انقلاب کیا ؟ کب؟ اور کیسے؟



انقلاب کیا ہوتا ہے؟ انقلاب کب آتے ہیں؟ اور انقلاب کیسے آتے ہیں؟ یہ ایسے سوالات ہیں جو ہر کسی کے ذہن میں کہیں نا کہیں ضرور ہوتے ہیں، اور پھر جب کوئی اس کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے تو مزید سوالات اس کے ذہن کو کسی پریشانی میں مبتلا کر دیتے ہیں تو آج انہی تین سوالات پر کچھ عرض کرنا چاہوں گا اب یہ مجھے نہیں پتا کہ آپ مزید پریشان ہوں گے یہ تحریر پڑھ کر یا آپ کو کوئی مناسب جواب ملتا ہے۔

سب سے پہلے تو انقلاب کیا ہوتا ہے؟ اس پر کچھ گفتگو کرتے ہیں میں کوئی فلسفیانہ جواب تو نہیں دے سکتا مگر آسان ترین زبان میں انقلاب معاشرے میں بڑی تبدیلی کا نام ہے ایسی تبدیلی جو اس لئے لائی جائے تا کہ لوگوں کی زندگی پہلے کی نسبت آسان ہو سکے اور سب سے بڑھ کر ہر انقلاب کا مقصد ظلم کو ختم کرنا ہی ہوتا ہے۔ اب وہ اس میں کتنا کامیاب ہوتے ہیں یہ ایک الگ موضوع ہے۔ اس بات سے یہ تو واضح ہو گیا کہ انقلاب کیا ہوتا ہے؟ یعنی انقلاب معاشرے کے اندر ایک ایسی تبدیلی کا نام ہے جو یکسر نظام کو تبدیل کر دے جس میں سیاسی نظام کی تبدیلی سب سے اہم ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ معیشت کی بہتری بھی سب سے اہم ہے کیوں کے معیشت ہر کسی کا کامن انٹرسٹ یعنی مشترکہ مفاد ہوتا ہے کیوں کے اس سے معاشرے کے ہر فرد کو دلچسپی ہوتی ہے۔

اب دوسرا سوال کہ انقلاب کب آتے ہیں؟ اب اس کا آسان ترین جواب یہ ہے کہ کوئی بھی انقلاب اس وقت ہی آتا ہے جب موجودہ نظام فیل ہو جائے یا موجودہ نظام میں تبدیلی کی گنجائش باقی نہیں رہے۔ تبدیلی کی گنجائش اس لحاظ سے کہ موجودہ نظام اتنا پختہ ہو چکا ہو کہ اس کے خلاف بولنا بھی جرم اور بغاوت ہو تو اس نظام کا حصہ بن کر تبدیلی لانا ممکن نہیں ہوتا اور نہ ہی ظلم کا خاتمہ ممکن ہوتا ہے کیوں کے وہ نظام لوگوں کے ذہنوں میں رچ بس گیا ہوتا ہے۔

تو انقلاب جب بھی آتا ہے یا آیا ہے اس وقت ہی آیا ہے جب معاشرے کے چند مدبر لوگ یہ سمجھ لیں کے موجودہ نظام مزید چلنے کے قابل نہیں اور انھیں جدوجہد کر کے ایک نیا نظام لانا ہو گا۔ جب تک موجودہ نظام میں تبدیلی اور بہتری کی گنجائش ممکن رہتی ہے اور کوئی امید نظر آ رہی ہوتی ہے اس وقت تک انقلاب نہیں آتا۔ انقلاب دراصل مکمل تبدیلی اور نئے نظام کا نام ہے یہ موجودہ نظام کے ساتھ ڈیل یا سمجھوتہ نہیں کرتا بلکہ اس سے بغاوت کرتا ہے۔

اب بات آتی ہے سب سے اہم سوال کی کہ انقلاب کیسے آتے ہیں؟ تو اس سوال کا جواب بھی آسان ہی ہے اور چند سٹیپس پر مشتمل ہے۔ اس سے پہلے کے میں سٹیپس یعنی اقدامات کی طرف جاؤں کچھ تاریخ میں پیش آنے والے انقلابات کا ذکر کرنا ضروری ہے سب سے پہلے تو میں انقلاب نبوی ﷺ کا ہی ذکر کروں گا کیوں کے اس سے بڑا انقلاب آج تک نا آیا ہے اور نہ ہی ممکن ہے، میں یہاں مبالغہ آرائی سے کام ہر گز نہیں لے رہا بلکہ یہ تاریخی حقائق ہیں جسے کوئی بھی تاریخ سے واقف شخص مسترد نہیں کر سکتا۔

کیوں کہ یہ وہ واحد انقلاب ہے جس میں سیاست، معیشت، ریاست کا مذہب، قانون، نظام تعلیم اور بہت ساری تبدیلیاں ایک ساتھ آئیں۔ اس کے علاوہ تاریخ میں آنے والے انقلاب چین، فرانسیسی انقلاب، روسی انقلاب اور انقلاب ایران کو کون بھول سکتا ہے۔ ان سب نے معاشرے پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں اور یہ تمام کے تمام بڑی تبدیلیاں لے کر آئے جن میں مثبت اور منفی دونوں پہلو شامل ہیں۔ ان انقلابات کا ذکر کرنا اس لئے بھی ضروری تھا کے آپ کو انقلاب کے طریقہ کار سمجھا سکوں اب آپ ان انقلابات کی تاریخ اگر جانتے ہیں تو آپ کے لئے آگے سمجھنا آسان ہو گا تو میں سمجھانے کی کوشش کرتا ہوں۔

تو سب سے پہلا اور اہم کردار ہر انقلاب میں پولیٹیکل تھینکر یا سیاسی مفکر کا ہوتا ہے جو اپنی تحریر اور تقریر کے ذریعے اپنے خیالات منتقل کرتا ہے اور عوام کو مو جودہ نظام سے کاٹنے اور نئے نظام کے لئے جدوجہد پر آمادہ کرتا ہے۔ تو پہلے دو اقدام تو یہی ہیں کہ انقلاب کے لئے سب سے پہلے موجودہ نظام سے کٹنا اور نئے نظام کو سمجھنا ضروری ہے۔ اس کے بعد ہمیشہ ایک ٹیم تشکیل دی جاتی ہے جس کے ذریعے انقلاب کی کوشش کی جاتی ہے پھر اس ٹیم کو ٹریننگ یا تربیت کے مراحل سے گزارا جاتا ہے تا کہ آئندہ کے لئے تیار کیا جا سکے۔

پھر یہی ٹیم مزید اپنے نظریات کو پختہ کرنے کے بعد ان کی ترسیل کا کام کرتی ہے اور مزید لوگوں کو اپنے ساتھ جوڑنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے اس سارے پراسیس کے اندر ایک چیز مستقل ہے اور وہ ہے نظام کا جہاں تک ممکن ہو سکے بائیکاٹ۔ یعنی یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ موجودہ نظام کا بھی حصہ ہوں اور اس کے لیے خدمات بھی سر انجام دے رہے ہوں اور نیا نظام بھی لانا چاہیں یعنی موجودہ نظام سے جہاں تک ممکن ہو سکے ٹوٹنا اور کٹنا انتہائی اہم ہوتا ہے۔

اب یہ ایک صبر آزما کام بھی ہے کیوں کہ یہ بہت وقت لیتا ہے۔ اب اگر تمام لوازمات پورے ہوں یعنی سیاسی مفکر بھی ہو، نظریات بھی واضح ہوں، اور ان نظریات پر ایک جماعت یا ٹیم کی تشکیل بھی ہو چکی ہو اور آپ کے نظریات معاشرے کے لوگوں تک بھی پہنچ چکے ہوں۔ اور آپ موجودہ نظام کا حصہ بھی نہ ہوں تو آخری مرحلہ ہی باقی رہتا ہے اور وہ یہ کہ اگر آپ کو یقین ہو کے آپ کے ساتھ ایک بڑی طاقت جڑ چکی ہے۔ تو آپ کو بغاوت کرنی ہوتی ہے، جنگ کرنی ہوتی ہے، جہاد کرنا ہوتا ہے اب آپ شاید سوچیں کہ کیا جنگ ضروری ہے؟

تو اس کا جواب ہمیں تاریخ سے ملتا ہے کہ جی ہاں ہر انقلاب کا آخری قدم جنگ ہی ہوتی ہے کیوں کہ موجودہ نظام کے لوگ کبھی بھی مذاکرات کے ذریعے آپ کو ملک یا نظام نہیں دیتے بلکہ ہمیشہ مزاحمت ہی کرنی ہوتی ہے۔ اس کی مثال انقلاب نبوی ﷺسے لے کر روسی اور انقلاب ایران تک موجود ہے کہ ہر انقلاب خون کا پیاسا ہوتا ہے۔ اب جو میں نے آپ کو سٹیپس بتائے ہیں آپ ان کو تاریخ کے حوالے سے دیکھ لیجیے کے ہر انقلاب انہی اقدامات کے نتیجے میں آیا اور ہر انقلاب قربانی کے بعد ہی آیا اور آئندہ آنے والے انقلاب بھی اسی طریقے کو فالو کریں گے۔ کیوں کے یہ عالمی اصول ہیں جو تبدیل نہیں ہو سکتے۔ یعنی ہر انقلاب لال ہوتا ہے یہ اور یہ لالی خون کی لالی ہوتی ہے۔