جوہر ٹاﺅن دھماکہ: ماسٹر مائنڈ پیٹر پال ڈیوڈ سے لاہور میں رابطے میں رہنے والی خاتون بھی گرفتار


تین روز قبل لاہور کے علاقے جوہر ٹاﺅن میں دھماکے کے ماسٹر مائنڈ پیٹر پال ڈیوڈ کو تحقیقاتی اداروں نے لاہور ایئرپورٹ سے فرار ہوتے ہوئے حراست میں لیا تاہم پیٹر پال جس خاتون سے رابطے میں رہا، اب اسے بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ جوہر ٹاﺅن دھماکے کے ماسٹر مائنڈ پیٹر پال سے رابطے میں رہنے والی لاہور کی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مشتبہ خاتون کو ملزم کی نشاندہی پر حراست میں لیا گیا ہے۔

دھماکے میں استعمال ہونے والی کالے رنگ کی گاڑی بابو صابو سے لاہور میں داخل ہوئی جبکہ داخلے کے وقت پولیس اہلکار کی جانب سے اسے مشکوک جانتے ہوئے روکا گیا اور اس کی تلاشی بھی لی گئی جس کی تصاویر بھی سامنے آئیں، پولیس اہلکار کی جانب سے جب گاڑی کی ڈگی کھولنے کا کہا گیا تو ڈرائیور نے ڈگی خراب ہونے کا بہانہ بنایا۔

یاد رہے کہ پیٹر پال ڈیوڈ نامی دہشت گرد ایئر بلو کی پرواز نمبر PA 407کے ذریعے لاہور سے کراچی فرار ہو رہا تھا لیکن سی ٹی ڈی نے ملزم کوعلامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈومیسٹک ڈیپارچر لاونج سے گرفتار کر لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیموں کو دھماکے میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت مل گئے ہیں۔ دھماکے کی فنڈنگ بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے کی گئی تھی۔ اس دہشت گردی میں ملوث پیڑ پال ڈیوڈ پاکستانی شہری اور کراچی کا مستقل رہائشی ہے، جب کہ دھماکے میں ملوث آخری دہشت گرد کی تلاش ابھی جاری ہے۔ جوہر ٹاون دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی 6 مرتبہ فروخت ہوئی تھی، آخری دفعہ یہ گاڑی ڈیوڈ پال نے گوجرانوالہ میں خریدی تھی۔

Facebook Comments HS