منبر رسول کا تو خیال کریں


یہ ہفتہ ذہنی طور پر بہت بوجھل رہا۔ ہمارے نام نہاد مفتی علامہ مولانا کی ایسی ایسی ویڈیوز نظر سے گزریں جن کو دیکھنے کے بعد سر شرم سے جھک گیا۔ نہ جانے کتنی دیر تک اپنے دل میں یہی سوچتا رہا یہ لوگ ممبر رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے محافظ ہیں ان لوگوں نے ہمیں دین کا راستہ دکھانا ہے۔ یہ لوگ ہمیں بتائیں گے جنت کو کون سا راستہ جاتا ہے اور جہنم کن لوگوں کا مقدر بنے گی۔ ان لوگوں کو دیکھ کر کفار دائرہ اسلام میں داخل ہوں گے۔

ان لوگوں کے پاس ہم اپنے بچوں کو دین کی تعلیم کے لیے بھیجتے ہیں۔ نہ جانے کتنے خیالات، تصورات اور وسوسے میرے ذہن پر قابض ہو گئے۔ دل ہی دل میں خیال آ رہا تھا ہمارا دین کتنا سچا اور خالص ہے۔ چار شادیوں کی اجازت دی لیکن یہ لوگ اپنی حلال بیویاں ہونے کے باوجود ایسے گناہ میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ جن سے دور رہنے کا انہوں نے ہمیں بتانا تھا۔ بار بار ایک خیال دل میں آتا تھا کیا ان لوگوں کے رشتہ دار نہیں ہوں گے۔ اپنا خاندان نہیں ہوگا کسی گاؤں یا محلے میں نہیں رہتے ہوں گے۔

یہ لوگ جس مسجد یا مدرسے میں دین کی تعلیم دیتے ہوں گے ان لوگوں کی نظروں میں ان کا کیا مقام ہوگا۔ جو لوگ ان کو عزت و احترام سے بڑے بڑے القابات لگا کر ان کو پکارا کرتے تھے۔ ان لوگوں کو یہ کیا منہ دکھائیں گے۔ ایسی غلطی اگر کوئی کم تعلیم یافتہ یا جس کے پاس دین کا علم نہ ہو وہ کرے تو سمجھ میں آتی ہے۔ لیکن جن لوگوں نے کئی کئی سال دین کی تعلیم میں صرف کیے ہوں وہ اگر اس طرح کی غلطیاں کریں گے تو پھر معاشرے پر کتنے منفی اثرات پڑیں گے۔

میری اس موضوع پر بہت سارے لوگوں سے بات چیت ہوئی اکثر کا یہ خیال تھا یہ سب کچھ پہلے بھی ہوتا تھا۔ صرف اس وقت کیونکہ سوشل میڈیا عام نہیں تھا اور لوگوں کے پاس کیمرے والے فون نہیں ہوتے تھے۔ اس لیے زیادہ تر ایسی باتیں باہر نہیں نکلتی تھی۔ لیکن میرا ذاتی خیال یہ ہے ابھی بھی یہاں تک کہ سوشل میڈیا ہر انسان کی دسترس میں ہے۔ لیکن پھر بھی باہر باتیں کم آتی ہیں کیونکہ بہت سارے لوگ ایسی باتوں کو چھپانے میں ہی بہتری سمجھتے ہیں اور پولیس رپورٹ نہیں دیتے یا کچھ لوگ اپنی عزت کی خاطر ہے خاموش ہو جاتے ہیں۔

لیکن حقیقت یہ ہے ہمارا معاشرہ بہت غلط راستے پر چل پڑا ہے۔ آپ سوشل میڈیا پر جتنے مفتی صاحبان یا ایسے مولانا جنہوں نے اپنے اپنے یوٹیوب چینل بنائے ہوئے ہیں۔ ان کو فالو کر کے دیکھیں آپ حیران ہو جائیں گے۔ ان سے پوچھے جانے والے زیادہ تر سوالات گندے ذہن کی عکاسی کرتے ہیں۔ اور مزے کی بات یہ ہے جو جو ایسے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو چلا رہے ہیں۔ انہوں نے ہیڈ لائن میں بہت ہی گندی بات لکھی ہوتی ہے اور ایسی بات لکھنے کا مقصد صرف یہ ہوتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس طرف مائل ہوں اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ریٹنگ بڑھتی جائے۔

اسی طرح ایسے مولانا حضرات جو بہت زیادہ سوشل میڈیا پر مشہور ہیں ان کی وجہ شہرت بھی ایسی باتیں ہیں یا ایسی جگتیں ہیں جو وہ کرتے ہیں اور لوگ ان کو پسند کرتے ہیں۔ میں سوشل میڈیا پر دیکھ رہا تھا۔ یہ گندی ویڈیوز آنے کے بعد لوگوں کی ایک کثیر تعداد یہ بحث کر رہی تھی۔ مسجد وزیر خان میں اداکارہ صبا قمر ایک عکس بندی کرتی ہیں۔ تو سوشل میڈیا پر اتنا ہنگامہ برپا ہو جاتا ہے۔ لیکن انہیں مساجد اور مدرسوں کے اندر یہ سب کیا ہو رہا ہے۔ کیا اس کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ کیا ہمارا دین ہمیں یہ سکھاتا ہے

پچھلے کچھ عرصے سے ہمارے معاشرے میں بے راہ روی اور بے حیائی تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ سوشل میڈیا کی آزادی ہے۔ حکومت وقت کو اس حوالے سے سنجیدگی سے عمل کرنا ہوگا اور میں آخر میں اپنے تمام قابل احترام علمائے کرام سے درخواست کروں گا اپنی اپنی مساجد اور مدارس میں ایسے لوگوں کو ایڈمن بنائیں جن کا ماضی بے داغ ہو جو حقیقی معنوں میں دین کے تقاضے پورے کر رہے ہوں۔

جب تک علماء کرام اپنی اپنی صفوں میں ایسی کالی بھیڑوں کو تلاش نہیں کریں گے اس وقت تک اسلامی جمہوریہ پاکستان میں لوگ منبر رسول کی حفاظت کرنے والوں پر انگلیاں اٹھاتے رہیں گے۔ ہر مسجد اور مدرسے میں سی سی ٹی وی کیمرہ لگنا چاہیے۔ مسجد اور مدرسہ میں رہنے والے بچوں کے کمروں میں بھی سی سی ٹی وی کیمرہ ہونا چاہیے۔ جب تک سخت اقدامات نہیں ہوں گے ایسی منفی خبریں آتی رہیں گی۔ جس سے دین اسلام کی صحیح معنوں میں خدمت کرنے والوں کی عزت میں بھی کمی واقع ہوگی۔ اس وقت آپ دیکھیں ہر گلی محلے میں جن جن کی ویڈیوز آئی ہیں ان کے بارے میں لوگوں کے کیا کیا خیالات ہیں۔ یقیناً ایسی خبریں دین اسلام اور پاکستان کے حوالے سے مناسب نہیں ہیں اور جو لوگ اسلام فوبیا کا شکار ہیں وہ ان باتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کریں گے۔ جس سے دنیا بھر میں ہماری بدنامی ہوگی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments