مسئلہ فلسطین! عربوں کی کم فہمی اور نادانی
گزشتہ کچھ دن پہلے ابلاغ عامہ کے مرکزی ذرائع اور سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر کہرام مچا ہوا تھا کہ یہود و نصاریٰ مل کر فلسطینوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔ اس میں شبہ بھی نہیں واقعی فلسطین کی تیسری نسل آگ و خون میں پروان چڑھ رہی ہے لیکن یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس سارے قضیہ میں اصل قصور وار ہے کون؟ اگر حقیقت پسندانہ نقطہ نظر سے تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو عربوں کی کم فہمی اور نادانی مسئلے کی اصل وجہ معلوم ہوتی ہے۔
مذہبی نقطہ نظر سے اگر اس قضیہ کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ جب اللہ تعالی نے نبوت و رسالت کو ذریت ابراہیم علیہ السلام کے ساتھ خاص کر دیا اور انہیں دنیا میں اللہ کے دین کی شہادت کی ذمہ داری دی گئی تو پھر ابراہیم علیہ السلام کو کہا گیا کہ آپ اپنی اولاد کے ایک حصے کو جزیرہ نمائے عرب اور دوسرے حصے کو سرزمین فلسطین میں آباد کریں۔ تو پھر ابراہیم علیہ السلام نے اتمام حجت کے لئے مکہ میں بیت اللہ تعمیر کیا اور مشیت ایزدی کے تحت حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اس کی تولیت پر مامور فرمایا اسی طرح بنی اسحاق (بنی اسرائیل) کو سرزمین فلسطین میں آباد کیا جہاں سلیمان علیہ السلام نے ہیکل سلیمانی (جسے قرآن میں مسجد اقصیٰ کہا گیا ہے ) تعمیر کیا اور یوں ان دو سرزمینوں کو اللہ تعالی نے اپنے لیے مخصوص کر کے انہیں تقدیس بخشی۔
لہذا کچھ علماء جن میں حال ہی میں وفات پانے والے مذہبی اسکالر، دانشور، محقق مولانا وحید الدین خان صاحب سر فہرست ہیں کا خیال ہے کہ سرزمین فلسطین پر بنی اسرائیل کا حق ہے اللہ تعالی نے چار ہزار سال پہلے یہ زمین ان کے لئے مختص کردی ہے۔ اپنی کتاب ”سفرنامہ فلسطین“ میں قرآن پاک کی آیت ( 5 : 21 ) ”اے میری قوم ( بنی اسرائیل) مقدس سرزمین میں داخل ہو جاؤ جو اللہ تعالی نے تمہارے لیے لکھ دی ہے“ کی تفسیر بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ اس آیت کی رو سے ارض مقدس یہودیوں کے لئے مختص (assign) کر دی گئی اگر کوئی اس بات کو تسلیم نہیں کرتا گویا وہ قرآن کی تعلیمات سے انحراف کرتا ہے۔
اگر سیاسی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو تاریخ بتاتی ہے کہ پہلی جنگ عظیم سے پہلے فلسطین سلطنت عثمانیہ کے زیر نگیں تھا پہلی جنگ عظیم میں ترکی کی شکست کے بعد سلطنت عثمانیہ ٹوٹ گئی اور ترکی کے بہت سارے علاقے یا تو آزاد ہو گئے یا دیگر ممالک کے قبضے میں آ گئے تو یوں 1917 ء میں فلسطین برطانیہ کے زیر تسلط آ گیا اس وقت بین الاقوامی قانون بھی یہی تھا ”جس کی لاٹھی اس کی بھینس“ اسی قانون کے تحت سلطنت عثمانیہ تین براعظموں میں پھیلی ہوئی تھی اور سلطنت امیہ و عباسیہ نے بھی اس قانون کے تحت ہی وسطی ایشیا، برصغیر، افریقہ اور اندلس فتح کیے تھے۔ گو کے عالمگیر اخلاقیات کی رو سے قبضہ جائز نہیں لیکن اس وقت قانون ہی یہی تھا لہذا اب برطانیہ فلسطین کے سیاہ و سفید کا مالک تھا لہذا برطانیہ نے اعلان بالفور کے ذریعہ یہودیوں کے لیے ایک قومی ریاست کے قیام کا وعدہ کیا۔
فلسطین کی جانب یہودیوں کی نقل مکانی تو سترہویں صدی کے اواخر سے ہی جاری تھی لیکن 1930 ء تک نازی جرمنی کے یہودیوں پر مظالم کی وجہ سے اس میں بہت اضافہ ہو گیا تھا لیکن اس نقل مکانی کے دوران عرب مہنگے داموں زمینیں یہودیوں کو فروخت بھی کرتے رہے جو عربوں کی بہت بڑی غلطی تھی۔
1948 ء میں بین الاقوامی قانون کے تحت اقوام متحدہ نے سرزمین مقدس کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا فلسطین کا اندرونی حصہ اور غزہ کی پٹی عربوں کو دے دی اور بیرونی حصہ پر ایک آزاد یہودی ریاست اسرائیل کے قیام کا اعلان کر دیا اور یروشلم کو ایک کھلا شہر رکھا گیا کیونکہ یہ تینوں مذاہب کے لئے برابر مقدس تھا تو یہاں تمام مذاہب کے لوگوں کو مکمل آزادی دے دی گئی۔ اقوام متحدہ کے اس فیصلے کو تمام بڑی طاقتوں اور اکثر مغربی ممالک نے قبول کر لیا لیکن عربوں نے اس تقسیم کو قبول نہیں کیا اور نوزائیدہ یہودی ریاست پر حملہ کر دیا تو یوں تمام بڑی طاقتوں کی حمایت اسرائیل کو حاصل ہوگی جو آج تک حاصل ہے۔
اصولی طور پر عربوں کا موقف درست معلوم ہوتا ہے فلسطین کی سرزمین پر جس طرح یہودیوں کو آباد کیا گیا جس طرح دوسرا ملک قائم کیا گیا یہ سب قابل مذمت تھا۔ لیکن عملی طور پر اقوام متحدہ کے فیصلے کو مان لینا چاہیے تھا کیونکہ اقوام متحدہ کے فیصلے کے بعد عرب سیاسی اور سفارتی طور پر یہ جنگ ہار چکے تھے۔ جب آپ عالمی سطح پر فیصلوں سے اختلاف کرتے ہیں تو پھر واحد راستہ صرف طاقت ہی ہے جو فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور وہ طاقت عربوں کے پاس نہ ہونے کی وجہ سے آج وہ حصہ بھی آدھا رہ گیا ہے جو اقوام عالم کے فیصلے کے نتیجے میں ملا تھا۔
مذکورہ مذہبی نقطہ نظر سے اختلاف کی گنجائش بھی باقی ہے کیونکہ دیگر علماء کا خیال ہے کہ بنی اسرائیل اللہ کے احکامات سے منحرف ہوئے، انبیاء کو جھٹلایا اور قتل کیا تو اللہ نے ان سے یہ منصب چھین لیا تو اب ان کا سرزمین فلسطین پر دعویٰ بے بنیاد ہے۔
لیکن سیاسی نقطہ نظر سے یہی درست معلوم ہوتا ہے کہ عربوں کی کم فہمی، نادانی اور غلط فیصلوں سے نوبت یہاں تک پہنچی ہے۔ اب اپنی غلطیوں کو تسلیم کریں تشدد کی راہ چھوڑیں سیاسی اور سفارتی محاذ پر جدوجہد کے ذریعے اپنا وہ حصہ لے لیں جو اقوام متحدہ کے فیصلے کے پیش نظر حاصل ہوا تھا کیونکہ اب صرف اس مسئلے کا حل دونوں ریاستوں کے ایک دوسرے کو تسلیم کر لینے میں ہے۔ جہاں یہ ممکن نہیں ہے کہ سرزمین فلسطین کو قدیم فلسطینیوں سے پاک کر دیا جائے، وہیں اب یہ بھی ممکن نہیں رہا کہ ان اسرائیلیوں کو جو بیشک دنیا بھر بالخصوص یورپ سے آ کر فلسطین میں آباد ہو گئے ہیں، انہیں فلسطین سے بے دخل کر دیا جائے۔ کیونکہ اب ان کی دو نسلیں فلسطینی سرزمین پر گزر چکی ہیں اور تیسری نسل پل کر جوان ہو رہی ہے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو آنے والی نسلیں بھی آگ و خون کی ہی نظر ہوں گی۔


