پاکستان بمقابلہ زمبابوے پہلا ٹیسٹ: زمبابوے 176 آل آؤٹ، پاکستان 103 رنز پر کوئی آؤٹ نہیں

عبدالرشید شکور - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی


زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر جب بابر اعظم کے ساتھ ٹاس کے لیے جا رہے تھے تو یقیناً اُنھیں 2013 کی وہ جیت یاد آ گئی ہوگی جب ان ہی کی قیادت میں زمبابوے نے پاکستان کو صرف 24 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز برابر کر دی تھی۔

ُاس حیران کن شکست سے دوچار ہونے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق تھے جو ہرارے کے اسی ڈریسنگ روم میں آج پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر موجود ہیں اور کسی طور نہیں چاہیں گے کہ تاریخ دوہرائی جائے۔

وہ اپنی کوچنگ میں ملک سے باہر پہلی ٹیسٹ فتح کے شدت سے منتظر ہیں کہ جو کام آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں نہ ہوسکا وہ اب زمبابوے میں ممکن ہوجائے۔

شاہین آفریدی اور حسن علی کو کون جھیلے؟

زمبابوے کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے دن دو سیشنز کی بیٹنگ میں 176 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اس پر اس لیے بھی حیرت نہیں ہونی چاہیے کہ یہ ٹیم اپنے کپتان شان ولیمز، تجربہ کار بیٹسمین سکندر رضا اور کریگ ارون کے بغیر میدان میں اتری ہے۔

اس کے 11 میں سے تین کھلاڑی اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں اور بقیہ آٹھ کھلاڑیوں کے کل مِلا کر صرف 81 ٹیسٹ میچوں میں برینڈن ٹیلر کی چھ سنچریوں کے علاوہ صرف ایک بیٹسمین ریگیز چکبوا ٹیسٹ میں سنچری بنانے میں کامیاب ہوسکے ہیں۔

پہلے ہی سیشن میں چار وکٹوں کے گرنے سے زمبابوے کی ٹیم بیک فٹ پر آ چکی تھی۔

حسن علی نے کیون کسوزا کو کھاتہ کھولنے کا موقع ہی نہیں دیا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آرام کے بعد تازہ دم شاہین آفریدی کی گیند پر پرنس مسواؤرے کے کیچ کے لیے سلپ میں ہر لمحہ مستعد عمران بٹ تیار تھے۔

بابر اعظم نے سپن بولنگ متعارف کروائی تو نعمان علی نے اپنے چوتھے اوور کی پہلی گیند پر موزا کاندا کے بیٹ اور پیڈ میں سے جگہ بناتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

نعمان علی اگلے اوور میں ملٹن شومبا کو بھی صفر پر آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوجاتے اگر بابراعظم سلپ میں کیچ نہ گراتے۔ بابراعظم نے شومبا کا ایک اور کیچ فہیم اشرف کی گیند پر بھی گرایا، جب وہ 27 رنز پر تھے۔

میزبان ٹیم کی سب سے بڑی امید کپتان برینڈن ٹیلر سے تھی لیکن حسن علی کی گیند پر تیسری سلپ میں فہیم اشرف کے کیچ نے زمبابوے کے ڈریسنگ روم میں مایوسی کو اپنی انتہا پر پہنچا دیا۔

عمران بٹ اس وقت دوبارہ ایکشن میں آئے جب ان کی تھرو پر ساجد خان نے وکٹیں اڑا کر ملٹن شومبا کو رن آؤٹ کر دیا جو روئے کائیا کے ساتھ نصف سنچری کی شراکت بنا چکے تھے۔

روئے کائیا ایک اینڈ بچائے ہوئے تھے لیکن 48 کے سکور پر اُنھیں حسن علی نے ایل بی ڈبلیو کر دیا اور پھر اگلے اوور میں اُنھوں نے سلپ میں عمران بٹ کے ایک اور کیچ کی بدولت ریگیز چکبوا کی وکٹ بھی حاصل کر ڈالی۔

عمران بٹ تین ٹیسٹ میچوں میں اب تک آٹھ کیچ لے چکے ہیں اور ان کی سلپ کیچنگ نے ماجد خان، جاوید میانداد، اقبال قاسم اور یونس خان کی یاد دلا رکھی ہے۔ انتظار اس بات کا ہے کہ وہ بیٹنگ میں بھی اپنا انتخاب درست ثابت کریں۔

دوسرے سیشن میں شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ زوروں پر رہی اور اُنھوں نے صرف 15 گیندوں پر تین وکٹیں حاصل کر ڈالیں۔

پاکستان کی اننگز میں کیا ہوا؟

پاکستانی ٹیم کو آخری سیشن میں بیٹنگ کے لیے 30 اوورز ملے تھے جس میں دونوں اوپنرز عمران بٹ اور عابد علی اعتماد سے کھیلتے ہوئے سکور 103 تک پہنچانے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

پاکستانی ڈریسنگ روم میں بیٹھے کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے یقیناً عابد علی کی نصف سنچری پر سکون کا سانس لیا تھا جو گذشتہ سال ساؤتھمپٹن میں نصف سنچری کے بعد سے 10 اننگز میں بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے تھے۔

عمران بٹ اپنی ڈیبیو سیریز کی چار ناکام اننگز کا ازالہ کرتے ہوئے نصف سنچری کے قریب پہنچ چکے تھے۔

زاہد محمود کے بجائے ساجد خان

کل تک ہر جگہ اسی بات کے چرچے تھے کہ یاسر شاہ کی غیرموجودگی میں لیگ سپنر زاہد محمود ٹیسٹ میچ کھیلیں گے لیکن میچ کی صبح یہ ʹٹیسٹ کیپʹ آف سپنر ساجد خان کے سر پر سج گئی۔

ستائیس سالہ ساجد خان کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے اور اس سیزن کی قائدِ اعظم ٹرافی میں اُنھوں نے 11 میچوں میں 67 وکٹیں حاصل کر کے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے سکواڈ میں جگہ بنائی تھی تاہم اس ٹیسٹ سیریز میں نعمان علی کو کھیلنے کا موقع مل گیا تھا۔

حسن علی ہر فارمیٹ میں یکساں مؤثر

حسن علی کو کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان کے ہاتھ میں سفید گیند ہے یا سرخ، اُنھیں ہر فارمیٹ میں وکٹیں لینے کا فن آتا ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لینے کے بعد وہ چند روز قبل زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں چار وکٹیں حاصل کر کے مین آف دی میچ رہے تھے اور آج ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی دن وہ چار وکٹوں کی قابل ذکر کارکردگی کی وجہ سے نمایاں رہے۔

سوشل میڈیا پر تبصرے

ٹوئٹر پر ایک صارف نعیمہ نے لکھا ‘اگر آپ کو ایک وکٹ چاہیے تو آپ حسن علی کی طرف دیکھیں۔ آج تو وہ چار وکٹیں لے چکے۔’

اکبر علی نے لکھا ‘زاہد محمود نہیں۔ تابش خان نہیں۔ سعود شکیل نہیں۔ ان کا کب موقع ملے گا؟ کوئی نہیں جانتا۔’

ایک صارف نے لکھا کہ مصباح الحق مسکرا رہے ہیں کیونکہ اوپنرز کی اتنی بڑی شراکت عید کے چاند جیسی نایاب ہے۔

https://twitter.com/pdubdevil/status/1387790174688579587

ایک صارف سعد نے لکھا ‘کامران اکمل کہہ رہے ہیں کہ میں نے آج بابر اعظم سے بات کی تھی۔’

بظاہر ان کا اشارہ بابر اعظم کے ڈراپ کیچز کی طرف تھا کیونکہ کامران اکمل نے بھی اپنے کریئر میں کئی اہم مواقع پر کیچز گرائے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32506 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp