امریکہ میں گرمی کی شدید لہر، جنگلات میں لگی آگے بجھانے کے دوران دو فائر فائٹرز ہلاک


آگ بجھانے کا عملہ فرینچ مین لیک کے علاقے میں آگ پر قابو پانے میں مصروف (فوٹو اے پی)

امریکہ کے مغربی علاقوں ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جب کہ مختلف ریاستوں میں شدید گرمی کے باعث جنگلات میں آگ بھڑک اُٹھی ہے۔ آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران ریاست اری زونا میں دو فائر فائٹرز طیارہ حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

ریاست اری زونا میں ہفتے کو اس وقت حادثہ پیش آیا جب طیارے میں سوار آگ بجھانے کے محکمے کا عملہ مغربی خطے میں ‘وکی اپ’ نامی علاقے کا فضائی جائزہ لے رہا تھا۔

محکمۂ اراضی “بیورو آف لینڈ مینیجمنٹ” نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اسٹاف کے دل افسردہ ہیں۔

دریں اثنا ریاست اوریگان میں جنگلاتی آگ “بوٹلیگ فائر” مزید کئی علاقوں تک پھیل گئی ہے۔ آگ نے 157 مربع میل سے پھیل کر 308 مربع میل کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

آگ کے پھیلاؤ سے پیسیفک کے شمال مغربی علاقے اور ریاست کیلی فورنیا میں ایک بڑے گرڈ سے بجلی کی فراہمی میں وقفے وقفے سے تعطل کا سامنا ہے اور کئی لاکھ لوگوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ریاست کیلی فورنیا اس وقت شدید گرمی کی لہر سے بھی دو چار ہے۔

ریاست کے حکام نے بجلی کی فراہمی میں زیادہ تعطل سے بچنے کے لیے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ طلب میں اضافے کے پیشِ نظر سہ پہر چار بجے سے شام نو بجے تک بجلی بچائیں۔

شمالی کیلی فورنیا میں دو مقامات پر پھیلی “بیک وورتھ کمپلکس” نامی جنگلاتی آگ نے ہزاروں ایکٹر اراضی کو متاثر کیا ہے اور ہفتے کو کوششوں سے اس پر جزوی طور پر ہی قابو پایا گیا تھا۔

درجۂ حرارت 37 سیلسیس اور اس سے زائد تک پہنچنے کی وجہ سے آگ کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ادھر قومی موسمیاتی ادارے نے پیر تک شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔

خبر رساں ادارے ‘ایسو سی ایٹڈ پریس’ کے مطابق ریاست کیلی فورنیا میں گرمی کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جمعہ کو “ڈیتھ ویلی نیشنل پارک” میں پارہ حیرت انگیز طور پر 54 ڈگری سینٹی گریڈ یا 130 فارن ہائٹ تک جا پہنچا۔ اگر یہ مصدقہ ہے تو یہ درجۂ حرارت جولائی 1913 کے بعد گرم ترین دن ہو گا۔

یاد رہے کہ جولائی 1913 میں کیلی فورنیا کے “فرنس کریک” نامی ریگستانی علاقے میں درجہ حرارت 57 ڈگری سینٹی گریڈ یا 134 فارن ہائٹ ریکارڈ کیا گیا تھا جو کرۂ ارض پر سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا درجہ حرارت سمجھا جاتا ہے۔

کیلی فورنیا کی شمال میں بھڑکتی ہوئی آگ کے باعث دو درجن سے زائد مکانات جل کر خاکستر ہو گئے ہیں۔ حکام نے 2800 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments