واشنگٹن میں فلسطینیوں کے حق میں ریلی، اسرائیل کی امداد بند کرنے کا مطالبہ

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

لنکن میموریل کے احاطے میں ہونے والی ریلی میں سیکڑوں افراد شریک ہوئے۔
ویب ڈیسک — امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہفتے کو فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی میں مظاہرین نے اسرائیل کے لیے امریکی امداد ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

لنکن میموریل کے احاطے میں لگ بھگ ایک ہزار سے زائد مظاہرین جمع ہوئے جنہوں نے فلسطین کے پرچم اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔

ریلی کا اہتمام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب حال ہی میں اسرائیل اور فلسطینی تنظیم حماس کے درمیان غزہ میں 11 روز تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد سیز فائر ہوا تھا۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق ریلی میں شریک ایک وکیل شریف سلمی نے کہا کہ “ہم آج امریکی حکومت کو یہ واضح پیغام دینے کے لیے جمع ہوئے ہیں کہ اسرائیل کو کسی نتائج کا سامنا کیے بغیر امداد دینے کا وقت ختم ہو گیا ہے۔”

مظاہرین کا کہنا تھا کہ “ہم ہر اس سیاست دان کی مخالفت کریں گے جو اسرائیل کو ہتھیار دینے کی حمایت کرے گا۔ ہم اس کے خلاف ووٹ دیں گے، ہم ایسے سیاست دان کے مخالف کو فنڈز دیں گے یہاں تک کہ ہم اُنہیں عہدے سے ہٹا نہیں دیتے۔”

ورجینیا سے آئی ایک فلسطینی نژاد امریکی خاتون لاما الحمد کا کہنا تھا کہ امریکہ میں رائے عامہ اب فلسطین کاز کے حق میں تبدیل ہو رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ “امریکہ میں یہ ایک بہت بڑی تبدیلی آئی ہے کہ لوگ فلسطینیوں کے لیے آزاد اور خود مختار ملک کے مطالبے کی حمایت کر رہے ہیں۔”

الحمد کا مزید کہنا تھا کہ “ہم دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم انسان ہیں، ہمیں دہشت گرد نہ سمجھا جائے۔”

شریف سلمی کا کہنا تھا کہ امریکہ میں اب اسرائیل کی مخالفت بڑھتی جا رہی ہے کیوں کہ امریکی اب سمجھتے ہیں کہ اسرائیل فلسطینیوں کے ساتھ وہی سلوک کر رہا ہے جو ایک وقت میں جنوبی افریقہ میں رنگ اور نسل کی بنیاد پر ہوتا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ “لوگ اب جاگ چکے ہیں اور مزاحمت کر رہے ہیں، چاہے وہ نوجوان یہودی ہوں یا مسلمان، یا وہ نوجوان گورے یا سیاہ فام ہوں یہ ایک نئی نسل ہے جو نسلی امتیاز، رنگ اور نسل سے ہٹ کر فلسطینیوں کی آزادی اور حقوق کی حمایت کر رہی ہے۔”

خیال رہے کہ گیارہ روز تک جاری رہنے والی اسرائیل اور حماس کی لڑائی میں غزہ میں اسرائیل نے بمباری کی تھی جب کہ حماس اور دیگر مسلح گروہوں نے اسرائیل کی طرف چار ہزار سے زائد راکٹ برسائے تھے۔

اس لڑائی میں 250 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں اکثریت فلسطینیوں کی تھی۔

لڑائی کو روکنے کے لیے امریکہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے تھے جن میں اس تنازع کے حل کے مطالبات کیے گئے تھے۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 2252 posts and counting.See all posts by voa

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *