کراچی میں 6 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل: لاش کچرا کنڈی سے ملی

کراچی میں کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن سے گزشتہ روز لاپتہ ہونے والی چھ سالہ بچی ماہم کی لاش کچرا کنڈی سے مل گئی۔ بچی کی لاش کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بچی سے زیادتی کی تصدیق کر دی۔

 جناح ہسپتال کی میڈیکو لیگل افسر ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق بچی کو زیادتی کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر ناک اور منہ دبا کر اسے قتل کر دیا گیا۔ اس دوران بچی کی گردن کی ہڈی بھی ٹوٹ گئی۔

 کیس کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ بظاہر بچی کے ساتھ زیادتی کسی قریبی شخص نے کی اور پہچان ہوجانے کے ڈر سے اسے قتل کر دیا۔ ڈی آئی جی ایسٹ ثاقب اسماعیل میمن نے متاثرہ مقام کا دورہ کیا اور وہاں سے معلومات حاصل کیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ بچی کل رات گھر کے باہر کھیل رہی تھی، لائٹ گئی ہوئی تھی، بچی کا والد اس کو گلی میں کھیلتے ہوئے چھوڑ کر چلا گیا۔ حکام کے مطابق جب کافی دیر بچی واپس نہ آئی تو اہل خانہ نے تلاش شروع کی اور تھانے کو بھی رات گئے ہی اطلاع کی گئی۔

 تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ صبح 6 بجے کے قریب دری میں لپٹی ہوئی بچی کی تشدد زدہ لاش ملی۔ انھوں نے بتایا کہ جس جگہ لاش ملی وہاں ایک ویران اسکول اور گراؤنڈ ہے، گراؤنڈ میں نشے کے عادی افراد جمع رہتے ہیں۔

تفتیشی حکام نے بتایا کہ مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔ اہل خانہ کا انتظار کر رہے ہیں۔

Comments - User is solely responsible for his/her words