لندن میں بیٹے کے نکاح میں شرکت کے لیے حکومت سے درخواست نہیں کروں گی: مریم نواز


مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ لندن میں اپنے بیٹے جنید صفدر کے نکاح میں شرکت کے لیے حکومت سے ملک سے باہر جانے کی اجازت دینے کی درخواست نہیں کریں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ ’انتقامی کارروائی، جھوٹے مقدمے اور ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام ہونے کے باعث‘ اس نکاح کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ حکومت سے ملک سے باہر جانے کی درخواست نہیں کریں گی۔

مریم نواز کی جانب سے اپنے بیٹے کے نکاح کا کارڈ ایک ٹویٹ کے ذریعے شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ’میرے بیٹے کا نکاح عائشہ سیف الرحمان کے ساتھ 22 اگست کو ہو رہا ہے اور یہ تقریب لندن میں ہو گی لیکن بدقسمتی سے میں اس میں شریک نہیں ہو پاؤں گی۔۔۔‘

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1425469158318395402

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’میں اس وقت جیل میں تھی جب میری والدہ کی وفات ہوئی، اور اب میں اپنے بیٹے کی خوشیوں میں شریک نہیں ہو پاؤں گی۔ میں یہ معاملہ اللہ پر چھوڑتی ہوں۔‘

یہ بھی پڑھیے

فردوس عاشق اعوان: ’نواز شریف پاکستان کا ٹکٹ کٹوائیں جہاں جیل ان کی منتظر ہے‘

کابینہ: مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جائے گا

’ذاتی وجوہات کی وجہ سے خاموش تھی، مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹی‘

مریم نواز کی خاموشی کے ضامن؟

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا نام اگست 2018 سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ہے جس کی وجہ سے وہ بیرونِ ملک سفر نہیں کر سکتیں۔

ان کے والد اور پاکستان مسلم لیگ ن کے بانی نواز شریف العزیزیہ ریفرنس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نومبر سنہ 2019 میں طبی بنیادوں پر دی گئی ضمانت پر چھ ہفتے کے لیے ملک سے باہر چلے گئے تھے۔

سنہ 2019 کے اواخر میں لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے اپنا نام نکلوانے کی درخواست پر وفاقی حکومت کو ان کا موقف سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر وفاقی کابینہ نے ان کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کا فیصلہ کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp