حسن علی ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست


حسن علی

حسن علی نے اپنے 24 ویں ون ڈے انٹرنیشنل میں وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کی ہے

پاکستان کے میڈیم فاسٹ بولر حسن علی ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

عالمی کرکٹ کونسل کی جانب سے جمعے کو جاری کی گئی تازہ ترین فہرست کے مطابق حسن علی 743 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بولنگ کا حساب دان حسن علی

کوچ کے پلان پر عمل کیا، فرق سب کے سامنے ہے: حسن علی

گذشتہ فہرست میں وہ ساتویں پوزیشن پر تھے اور حالیہ میچوں میں ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت ان کی درجہ بندی میں چھ درجوں کی بہتری آئی ہے۔

وہ اس سال پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے پانچویں بولر بن گئے ہیں، اس سے قبل سرفہرست بولروں میں ٹرینٹ بولٹ، عمران طاہر، کاگیسو ربادا اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

پاکستان کی سری لنکا کے خلاف حالیہ ایک روزہ سیریز میں بھی حسن علی کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے۔

23 سالہ حسن علی سری لنکا کے خلاف جاری ایک روزہ سیریز میں اب تک نو وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

انھوں نے سری لنکا کے خلاف ابوظہبی میں ہونے والے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں بیک وقت تین اہم سنگ میل بھی عبور کیے ہیں۔

اس میچ میں انھوں نے نہ صرف اپنے کریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں لی تھیں بلکہ وہ اس سال ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بھی بن گئے ہیں۔

اس کے ساتھ انھوں نے سب سے کم ون ڈے میچوں میں وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کرنے والے پاکستانی بولر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

حفیظ

آل راؤنڈرز کی فہرست میں پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے

حسن علی نے اس میچ میں 34 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اس طرح اس سال ان کی 16 ون ڈے میچوں میں وکٹوں کی تعداد 40 ہوگئی ہے اس طرح وہ افغانستان کے راشد خان اور انگلینڈ کے لیئم پلنکٹ سے آگے نکل گئے ہیں۔

حسن علی کی 34 رنز کے عوض پانچ وکٹوں کی یہ کارکردگی ان کے کریئر کی بہترین بولنگ بھی ہے۔ اس سے قبل ان کی سب سے بہترین بولنگ 38 رنز کے عوض پانچ وکٹ تھی جو انہوں نے اس سال ویسٹ انڈیز کے خلاف دکھائی تھی۔

حسن علی نے اپنے 24 ویں ون ڈے انٹرنیشنل میں وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کی اور یوں انھوں نے وقاریونس کا 27 ون ڈے میچوں میں پچاس وکٹیں مکمل کرنے کا پاکستانی ریکارڈ بھی توڑا۔

حسن علی نے اپنے ایک روزہ کریئر کا آغاز اگست 2016 میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں کیا تھا اور وہ اب تک 24 میچوں میں 51 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

دوسری جانب آل راؤنڈرز کی فہرست میں پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

محمد حفیظ نے پہلی بار یہ اعزاز جنوری 2013 میں حاصل کیا تھا اور نو بار انھیں نمبر ایک آل راؤنڈر قرار دیا جا چکا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستانی بلے باز بابر اعظم کی درجہ بندی میں بھی بہتری آئی ہے اور وہ اب چوتھے نمبر پر ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32468 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp