کورونا کا شکار جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی طبیعت بگڑ گئی
کورونا وائرس میں مبتلا سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی طبیعت ناساز ہو گئی۔ ڈاکٹرز نے ان کا دو بار معائنہ کیا ہے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو بولتے ہوئے تکلیف کا سامنا ہے، وہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر گھر میں قرنطینہ کیے ہوئے ہیں۔
عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو گزشتہ رات اسکین کے لئے اسپتال بھی لے جایا گیا۔ ان کی اہلیہ سرینا عیسیٰ کی طبیعت بھی گزشتہ روز بگڑ گئی تھی۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ڈاکٹرز نے گزشتہ روز مسز سرینا عیسیٰ کا بھی معائنہ کیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اڑھائی گھنٹے تک جوڈیشل کمیشن کے آن لائن اجلاس میں شرکت کی تھی۔ اجلاس کے بعد سے بولتے وقت سینے میں شدید دکھن شروع ہوئی جس پر انہیں اسکین کیا گیا، جبکہ مسز سرینا عیسیٰ کو ڈرپ کے ذریعے دو بار دوا دی گئی۔


