عید پر بیل قربان کرنے پر احمدیوں پر 298 سی کے تحت مقدمہ درج
تھانہ چناب نگر میں بطور سیکیورٹی کانسٹیبل تعینات محمد حسن شہزاد نے الیاس احمد بلوچ کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 298 سی کے تحت مقدمہ درج کروایا ہے کہ الیاس جو احمدی ہے، اس نے عید کے دن بیل قربان کیا ہے اور اس نے ایسا کر کے شعائر اسلام کا مذاق اڑایا ہے۔
ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ محمد حسن شہزاد عید کے پہلے دن لاری اڈہ چناب نگر پر سیکیورٹی کی ڈیوٹی کے سلسلے میں تعینات تھا کہ اسے اطلاع موصول ہوئی کہ الیاس احمد بلوچ سکنہ دارالعلوم چناب نگر جو قصاب کا کام کرتا ہے اور قادیانی ہے، تین چار نامعلوم افراد کے ہمراہ ریلوے پھاٹک مین بازار پر کھلی جگہ میں قربانی کے جانور ذبح کر رہا ہے۔
محمد حسن شہزاد وہاں پہنچا تو دیکھا کہ الیاس احمد اور دیگر افراد نے چھے سات بیل ذبح کر رکھے تھے اور کھالیں اتار رہے تھے۔ ”مذکورہ الیاس احمد نے قادیانی ہوتے ہوئے اپنے آپ کو مسلمان ظاہر کر کے قربانی کر کے شعائر اسلام کا مذاق اڑایا ہے“ ۔
دفعہ 298 سی کے تحت مجرم قرار پانے والے کو تین برس تک کی قید اور جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).