کلمہ، بلو اور بے بی شارک!


اس دور کا المیہ یہ ہے کہ جو سماجی مسائل ہیں سو ہیں، مگر جو ”حکیمی“ سوشل سائنٹسٹ سماج پر مسلط ہیں وہ جملہ مسائل سے زیادہ بڑی بیماری ہیں۔ یہ اس مداری کی طرح ہیں جو کوئی کرتب دکھا کر تالیاں تو وصول کر لیتے ہیں، مگر اس بیچ جیب کترے اپنا ہاتھ دکھا جاتے ہیں۔ یہ سوال تو لازمی اٹھتا ہے جس کا جواب ابرار الحق کو دینا ہوگا کہ حضور آپ نے تو گود میں کلمے سنے تھے مطلب بقول آپ کے بہترین تربیت ہوئی تھی، تو پھر یہ بلو دے گھر وڑنے کی تحریک کہاں سے ملی؟

یا پروین، بڑی نمکین، اتوں مسکین، ویچوں شوقین والی“ اخلاقی ”شاعری کہاں سے سیکھی؟ وغیرہ وغیرہ۔ مگر اس وقت بنیادی مدعا کچھ اور ہے۔ اس پورے شور شرابے میں جہاں مذہب، موسیقی، سماجی تربیت اور سماجی جرائم کے حوالے سے مختلف باتیں ہو رہی ہیں وہاں انہوں نے ایک اور مدعا بھی غیر ارادی طور پر چھیڑ دیا ہے وہ ہے“بچوں کا سکرین ٹائم”۔ یہ غیر ارادی طور پر چھیڑا گیا مدعا اس وقت پوری دنیا کے لئے درد سر بنا ہوا ہے (ورنہ ابرار الحق کا مقصد تو اپنے پیرو مرشد کی طرح وہی مشرقی اور مغربی والی بین ہی بجانا تھا) تو اس پر کچھ روشنی ڈال لیتے ہیں تاکہ جوان ماں باپ بھی کچھ مستفید ہو سکیں۔

سب سے پہلے تو اس سلسلے میں کچھ سائنسی حقائق ان کے گوش گزار کرنا چاہوں گا تاکہ مزید بات کی جا سکے۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں آٹھ سال سے کم عمر بچوں کا اوسطاً موبائیل، ٹیبلیٹس وغیرہ کا استعمال یومیہ 2.25 ’گھنٹے ہے۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ نے 2018 سے جو ڈیٹا جمع کرنا شروع کیا تھا اور اس ابتدائی ڈیٹا سے وہ اس نتیجے پہ پہنچے ہیں کہ دو گھنٹے سے زیادہ کا استعمال بچوں میں سوچنے اور زبان سیکھنے کی صلاحیت کو کمزور کر دیتا ہے۔

سات گھنٹے سے زیادہ سکرین ٹائم cerebral cortex (دماغ کا وہ حصہ جو critical thinking یا reasoning کے لئے استعمال ہوتا ہے اس کو کمزور کر دیتا ہے۔ ڈاکٹر جینیفر کراس جو کہ اس پراجیکٹ کو لیڈ کر رہی ہیں ان کا کہنا ہے کہ ”حتمی طور پر اس ڈیٹا کے متعلق کچھ کہا نہیں جا سکتا ہے کہ اثرات کتنے مہلک ہوں گے مگر محتاط اندازہ یہی ہے چائلڈ ڈیویلپمنٹ پر موبائل سکرین ٹائم کے براہ راست اثرات پڑتے ہیں۔ بچے کے سوشل skills کو وہ دوسرے بچوں کے ساتھ کھیلنے میں یا بڑوں کے ساتھ تعلق میں تاریخی طور پر سیکھتا رہا ہے اور جو قدرتی عمل ہے، وہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ نتیجے کے طور پر ایسے بچے تنہائی، ڈپریشن، دنیا کے حوالے سے tunnel vision“ اور خود غرض انسان کے طور پر بڑے ہو رہے ہیں”

بچہ ڈیڑھ سے تین سال کی عمر میں زبان سیکھتا ہے اور یہ عمل زیادہ موثر اس وقت ہوتا ہے جب یہ interactive ہو یعنی اپنے ماحول سے، بڑوں کے ساتھ میل جول میں سیکھے نہ کہ موبائل سکرین سے جس میں سب کچھ یک طرفہ ہوتا ہے۔ امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس کی یہ سفارشات ہیں کہ 18 سے 24 ماہ تک کے بچے کو موبائل سکرین سے بالکل دور رکھا جائے۔ دو سے پانچ سال کی عمر میں روانہ ایک گھنٹے سے زیادہ کا سکرین ٹائم نہ ہونے دیا جائے۔ بچہ اگر چوٹ کھا لیتا ہے تو اس کو distract کرنے کے لئے اس کا پسندیدہ گانا موبائل پہ لگانا ایک اوچھی حرکت ہونے کے ساتھ ساتھ نفسیاتی طور پر نقصان دہ بھی ہے۔ تمام عمر ایسے بچے اپنے اور دوسروں کی تکالیف کے ردعمل میں distractions ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں بجائے کہ اس کا سامنا کریں اور اس کا حل نکالیں۔

اور سب سے اہم بات کو بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں پر بھی لاگو ہوتی ہے وہ یہ کہ سورج غروب ہوتے ہی ہمارے جسم میں melatonin ہارمون ریلیز ہونا شروع ہوتا ہے جو جسم کو سونے کے لئے تیار کرتا ہے۔ سکرین کی بلیو لائٹ اس ہارمون کے ریلیز ہونے کو روکتی ہے اور جسم کو ایکٹیو رکھتی ہے۔ جتنا یہ زیادہ ہوتا جائے گا اتنا sleep time کم سے کم ہوتا جائے گا اور بچوں میں خاص کر نشو و نما متاثر ہوتی ہے۔

اب آپ بیشک تین گھنٹے بے بی شارک سنائیں یا تین گھنٹے کسی خطیب کا خطاب یا نعتیں۔ موبائل سکرین ٹائم ایک جیسا ہوگا تو اس کے اثرات بھی ایک جیسے ہی ہوں گے ۔ مضر صحت (جو اوپر بیان کیے گئے ہیں)۔ تو جناب اس“ موبائل فون کے کثرت سے استعمال کے نقصانات والے مدعے کو مذہبی یا غیر مذہبی مسئلہ نہ بنائیں اس کو اس کی اصل میں ہی سمجھیں اور ایڈریس کریں۔ یہ تو اس مسئلے کا وہ پہلو تھا جس پر“ فلاسفر صاحب” نے اپنے علم کا ایک چھینٹا بھی نہیں پڑنے دیا، نہ ہی اللہ انہیں کبھی توفیق دے گا۔

رہی بات تربیت کی تو یہ بالکل تسلیم شدہ بات ہے کہ ابتدائی تربیت گھر سے ہوتی ہے پھر سکول اور پھر معاشرے سے، مگر سماجی جرائم کا صرف یہ ایک پہلو نہیں ہے کہ تربیت اچھی نہیں تھی تو بس جرائم ہو گئے، اس سے زیادہ اہم عنصر قانون اور انصاف کی کمزوری ہے، مجرموں کا سزا سے یا جو حرکت وہ کر رہے ہیں اس کے نتائج سے بے خوف ہونا ہے کہ“ صاحب کچھ بھی نہیں ہوگا ”اب یہ چاہے اشارہ توڑنا ہو یا کسی کا دوپٹہ کھینچنا ہو اس کو کرنا شروع کریں تو اسی کی بنیادی نفسیات ایک ہی ہے، لاقانونیت۔

آخر میں بات کریں خود ”ابرار الحق“ کی کہ وہ خود کس پراسس کا یا phenomena کا عکس یا شخصی اظہار ہیں؟ تو خلاصہ یہ بنتا ہے کہ ایک مڈل کلاس آدمی جس نے اوائل جوانی میں ”بلو“ کے گھر کے باہر لائن لگوانے والے خیالات بیچ کر پیسے کمائے، کبھی پنجابن کو نچا کر مال بنایا تو کبھی پریتو کو سائیکل پر بٹھایا یا جی ٹی روڈ پر پھرایا تاکہ ”گڈی سے گڈی وج جائے“ تو کبھی پروین کے نمکین یا میٹھے ہونے کا اعلان کر کے داد وصول کی۔ اب جب رج گئے تو شروع ہوا existential crisis کہ سماج کے لئے کیا کریں، ان کے اپنے یا باقی خیراتی اداروں کے سماجی اثرات پر کبھی الگ سے بات کریں گے فی الحال اس کو skip کر کے سیاست پہ آ جاتے ہیں۔ سیاست میں آ کر یہ ٹکرائے عمران خان صاحب سے۔ اب جب کہ ہمارے ملک کے مفکر وزیراعظم جو کہ ”عقل کل“ بھی ہیں سماجی مسائل کو سمجھنے سے بالکل عاری دماغ سے ہوا میں مکے مارتے مارتے پاکستانی قوم کے پسندیدہ فیلڈ آف پلے میں کھیلنا شروع کر دیا یعنی ”مذہب“ میں۔

ریاست مدینہ کے متبرک نعرے لگائے اور یہ بیانیہ دیا کہ ہماری اخلاقی اور سماجی گراوٹ کا ذمہ دار مغرب ہے، تو ابرار الحق صاحب بھی ساتھ میں ہی کود پڑے کیونکہ بلو اب بوڑھی ہو گئی ہے، اور موجودہ حالات میں اتنی ”ترقی“ ہو گئی ہے کہ گھر جا کے چھیڑنے کا تکلف بھی نہیں رہا، اب تو سرعام دن دھاڑے ہاتھ صاف کرنے والی نسل انھی ”آئیڈیلز“ کو دیکھ کر اور سن کر جوان ہو کر تیار کھڑی ہے تو اب ضروری ہے کہ ہر مڈل کلاسیے کی طرح مندی کے دور میں جو چیز سب سے زیادہ اور اچھی بکتی ہے، اس طرف دھیان دیا جائے یعنی مذہبی جذبات۔ آپ کو ایک نہیں سینکڑوں ایسے شوبز کی خواتین و حضرات ملیں گے جو جب تک ڈیمانڈ میں ہوں یا گمنام ہوں تو اپنے جلوے بیچتے ہیں، کچھ مندا چل پڑے یا تھوڑے سٹیبل ہو جائیں تو مذہبی جذبات بیچنا شروع کر دیتے ہیں۔

اس حکومت کا یہ وتیرہ بن چکا ہے کہ مسائل کی جانچ اور حل پر بات کرنے کی بجائے لایعنی موضوعات چھیڑتے چلے جائیں۔ عوام پہ ابرار الحق کا دھرا عذاب الگ ہے کہ ان کے لچر گانے بھی سنیں اور ان سے بھاشن بھی۔ اور جاتے جاتے ایک اور بات بھی سن لیں، اگر یہ ”اخلاقی زوال“ کے حوالے سے آپ کی ”ریسرچ“ موجودہ جوان نسل کی حرکتوں کو دیکھ کر ہوئی ہے تو براہ کرم یہ نوٹ فرما لیں کہ آج کا بیس سالہ نوجوان اس وقت گود میں پل رہا تھا جب پاکستان میں موبائل اور انٹرنیٹ ابھی ابھی شروع ہوا تھا اور صرف امرا کے استعمال میں ہوتا تھا۔ تو یہ نسل بھی آپ کی طرح گودوں میں کلمے ہی سنتی رہی ہے۔ ”بے بی شارک“ سننے والی پود کیا رنگ کھلاتی ہے وہ ابھی دیکھنا باقی ہے۔