ادھورا لمس


وہ ہر ادھوری چیز کو دیکھ کر اپنے ادھورے پن کو تسکین دیتی تھی وہ زندگی میں مسلسل ادھورے پن کا شکار تھی کبھی کبھی اسے ادھورے پن کی نفسیات بہت بھلی لگتی تھی وہ تکمیل کے مقابلے میں جب بھی ادھورے پن کو سامنے رکھتی تو ہمیشہ اسے کششں ادھورے پن میں نظر آتی کیونکہ شاید وہ تکمیل کی لذت سے ناآشنا تھی جبکہ اس کے برعکس وہ ادھورے پن سے روز نبرد آزما ہوتی تھی اور اس سے لطف کشید کرنے کے مختلف طریقے تلاش کرتی رہتی اس کے سامنے ہر خوبصورتی ادھورے پن میں پوشیدہ تھی اس کا کمرہ ادھوری پینٹنگز سے بھرا ہوا تھا جس میں وہ خود کو تلاش کرتی پینٹنگ میں بنی ادھوری عورت کے ساتھ وہ بسا اوقات مکالمہ کرتی اس کے منہ پر پھیلے اطمینان سے وہ ادھورے پن کے حق میں کئی دلائل اکٹھے کرتی وہ ادھورے الفاظ لکھ کر ان سے مکمل معنی کا لطف کشید کرتی وہ الفاظ کی دنیا میں جب ادھورے پن کو کھوجتی تو اسے یہ عمل کسی ماہر لسانیات سے زیادہ پرلطف محسوس ہوتا وہ خود الفاظ کا ادھورا نظام تشکیل دیتی جسے اپنے طور پر ادھورے معنی دیتی وہ کائنات میں ہر ادھوری چیز کو اپنے قبیل میں شامل کرنے میں فخر محسوس کرتی۔

وہ ہمیشہ چائے کا آدھا کپ بھرتی ہر کہانی آدھی پڑھتی اور پھر دن بھر اس کہانی کے کرداروں کے ادھورے پن سے لطف لیتی اس کی ذات میں ادھورے پن کی جمالیات نے اس وقت انگڑائی لی جب وہ اس کے قریب تھی جس کی قربت اس کے لیے دنیا کے خوبصورت ہونے کی واحد دلیل تھی وہ لمحاتی اور ادھوری قربت جس میں ہونے والا ہر عمل ادھورا تھا اس کے اندر رچ بس گئی تھی وہ اس ادھورے پن کو محسوس کرتی اور ہمیشہ مکمل ہونے سے ڈرتی تھی وہ ادھورا لمس جو اس قربت میں اسے چند لمحوں کے لیے حاصل ہوا تھا وہ ہر اس تکمیل پر حاوی حاوی تھا جس کے لطف سے وہ نا آشنا تھی وہ اس ادھورے لمس میں جیتی تھی تب تک جب تک اگلا ادھورا لمس اس کو سرشاری میں مبتلا نہیں کرتا تھا وہ ادھورے پن کی نفسیات میں پاگل لگی لڑکی تکمیل کی دنیا کو بے معنی سمجھتی وہ کسک تکمیل میں کہاں جو ادھورے پن کی خاصیت ہے وہ ہر اس لفظ ہر اس شے کو بے معنی سمجھتی تھی جو ادھورے پن کو تکمیل کی منزل عطا کرے کیونکہ انسان کی فطرت خود ادھورے پن سے جنم لیتی ہے وہ کمرے میں پھیلے ادھورے پن کو محسوس کرتی وہ کسی بھنورے کا روپ دھار کر اس ادھورے پن کے اردگرد دیوانہ وار چکر کاٹتی کیونکہ ادھورا وجود ہی ادھوری چیزوں کی جمالیات اور ان میں چھپی کسک کو سمجھ سکتا ہے

Facebook Comments HS