حریم شاہ کی پی پی رہنما سے شادی کی افواہوں پر بلاول بھٹو کا ردعمل
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رہنما سے شادی کرنے کے دعووں کو ’افواہ‘ قرار دے دیا۔
حریم شاہ نے 28 جون کو بیان دیا تھا کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور وزیر سے ایک ہفتہ قبل شادی کرلی تھی۔
حریم شاہ نے اگرچہ شادی کی تصدیق کی تھی لیکن انہوں نے شوہر کا نام نہیں بتایا تھا، جس کی وجہ سے ان کے شوہر سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوگئی تھیں۔
ابتدائی طور پر سوشل میڈیا پر یہ افواہیں پھیلیں کہ حریم شاہ نے میرپورخاص سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ سے شادی کرلی لیکن انہوں نے 28 جون کو ہی ایسی خبروں کو مسترد کردیا تھا۔
بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی اور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے بھی ٹک ٹاک اسٹار کی شادی سے متعلق لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔ حریم شاہ کی شادی کے حوالے سے افواہیں پھیلنے کے بعد صوبائی وزیر تیمور ٹالپر نے بھی برہمی کا اظہار کیا تھا۔
تاہم اب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس پر خاموشی توڑتے ہوئے حریم شاہ کی شادی کی خبروں کو افواہ قرار دے دیا۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے ٹک ٹاک اسٹار کی پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سے شادی کی خبروں کو ’سازش‘ قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اسلام آباد میں زرداری ہاؤس میں کی جانے والی پریس کانفرنس کے بعد جب حریم شاہ سے شادی کا سوال کیا گیا تو انہوں نے ایسی خبروں کو افواہ قرار دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایسی باتیں دوسرے مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش اور سازش ہیں۔ حقیقت میں ایسا کچھ ہوا ہی نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایسی افواہوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔
رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ایسی خبریں دوسرے اہم مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے لائی جاتی ہیں۔
خیال رہے کہ تاحال حریم شاہ نے اپنے مبینہ شوہر کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم دعویٰ کیا ہے کہ وہ 4 جولائی کو ہنی مون کے لیے شوہر کے ساتھ ترکی روانہ ہوں گی اور واپسی پر کراچی میں ولیمے کی تقریب منعقد کریں گے۔ حریم شاہ کے مطابق ان کے شوہر پہلے سے شادی شدہ ہیں اور وہ جب تک پہلی بیوی کو نہیں منا لیں گے تب تک ان کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی۔


