ہماری خواتین اور ان پر عاشق جن


بچپن سے اس طرح کے جملے تو آپ سب سنتے آ رہے ہوں گے کہ لوگوں سے بالخصوص لڑکیوں سے درخت کے پاس سے مت گزرو، شام میں بال مت کھلے چھوڑو، خوشبو نہیں لگاؤ اور چھت پر نہیں جاؤ ورنہ جن پیچھے پڑ جائیں گے۔ چلیں یہ تو ہو گئے جملے جو میں اور آپ ہمیشہ سے سنتے آرہے ہیں اب ایک قدم آگے بڑھتے ہیں اور ان واقعات کا جائزہ لیتے ہیں جب واقعی جنات پیچھے پڑ چکے ہوتے ہیں۔ میں نے اپنے آس پاس کچھ ایسے واقعات کا بغور جائزہ لیا ہے جہاں عورتوں میں کچھ ایسے symptoms تھے کہ اردگرد کی ہی دوسری سینئر خواتین نے بتایا کہ بی بی یہ تو جنات چپک جانے کی نشانیاں ہیں۔

نشانیوں میں یاد داشت کو مسائل درپیش آنا، خوف، بے چینی اور بیٹھے بیٹھے زرد ہو جانا وغیرہ شامل تھے۔ کچھ خواتین کی شکایت یہ بھی تھی کہ ”ہوائی چیزیں دکھائی دیتی ہیں“ ۔ جب ان کے گھر والوں اور ان خواتین سے میں نے بھرپور دلچسپی سے پوچھا کہ آخر ہوائی چیزیں کیسی دکھتی ہیں تو نہ تو متاثرہ خواتین بہتر طور پر بتا سکیں اور نہ ہی ان کے گھر والے۔ ”بس عجیب سی ہوتی ہیں، ڈراؤنی ڈراؤنی“ ۔ اس کے علاوہ ایک اور شکایت بھی اکثر ہی سننے میں آتی ہے وہ یہ کہ مختلف اشکال (figures) دکھائی دیتے ہیں جو ایک پل میں وہیں ہوتے ہیں اور دوسرے پل ہی غائب ہو جاتے ہیں۔ اس نشانی پر تو سینئر خواتین و حضرات جنات عاشق ہونے کی پکی تصدیق کر دیتے ہیں۔ کچھ خواتین میں یہ نشانی بھی بتائی جاتی ہے کہ وہ بیٹھی بیٹھی چلانے لگتی ہیں اور رنگ اڑ جاتا ہے پھر کچھ دیر بعد ٹھیک ہو جاتی ہیں۔

ایک اور جملہ ہے جو میں کئی مرتبہ سن چکی ہوں ”ڈاکٹروں کی ساری رپورٹس ٹھیک ہیں۔ بخار/کوئی بھی بیماری ہے کہ پیچھا ہی نہیں چھوڑ رہی۔ اس وجہ سے ہم اب فلانے پیر صاحب سے علاج کر وا رہے ہیں جنھوں نے بتایا ہے کہ مسئلہ جنوں والا ہے“ ۔

میری یہ تحریر اس بحث سے بالاتر ہے کہ جنات موجود ہیں یا نہیں اور واقعی عاشق ہوتے ہیں یا نہیں۔ سو آپ سے التماس ہے کہ اپنا اور میرا وقت جنات کے وجود پر بحث پر ضائع مت کریں۔

جس بات کی میں نے اب تک تمہید باندھی ہے وہ یہ ہے کہ جن نشانیوں کو آپ جنات کے عاشق ہو جانے سے جوڑ رہے ہیں کیا پتا وہ نشانیاں کسی نفسیاتی مرض کی symptoms ہوں؟ نفسیاتی مسائل بہت پیچیدہ ہوتے ہیں ان کی پیچیدگی کا براہ راست تعلق متعلقہ اشخاص کے گردونواح، زندگی میں پیش آنے والے واقعات اور ان کی نوعیت، ان لوگوں کی شخصیت اور اس سے جڑے پہلو اور متعلقہ لوگوں کے ماضی وغیرہ سے ہوتا ہے۔ نفسیاتی مسائل کی نشانیاں ہر دوسرے شخص میں مختلف ہوتی ہیں۔ ہاں۔ بہت سی مشابہت رکھنے والی نشانیوں کی وجہ سے نفسیاتی امراض کی بھی categories ہوتی ہیں اور ان ملتی جلتی نشانیوں کی بدولت ہی ماہرین اس بات کا تعین کر پاتے ہیں کہ متعلقہ شخص کے ساتھ کس نوعیت کا نفسیاتی مسئلہ ہے۔

بہت سے نفسیاتی مسائل ایسے ہیں جن سے متاثرہ شخص چلانے لگتا ہے، چہرے کا رنگ اڑ جاتا ہے اور یادداشت کو بھی مسئلے پیش آتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایسے بھی نفسیاتی امراض ہیں جن میں مریض کو مختلف figures دکھنے لگتے ہیں اور ایسا اس وجہ سے بھی ہو سکتا ہے کہ مریض کے ماضی میں کچھ ایسے واقعات پیش آئے ہوں جو اس کے sub۔ conscious میں کسی شکل میں ہمیشہ کے لئے گھر کیے بیٹھے ہوں اور جب زندگی کے مسائل بڑھتے جائیں اور سمت کی سمجھ نہ آ رہی ہو تو ماضی کے کچھ فگرز، خوف کے ساتھ مل کر ڈراؤنی اشکال کے طور پر مریض کو دکھنے لگیں اور کچھ لمحوں کے بعد غائب ہو جائیں اور یہ بار بار ہوتا رہے۔

بالکل اسی طرح سے ہماری نفسیات کا ہماری جسمانی صحت کے ساتھ بھی بڑا گہرا تعلق ہے اکثر ہی نفسیاتی صحت بگڑنے کے ساتھ جسمانی صحت بری طرح متاثر ہوتی ہے اس کی وجہ ہمارے جسم میں مختلف جذبات اور سوچوں کی بدولت خارج ہونے والے کیمیکلز کے توازن میں گڑبڑ بھی ہے۔ مثلاً اسٹریس لیول بڑھا رہنے کی بدولت تھائرائیڈ گلینڈ ہارمونز کے اخراج میں شدید کمی یا زیادتی کر سکتے ہیں جس سے بہت سے جسمانی مسائل ہو سکتے ہیں۔ یہ فقط ایک پہلو ہے۔

ایسی اور بھی بہت سی مثالیں ہیں جہاں نفسیاتی مسائل، جسمانی صحت پر اثرانداز ہوتے رہتے ہیں۔ ڈاکٹر ان جسمانی مسائل کو میڈیکل ادویات سے ٹھیک کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں لیکن جب تک جڑ کو نہیں پکڑا جاتا جو کہ نفسیاتی مسائل ہیں تب تک ایسے معاملات لاعلاج ہی معلوم ہوتے ہیں اور ہمارے بھولے بھٹکے لوگ پیروں کے پاس کالا بکرا لے کر پہنچ جاتے ہیں۔

نفسیاتی مسائل صرف خواتین میں نہیں بلکہ مردوں میں بھی ہوتے ہیں لیکن اس مضمون کا مقصد خواتین کے نفسیاتی مسائل کو زیر بحث لانا ہے۔

میری ایک قریبی دوست کو بھی یونہی جنات چپک گئے تھے جن کو کسی پیر نے نہیں بلکہ ماہر نفسیات نے نکالا تھا اور اب وہ ایک مناسب زندگی گزار رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments