انسٹاگرام پر یہ ’سب سے مقبول پرندہ‘ کیوں ہے؟

وکٹوریا گِل - نامہ نگار برائے سائنس، بی بی سی

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

اکثر کسی سائنسی تحقیق میں آپ ’انسٹاگرام ایبل (انسٹاگرام پر مقبول)‘ جیسا عنوان نہیں پڑھ پاتے۔

لیکن حال ہی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں یہ سوال کیا گیا ہے کہ ’کون سے پرندوں کی تصاویر بہترین ہوتی ہیں اور اس کی وجہ کیا ہے؟‘ اس میں بتایا گیا کہ اُلو کے ایک دور کے رشتہ دار فراگ ماؤتھ کی تصاویر باقی پرندوں کی نسبت انسٹاگرام پر زیادہ مقبول ہوتی ہے۔

فراگ ماؤتھ (یعنی مینڈک کی شکل کا پرندہ) عموماً برصغیر کے حصوں میں پایا جاتا ہے اور لوگ اسے اُلو ہی سمجھتے ہیں۔

پھر اس تحقیق کے نتائج کو محققین نے ’ستم ظریفی‘ قرار دیا کیونکہ اس نسل کے شب بیدار پرندوں کو اکثر بدصورت سمجھا جاتا ہے۔

انسٹاگرام پر جانوروں کی فوٹوگرافی کے لاکھوں مداحوں نے اس فراگ ماؤتھ کی تصاویر کو پسند کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سر جوڑے ہزاروں پینگوئن اور چیونٹیوں کی ’دفاعی‘ دیوار

درخت سے بغل گیر شیر اور بندر کا پرسکون انداز

’انجیر لگی بندر کے ہاتھ‘

دولہا دلہن کی وائرل ہونے والی تصویر جب کھینچی گئی تو ’شیر وہاں موجود نہیں تھا‘

اس سے محققین بھی حیران ہیں۔ اس تحقیق میں جانوروں کی تصاویر پر ’لائیک‘ لینے کے کچھ گُر بتائے گئے ہیں۔

جرمنی میں یونیورسٹی آف کونسٹانز کی سائیکالوجسٹ اور تحقیق کی سربراہ کیٹجا تھومس کہتی ہیں کہ ’اپنے چہرے کی خصوصیات کی بنا پر یہ (اُلو) کسی اور پرندے جیسا نہیں دکھتا۔‘

’فراگ ماؤتھ کافی نایاب ہوتے ہیں۔ ہماری 20 ہزار تصاویر کے ڈیٹا بیس میں اس کی صرف 65 تصاویر سامنے آئیں۔ مجھے لگتا ہے کہ شاید پرندوں میں دلچسپی لینے والے افراد اس کے ہر دیدار پر ڈھیروں لائیکس دیتے ہیں۔‘

پرندے

BBC
ڈاکٹر تھومس کے مطابق گہرے رنگوں والے پرندوں کی تصاویر زیادہ پسند کی جاتی ہیں

ڈاکٹر تھومس خود بھی ایک فوٹوگرافر ہیں۔ انھوں نے اس حوالے سے تحقیق کی ہے کہ بہترین تصاویر کی کیا خصوصیات ہوتی ہیں۔ انھوں نے ہر نسل کے پرندے کی تصاویر پر ملنے والے لائیکس کی مدد سے ان کی درجہ بندی کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’یہ تحقیق کا بہترین شعبہ ہے۔ یہاں دنیا بھر سے انگنت صارفین تصاویر کی مدد سے رابطے قائم کرتے ہیں۔‘

انھیں معلوم ہوا ہے کہ رنگ برنگے بال و پر والے پرندوں کی درجہ بندی بہتر رہی۔ سائیکالوجی سے متعلق جریدے آئی پرسیپشن میں وہ اپنے تحقیق میں لکھتی ہیں کہ ’ٹراکو اور ہد ہد کے سر پر تاج نما بال ہوتے ہیں اس لیے انھیں زیادہ لائیکس ملتے ہیں۔‘

اب تک گہرے نیلے رنگ کے پرندے سب سے پُرکشش مانے گئے ہیں۔ دیگر تحقیقات میں بھی نیلے رنگ کی مقبولیت کو تسلیم کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ سیاحت سے متعلق تصاویر میں لوگ ان سے متاثر ہوتے ہیں۔

مثلاً آپ نے بھی یقیناً کبھی نہ کبھی نیلے پانی والے ساحلِ سمندر، نیلا آسمان یا دھوپ کی روشنی سے چمکتے سمندر کے پانی کی تصاویر کو لائیک ضرور کیا ہوگا۔

جبکہ سمندری پرندوں کو اس تحقیق میں زیادہ پُرکشش نہیں سمجھا گیا۔ فہرست کے آخری حصے میں ’کم پُرکشش پرندوں‘ کا شمار کیا گیا جن میں سینڈ پائپر چڑیا، اویسٹر کیچر، بگلے اور گدھ شامل ہیں۔

تاہم وائلڈ لائف فوٹوگرافر گریم پردی کا کہنا ہے کہ جو تصاویر زیادہ شیئر یا لائیک کی جائیں ان سے مراد یہ نہیں کہ پرندے اتنے ہی خوبصورت بھی ہیں۔

وہ اپنی کھینچی گئی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی لگاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’کوئی بھی پُرکشش یا پیاری چیز انسانی فطرت کو متاثر کرتی ہے، جیسے بڑی آنکھیں۔‘

گریم کو حال ہی میں سونی ورلڈ فوٹوگرافی ایوارڈز سے نوازا گیا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ ایسی تصاویر اپنے انسٹاگرم پر لگاتے ہیں جن پر لوگ زیادہ ردعمل دے سکتے ہیں۔

’انسٹاگرام پر لوگ بڑی بلیاں (یعنی شیر) اور ہاتھی پسند کرتے ہیں مگر بعض اوقات مجھے کسی نیولے کی تصویر بہت اچھی لگتی ہے لیکن اس پر کوئی لائیک نہیں آتا۔‘

’اس لیے خوبصورت اور مقبول تصاویر کو یکساں نہیں سمجھا جاسکتا۔‘

اس رائے سے انسٹاگرام کے اعداد و شمار بھی اتفاق رکھتے ہیں۔ انسٹاگرام پر سب سے مقبول وائلڈ لائف فوٹوگرافر کے 69 لاکھ فالوورز ہیں۔ جبکہ ایک خوبصورت پومیریئن کتے (جس کا نام جِف پوم ہے) کو ایک کروڑ سے زیادہ لوگ فالو کرتے ہیں۔

کئی لوگوں کی طرح میں نے سوشل میڈیا پر بہت وقت گزارا ہے اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ دنیا کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ اب میرے کتے کا بھی اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہے۔

وائلڈ لائف فوٹوگرافی، خاص کر پیارے جانوروں کی تصاویر، کی مدد سے لوگ تلخ حقیقتوں سے دھیان بٹا پاتے ہیں۔

انسٹاگرام پر اب ایسے کئی وائلڈ لائف فوٹوگرافی کے اکاؤنٹ ہیں جو جانوروں اور پرندوں سے متعلق لوگوں کی آگاہی بڑھاتے ہیں۔ گذشتہ سال دی ایکالوجی پروجیکٹ نامی ادارے نے ان فوٹوگرافرز کی فہرست جاری کی تھی جو اپنی تصاویر کی مدد سے ’سماج میں مثبت سوچ کو فروغ‘ دیتے ہیں۔

ڈاکٹر تھومس کہتی ہیں کہ ’صرف وائلڈ لائف کی تصاویر دیکھ کر لوگوں پر کافی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، خاص کر اِن وقتوں میں۔‘

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 18859 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp