انگلینڈ میں موجود بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ایک کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت


فائل فوٹو
ویب ڈیسک — انگلینڈ میں موجود بھارتی کرکٹ اسکواڈ میں شامل ایک کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد اسے قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

بھارت کا 23 رکنی اسکواڈ برطانیہ میں موجود ہے جہاں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔ سیریز کا آغاز چار اگست سے ہو گا۔

اس سے قبل بھارتی کھلاڑی بائیو سیکیور ببل میں رہیں گے جس کے لیے برطانیہ کے شہر ڈرہم میں انتظامات کیے گئے ہیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے ‘پریس ٹرسٹ آف انڈیا’ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ بائیو سیکیور ببل کا حصہ بننے سے قبل ایک کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ متاثرہ کھلاڑی کو دیگر کھلاڑیوں سے الگ کر دیا ہے اور وہ جمعرات کو ٹیم کے ساتھ ڈرہم کے لیے سفر نہیں کریں گے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے متاثرہ کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا۔ البتہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کھلاڑی میں کرونا وائرس کی بھارت میں پائی جانے والی قسم ‘ڈیلٹا’ موجود ہو سکتی ہے۔ کرونا کی یہ قسم برطانیہ میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کھلاڑی کے کرونا کا شکار ہونے کی خبر ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب حال ہی میں کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے برطانیہ میں موجود انسدادِ کرونا کے ذمہ داران کو ایک ای میل بھیجی تھی جس میں کھلاڑیوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ کرونا وائرس سے متعلق احتیاط برتیں۔

جے شاہ نے کھلاڑیوں کو کہا تھا کہ وہ ہجوم والی جگہ جانے سے گریز کریں۔ خاص طور پر ای میل میں ومبلڈن اور یورو چیمپئن شپ سے متعلق ہدایات بھی موجود تھیں۔ ٹینس اور فٹ بال کے مذکورہ دونوں ایونٹس حال ہی میں اختتام پذیر ہوئے ہیں۔

سیریز سے قبل بھارتی اسکواڈ کو برطانیہ کے شہر ڈرہم میں قائم کردہ بائیو سیکیور ببل میں قیام کرنا ہے جس کے لیے کھلاڑی جمعرات کو ڈرہم پہنچیں گے۔

حال ہی میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست دی تھی جس کے بعد انگلینڈ کے خلاف سیریز کو بھارت کے لیے اہم سیریز قرار دیا جا رہا ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments