کرونا:کپتان! گھبرانا نہیں
یوسف رضا گیلانی کے ہاتھوں 3 مارچ 2021 کے دن ڈاکٹر حفیظ شیخ کی شکست نے عمران خان صاحب کو حیران کر دیا تھا۔ قومی اسمبلی کے اراکین کی اکثریت کی حمایت کی بدولت ہی وہ وزیر اعظم کے منصب پر فائز ہیں۔ اسی ایوان میں تاہم سینٹ کی ایک نشست کے لئے ان کے نامزد کردہ امیدوار کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیراعظم یہ سوچنے کو مجبور ہو گئے کہ وطن عزیز میں سازشوں کے ذریعے حکومتوں کو عدم استحکام کا شکار بنانے والے ان کے خلاف بھی متحرک ہو گئے ہیں۔ کرکٹ کی وجہ سے کرشمہ ساز مشہور ہوئے عمران خان کو مگر گھبرانے کی عادت نہیں۔
بنیادی طور پر فاسٹ باؤلر ہیں۔ ”وکٹ اڑانا“ فقط اپنا حق شمار کرتے ہیں۔ طیش کے عالم میں یاد دلانا شروع ہو گئے کہ بطور ”کپتان“ وہ ”اننگز“ کو ازخود (ڈیکلئر) کرنے کے عادی رہے ہیں۔ کسی اور کا دباؤ انہیں ”پچ“ سے باہر جانے کو مجبور نہیں کر سکتا۔ کرکٹ سے مستعار لئے استعارے کے ذریعے پیغام انہوں نے یہ دیا کہ سازشیوں کو مزید کھیلنے نہیں دیں گے۔ قومی اسمبلی کی تحلیل کی راہ پر چلتے ہوئے نئے انتخابات یا اننگز کی تیاری شروع کردیں گے۔ ان کے بہی خواہ اس پیغام سے گھبرا گئے۔
حفیظ شیخ کی شکست کے تین دن بعد قومی اسمبلی سے اعتماد کا ازسرنو ووٹ بھی عمران خان صاحب کو مطمئن نہیں کرپایا۔ اصرار یہ بھی ہوا کہ ان کے نامزد کردہ صادق سنجرانی کو یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں ہر صورت سینٹ کا چیئرمین منتخب کروایا جائے۔ گیلانی صاحب کی حمایت میں ڈالے گئے سات ووٹوں کو مسترد ٹھہرا کر ان کی یہ خواہش بھی پوری کردی گئی۔ کئی خوش فہم لوگوں کو گماں تھا کہ یوسف رضا گیلانی اپنے ساتھ ہوئی ”زیادتی“ کو برداشت نہیں کر پائیں گے۔ وہ مگر خاندانی ”مخدوم“ ہیں۔ ”نذرانہ“ اکثر ان کا جی بہلا دیتا ہے۔ ”باپ“ نامی سیاسی جماعت سے بچھڑے چند اراکین سینٹ نے انہیں ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف کا منصب دلوا کر راضی کر لیا۔
عمران خان صاحب کو مگر اطمینان پھر بھی نصیب نہیں ہوا۔
ان کی جماعت کی ٹکٹ پر منتخب ہوئے گیارہ اراکین اسمبلی جہانگیر ترین کو ”احتساب“ سے بچانے کے لئے متحرک ہو گئے۔ پنجاب اسمبلی میں بھی ”بغاوت“ کی لہر چل پڑی۔ تحریک انصاف کی صفوں میں ہلچل کے ساتھ سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے نے عزت مآب فائزعیسیٰ صاحب کے خلاف بہت محنت سے بنائے ایک ریفرنس کو بھی کوڑے دان میں پھینک دیا۔ وہ فیصلہ آیا تو ایف آئی اے کے سابق سربراہ ٹی وی سکرین پر عمران خان صاحب کو منتقم مزاج ثابت کرنے کے لئے جھوٹی سچی کہانیاں بیان کرنا شروع ہو گئے۔ چل چلاؤ کا ماحول بناتی اس ہلچل کے دوران کراچی سے قومی اسمبلی کی ایک نشست کے لئے ضمنی انتخاب بھی ہو گیا۔ وہ نشست جسے تحریک انصاف کے طرح دار فیصل واوڈا نے نواز شریف کے بھائی اور ان کے نام سے منسوب ہوئی جماعت کے صدر کو ہرا کر جیتی تھی عمران حکومت کے ہاتھوں سے نکل گئی۔ تحریک انصاف کا امیدوار بلکہ پانچویں نمبر پر رہا۔
ان تمام واقعات نے باہم مل کر عمران خان صاحب کو قائل کر دیا ہے کہ ”سازش“ وقتی طور پر ذرا سستانے کے بعد اب بیک وقت کئی محاذوں پر تازہ ہتھیاروں کے ساتھ حملہ آور ہو چکی ہے۔ اس کا تدارک اب فقط قومی اسمبلی کی تحلیل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اسد عمر کے ذریعے لہٰذا ارادے کا اظہار کر دیا گیا ہے۔
روایتی اور سوشل میڈیا پر چھائے ”ذہن ساز“ اصرار کر رہے ہیں کہ عمران خان صاحب کو بخوبی علم ہے کہ موجودہ حالات میں نئے انتخابات ہوئے تو ان کی جماعت کو شاید کئی نشستوں کے لئے امیدوار بھی نہ ملیں۔ ”اننگز“ کو ”ڈیکلئر“ کرنے کی گفتگو کرتے ہوئے وہ درحقیقت ”سازشیوں“ کو ”ہم تو ڈوبے ہیں صنم۔ تم کو بھی۔“ والا پیغام دے رہے ہیں۔
ان کے بہی خواہ ایسے پیغام سے پریشان ہو جاتے ہیں۔ اسی باعث اب بندوبست یہ ہو رہا ہے کہ وزیر اعظم صاحب سعودی عرب کے دورے پر تشریف لے جائیں۔ پاک۔ سعودی تعلقات میں جو سردمہری نظر آ رہی تھی اس دورے کی وجہ سے ختم ہوتی نظر آئے گی۔ ان کے دورے کی بدولت برادر ملک کی جانب سے چند ایسے اقدامات کا اعلان بھی ہو سکتا ہے جو عمران حکومت کو آئی ایم ایف کے احکامات نظرانداز کرتے ہوئے ایسا بجٹ بنانے میں آسانیاں فراہم کردیں گے جسے ”عوام دوست“ پکارا جاسکے۔ اس کی وجہ سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافہ نہیں کرنا پڑے گا۔ پیٹرول بھی مارکیٹ میں کم از کم موجودہ نرخوں پر ہی میسر رہے گا۔
”عوام دوست“ بجٹ کا یقینی نظر آنا عمران خان صاحب کو نئے انتخاب والا دشوار راستہ اختیار کرنے سے باز رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ٹھوس اطلاعات تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے میں یہ طے کرنے سے ہرگز قاصر ہوں کہ عمران خان صاحب کا دورۂ سعودی عرب کس حد تک کامیاب رہے گا۔ یہ بیان کرنا بھی میرے لئے ممکن نہیں کہ کئی مہینوں تک جاری رہی ”سردمہری“ اچانک ”گرم جوشی“ میں کیوں بدل جائے گی۔ دور حاضر میں ایسے سوالات کے جواب ڈھونڈنا ”صحافی“ کی ذمہ داری نہیں رہی۔ ہمارے فیصلہ ساز جو بتائیں اسے اب سرجھکا کر سنا جاتا ہے۔ تجسس اور شک ویسے بھی محبان وطن کا شیوہ نہیں۔ صاحبوں کے بیان کردہ الفاظ کو ”منشی“ فقط من وعن کاغذ پر چڑھا دیا کرتے ہیں۔ روزمرہ زندگی کے گوناگوں مسائل پر نظر ڈالیں تو گھبرائے دل سے درد بھری اگرچہ یہ فریاد ہی نکلتی ہے کہ جی کو تسلی دینے والا جو منظر بتایا جا رہا ہے وہ عملاً ہوتا بھی نظر آئے۔
وزیر اعظم سے تاہم یہ شکوہ کرنے کا حق ضرور رکھتا ہوں کہ وبا کی نئی لہر کی وحشت کے موسم میں انہیں اننگز کو ڈیکلئر کرنے والی گفتگو زیب نہیں دیتی۔ کرکٹ کے علاوہ انہوں نے مزید شہرت لاہور میں کینسر کے علاج کے لئے ایک جدید ترین ہسپتال کی تعمیر کے ذریعے بھی کمائی تھی۔ قوم کو کینسر جیسے موذی مرض کا مقابلہ کرنے کے قابل بناتے عمران خان صاحب سے یہ توقع رکھنا قطعاً فطری ہے کہ بطور وزیر اعظم پاکستان وہ وبا کے بھرپور مقابلے کی کمان براہ راست اپنے ہاتھوں میں لیں۔ کرونا پر کڑی نگاہ رکھنے والے کئی تحقیقی ادارے مصر ہیں کہ میرے منہ میں خاک بروقت اور موثر اقدام نہ لئے گئے تو مئی کے اختتام کے بعد پاکستان میں بھی ویسی ہی مشکلات کا آغاز ہو سکتا ہے جنہوں نے ان دنوں بھارت کو قطعاً لاچار اور بے بس دکھانا شروع کر دیا ہے۔
دل دہلا دینے والے جائزے اور پیش گوئیوں کو غلط ثابت کرنا فی الوقت سیاستدانوں کا روپ دھارے ”چوروں اور لٹیروں“ کو عبرت کا نشان بنانے سے کہیں زیادہ بڑا چیلنج ہے۔ قومی اسمبلی کی تحلیل کے ذریعے ملک کو اس وقت نئے انتخاب کی جانب دھکیلنے کی ”تڑی“ موجودہ حالات میں پیغام یہ بھی دے گی کہ ”کپتان“ بالآخر گھبرا گیا۔ اپنی زندگی کے ممکنہ طور پر سنگین ترین بحران یا چیلنج کا پیدائشی رہ نما کی طرح سامنا کرنے کے بجائے ”باجو کی گلی“ سے نکل گیا۔
کڑے احتساب کو ناممکن بنانے والی سیاسی اور قانونی نظام میں موجود خامیاں یقین مانیں فی الوقت خلق خدا کی بے پناہ اکثریت کا ہرگز درد سر نہیں۔ وبا کا خوف اس حد تک لوگوں کے ذہن میں سوار ہو چکا ہے کہ ہفتے کے دن اسلام آباد کے سب سے بڑے ہسپتال ”پمز“ میں اپنی آنکھوں سے میں نے ایک لمبی قطار دیکھی۔ اس میں کھڑے لوگوں کی اکثریت کم آمدنی والے افراد یا دیہاڑی داروں پر مشتمل تھی۔ لائن کی آخری صفوں میں کھڑے ایک شخص نے اپنا ٹوکن نمبر 436 بتایا۔ اس وقت دن کے بارہ بھی نہیں بجے تھے۔ اس کے بتائے ٹوکن نمبر نے مجھے یہ گماں کرنے کو مجبور کیا کہ اسلام آباد کے مرکزی ہسپتال میں ہفتے کے دن کم از کم ایک ہزار افراد نے کرونا کا ٹیسٹ کروایا ہے۔ ایسے ہی ایک شخص کے لواحقین سے میں نے ٹیسٹ ہو جانے کے بعد پوچھا کہ خدا نہ کرے کہ تمہارا عزیز واقعی کرونا کی زد میں آیا ثابت ہو گیا تو اس کے بعد کیا ہوگا۔ اس کے لواحقین نے بے بسی سے انکشاف کیا کہ ٹیسٹ لینے والے اہلکار نے اسے خبردار کیا ہے کہ ہسپتال میں کرونا مریضوں کے لئے وقف بستروں کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ ان کے عزیز کا رزلٹ اگر پازیٹو آیا تو اسے اپنے ہی گھر کہیں خلوت میں رہنا ہوگا۔ پمز کے فقط ایک چکر نے مجھے کرونا کی بڑھی ہوئی سنگینی کا شدت سے احساس دلایا ہے۔ اس عالم میں عمران حکومت کے خلاف مبینہ طور پر متحرک ہوئے ”سازشیوں“ کا نئے انتخاب کی راہ بناتے ہوئے ”منہ توڑ جواب“ والی باتیں مجھے اچھی نہیں لگیں۔

