ایسی بات نظر نہیں آئی جس کی وجہ سے یا تو اس کو ادبی شاہکار سمجھوں اور یا اس کو گستاخانہ قرار دے کر موصوف کو سزا دینے کا مطالبہ کروں۔

افسانے میں خدا سے عام سی باتیں اور گلے شکوے کیے گئے ہیں جن کے بارے میں اکثر لوگ سوچتے رہتے ہیں یا کم از کم سوچنا چاہتے ہیں۔ کچھ لوگ اس حوالے سے دوسروں کے ساتھ بھی گفت و شنید کرنا چاہتے ہیں لیکن اس ڈر کی وجہ سے خاموش رہتے ہیں کہ کوئی اس کو گستاخ سمجھ کر زندگی سے فارغ نہ کر دے۔

افسانہ اپنے موضوع کے حوالے سے قابل ستائش ہے کیونکہ اس موضوع پر کم ہی لکھا جاتا ہے۔ خاص طور پر اردو زبان کے قارئین اس موضوع سے بہت نابلد ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب اردو زبان نے اس کو اپنے دامن میں جگہ دی تو طرح طرح کے سوالات اٹھنے لگے۔

ہمارے ہاں خدا کی ایسی عکاسی کی جاتی ہے کہ وہ خدا کم اور ایک ڈکٹیٹر زیادہ معلوم ہونے لگتا ہے۔ اس حوالے سے ذہن سازی اس قدر مطلق انداز میں کی جاتی ہے کہ گود سے لے کر گور تک انسان کے ذہن میں خدا سے متعلق ایک ہی قسم کا خاکہ بنا رہتا ہے حالانکہ ایک روایت کے مطابق اللہ تعالی فرماتا ہے کہ میں اپنے بندے کے گمان کے ساتھ ہوں ( بخاری و مسلم) یعنی بندہ اپنے رب کے ساتھ جیسا ظن و گمان رکھتا ہے اس کے ساتھ ویسا ہی معاملہ ہوتا ہے۔

ہمیں اتنا ڈرایا دھمکایا جاتا ہے کہ خدا کے بارے میں سوچنے کا خیال آتے ہی جسم پر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں اور یوں لگتا ہے جیسے بہت بڑا گناہ سرزد ہوا ہو۔ یہی وجہ ہے کہ جب کوئی انسانوں کے عام چلن کے برعکس خدا کو دوست سمجھتے ہوئے اس سے باتیں کرنے لگتا ہے تو باقی انسان اس کو خدا سے بغاوت سمجھنے لگتے ہیں اور اس کو بہرصورت روکنے کی ٹھان لیتے ہیں۔

خدا کا خوف اپنی جگہ لیکن سچ تو یہ ہے کہ ایک خوف خوف خدا سے بھی بڑھ کر ہے۔ وہ ہے خدا کے بندوں کا خوف۔ لوگ خدا یا اس کے عذاب سے اتنے نہیں ڈرتے جتنے وہ خدا کے بندوں سے ڈرتے ہیں۔ یہ جو زمین پر بڑے شریف، متقی اور عاجز بنے پھر رہے ہیں، ان کے ہاتھ میں ذرا سی طاقت اور اختیار دے دو، پھر دیکھ لو کہ کیا گل کھلاتے ہیں۔ لوگ وہ زندگی نہیں جی رہے جو وہ جینا چاہتے ہیں بلکہ وہ زندگی جی رہے ہیں جو معاشرے کو قابل قبول ہے اور جس کی وجہ سے ان کو زندہ رہنے دیا جا رہا ہے۔ اگر تھوڑی سی سنجیدگی کے ساتھ اپنے آپ پر اور پھر دوسرے انسانوں کے رویوں پر غور کر لیا جائے تو یہ دنیا ایک اسٹیج لگے گی اور اس کے باسی بہت ہی بڑے اداکار!

اوپر والا نیچے والوں کے مقابلے میں اتنا سمجھدار، رحمان اور رحیم ہے کہ دونوں کا موازنہ کرنا تو دور کی بات، اس بارے میں سوچنا بھی بالکل بے تکی بات ہے۔ لوگوں کو پتا ہوتا ہے کہ وہ چاہے بہت ہی بڑے گناہ گار کیوں نہ ہوں، ان کے خالق کا ظرف اتنا ہے کہ وہ ان کو معاف کر دے گا لیکن ساتھ یہ بھی خوب جانتے ہیں کہ یہ زمین پر چلنے پھرنے والے ایسے نہیں ہیں۔ گوشت پوست کی یہ مخلوق کبھی کبھار اپنی حد سے اس قدر تجاوز کر لیتی ہے کہ خود خدا بن جاتی ہے۔ سزا و جزا کے وہ فیصلے کرنے لگتی ہے جو صرف اور صرف خدا نے کرنے ہوتے ہیں۔

خدا اور بندوں کے درمیان انسانوں کی سزا، جزا یا تقدیر کے حوالے سے معلومات کا کوئی تبادلہ نہیں ہوتا اور نہ ہی خدا بندوں سے اس معاملے میں کوئی تعاون طلب کرتا ہے۔ اس لیے اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ایک انسان خدا کے ہاں تو شاید جنتی ہوتا ہے لیکن خدا کے بندے دوزخی قرار دے کر دنیا ہی میں اس کے لیے جہنم کا اچھا خاصا انتظام کر لیتے ہیں۔

خود کو بہت زیادہ نیک اور مذہب پسند سمجھنے والوں میں اکثر ایک بہت بڑی خامی ہوتی ہے۔ جس قدر یہ خود کو خدا کے قریب سمجھتے ہیں اس قدر یہ خدا کو اپنی ذاتی ملکیت سمجھتے ہیں۔ یہ اس غلط فہمی میں مبتلا رہتے ہیں کہ خدا کا ان کے ساتھ کوئی خاص اور امتیازی رشتہ ہے۔ چند عبادات کیا بجا لاتے ہیں کہ معاملات میں خود کو خودمختار سمجھنے لگتے ہیں۔ یہ بات بھول جاتے ہیں کہ خدا صرف ہمارا ہی نہیں ہے بلکہ باقی انسانوں کا بھی ہے۔ بھول جاتے ہیں کہ باقی انسانوں کا بھی خدا پر اتنا ہی حق ہے جتنا ان کا ہے اور یہ کہ خدا کے لیے سارے انسان برابر ہیں۔ اگر فرق ہے تو صرف تقویٰ کی بنیاد پر ہے لیکن خدا نے بندوں کو یہ اختیار نہیں دیا ہے کہ وہ آپس میں ایک دوسرے کا تقویٰ ماپیں یا اس کی بنیاد پر ایک دوسرے کی جزا و سزا کا فیصلہ کریں۔

جب تک ایک انسان معاملات میں ٹھیک ہو اور اس کی وجہ سے باقی انسانوں کو کوئی تکلیف نہ ہو تو تب تک اس کو پورا پورا حق ہے کہ وہ اپنی مرضی کے نظریات رکھے اور مرضی کی زندگی جی لے۔ ہمیں کسی کی انتہائی ذاتی زندگی میں دخل اندازی کا یا کسی پر اپنے نظریات مسلط کرنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔

نطشے کہتا ہے کہ خدا مر گیا ہے جبکہ امر جلیل صاحب سمجھتے ہیں کہ خدا گم ہو گیا ہے۔ اور بہت سارے لوگوں نے بھی یہی سمجھا ہے تبھی تو وہ خدا بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ خدا گم نہیں ہوا ہے بلکہ ازل سے موجود ہے اور ابد تک موجود رہے گا۔ اس لیے خود خدا بن جانے کے بجائے خدا کا کام خدا ہی کو کرنے دینا چاہیے۔

کسی کو بھی یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی دوسرے سے وہ آزادی چھین لے جو خود خدا نے اس کو دی ہے۔ انسان کو اتنا پابند سلاسل نہ کیا جائے کہ وہ اپنے ہی خالق سے گلے شکوے نہ کر سکے، سوالات نہ پوچھ سکے اور جستجو کر کے اس کی پہچان نہ کر سکے۔ اگر انسان اپنے وجود، مقصد تخلیق، فلسفۂ حیات، قضیۂ مکان و لامکاں، ہنگامۂ ہست و نیست اور اس طرح اور بہت سارے گورکھ دھندے خدا سے ڈسکس نہ کرے تو کیا اپنی ہی جیسی مخلوق سے ڈسکس کرے جو خود خدا کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھا رہی ہے؟

امر جلیل صاحب کے افسانے سے معلوم ہوتا ہے کہ خدا کے ساتھ ان کی اچھی خاصی بے تکلفی تھی۔ اس لیے ان کا اتنی جلدی مایوس ہو جانا سمجھ سے باہر ہے۔ وہ اگر اپنی تلاش جاری رکھ لیں تو ایک نہ ایک دن ضرور خدا کو پا لیں گے۔ دوسروں کے تجربات، علم اور نتائج سے استفادہ ضرور کر لینا چاہیے لیکن اس پر بس نہیں کرنا چاہیے۔ ہر دم اپنی ذاتی جستجو جاری رکھنی چاہیے کیونکہ ضروری نہیں ہے کہ سب کو ایک سا جواب مل جائے۔

کیا فرض ہے کہ سب کو ملے ایک سا جواب
آؤ نہ ہم بھی سیر کریں کوہ طور کی


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments