مالی سے تعلق رکھنے والی خاتون کے ہاں ایک ساتھ نو بچوں کی پیدائش


مالی سے تعلق رکھنے والی ایک 25 سالہ خاتون نے ایک ساتھ نو بچوں کو جنم دیا ہے۔

ڈیلیوری سے قبل ہونے والے سکینز کے بعد ڈاکٹروں نے سات بچوں کی خبر دی تھی تاہم جب پیدائش کا وقت آیا تو وہ سات کے بجائے نو تھے۔

حلیمہ سیسی نامی خاتون نے مراکش کے ایک ہسپتال میں ان بچوں کو جنم دیا ہے۔ حلیمہ کا تعلق مالی سے ہے لیکن انھیں خصوصی نگہداشت کے لیے طیارے کے ذریعے مراکش لے جایا گیا تھا تاکہ انہیں بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

مالی کے وزیر صحت نے بتایا کہ پیدا ہونے والے بچوں میں پانچ لڑکیاں اور چار لڑکے ہیں جو سی سیکشن کے ذریعے پیدا ہوئے ہیں۔ وزیر صحت کے مطابق نومولود بچوں کی صحت جو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

کسی خاتون کا بیک وقت نو بچوں کو جنم دینا عام بات نہیں ہے۔ اس نوعیت کے کیسز میں پیدائش کے دوران اور اس کے بعد ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث بعض بچوں کی موت ہو جاتی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مراکش کی وزارت صحت کے ترجمان راشد کودھاری نے کہا کہ انھیں اس سے پہلے اپنے ملک کے کسی بھی ہسپتال میں بیک وقت نو بچوں کی ولادت کا علم نہیں ہے اور شاید یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

گلی میں زچگی: ’بچوں کے رونے کی آواز پر اتنی خوشی ہوئی کہ بیان نہیں کر سکتا‘

نومولود بچوں کے پانچ بڑے مسائل جن کا سامنا تقریباً ہر ماں کو ہوتا ہے

پاکستان میں بچے کی پیدائش پر کتنا خرچ آتا ہے؟

مالی کے وزیر صحت نے اس کیس کے خوشگوار نتائج پر مراکش اور مالی کی میڈیکل ٹیموں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حلیمہ سیسی کے سات بچوں کے ساتھ حاملہ ہونے کی خبر نے کافی افراد کو متوجہ کیا تھا اور یہ ایک زیر بحث موضوع بن گیا تھا۔

مالی میں موجود ڈاکٹرز حلیمہ کی فلاح و بہبود اور بچوں کی زندہ بچ جانے کے امکانات کی فکر میں مبتلا تھے اور اسی باعث حکومت اس کیس پر خاص توجہ دے رہی تھی۔

مالی کے دارالحکومت باماکو کے ایک ہسپتال میں دو ہفتے قیام کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ حلیمہ کو 30 مارچ کو مراکش منتقل کر دیا جائے تاکہ انھیں بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

مراکش کے ایک کلینک میں پانچ ہفتوں کے قیام کے بعد حلیمہ نے منگل کو نو بچوں کو جنم دیا۔

امید کی جا رہی ہے آئندہ چند ہفتوں میں ماں اور بچوں کو واپس مالی لایا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp