بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں "نیکی پھیلاؤ” وائرس کی آمد!

بات یہ ہے کہ جنوب میں ہم صرف ملتان تک ہی گئے ہیں، 2010 کے سیلاب کے دنوں میں، اور شدید گرمی اور حبس کا مزہ چکھا تھا۔
مگر سنا یہی تھا کہ بہاولپور بھی کافی گرم علاقہ ہے جو صحرائے چولستان میں شامل ہوتا ہے۔ مگر یہ کتنا ”گرم“ علاقہ ہے اس کا یقین ڈان نیوز میں چھپنے والی خبر اور نئے ایم ایس ( جن کو تعینات ہوئے ہفتہ بھی نہیں ہوا ) کے نوٹیفکیشن سے ہوا ہے کہ وہ کتنی ”گرمجوشی“ سے ہسپتال کا انتظام دیکھ رہے ہیں اور ان کی ترجیحات کیا ہیں۔
خدا جھوٹ نہ بلوائے، پہلے تو یہ خبر پڑھ کر رشک ہوا کہ بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال کے تمام جملہ مسائل شاید حل ہو گئے ہیں تو نئی انتظامیہ نے آ کر ان نان پروڈکٹیو کاموں میں ہاتھ ڈالا ہے۔ مگر یہ خیال تب چکنا چور ہوا جب صرف جولائی کی تین بڑی خبریں نظر سے گزریں۔ ( عوام کو فی الحال گولی ماریں، انہوں نے تو مرنا ہی انسان کی موت ہے ) صرف ڈاکٹروں کے حوالے سے تین بڑی خبروں کا ذکر کرتے ہیں۔
1۔ مورخہ 12 جولائی کو ڈاکٹرز ہاسٹل کی بوسیدہ بلڈنگ میں ناقص وائرنگ کی وجہ سے آگ لگی اور کئی کمرے جل کر خاکستر ہو گئے۔ ناقص بلڈنگ اور وائرنگ نہ اس وقت کی انتظامیہ کا مسئلہ تھا، نہ اب کی انتظامیہ کا مسئلہ ہے۔ آگ تو لگتی رہتی ہے۔ اسی آگ کے دھوئیں میں ینگ ڈاکٹرز نے کھانستے ہوئے یہ دہائی دی کہ گرلز ہاسٹل بھی تین سال پہلے بوسیدگی کی وجہ سے ”رہنے کے لئے خطرناک قرار دیا جا چکا ہے“ ، جو شاید اگلی کسی بھی بارش میں مکینوں کے ساتھ سجدہ ریز ہو سکتا ہے۔ مگر نئے ایم ایس کے لئے یہ مسئلہ بھی کوئی اتنا گرم مسئلہ ( ہاٹ ایشو ) نہیں ہے۔
2۔ دوسری خبر آئی کہ 21 جولائی کو ایک اسسٹنٹ پروفیسر کو چند غنڈوں نے زد و کوب کیا اور راڈ سے حملہ کر کے بایاں بازو توڑ دیا۔ اب آپ کہیں گے کہ سیکورٹی کا مسئلہ ارجنٹ ہوتا ہے یا گرم ہوتا ہے۔ حوصلہ رکھیئے، یہ بھی ٹھنڈا مسئلہ ہے، ملک کے طول و عرض میں سر ور بھی پھاڑے گئے ہیں، یا سیدھی گولیاں بھی ماری گئی ہیں، یہ تو صرف ایک ہڈی ہے، جڑ جائے گی، دوبارہ ٹوٹنے کے لئے۔
3۔ تیسری بڑی خبر جو 13 جولائی کو وائی ڈی اے کے پیج پر لگی کہ بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال پوسٹ گریجویشن کی ٹریننگ کے قابل ہی نہیں رہا نتیجے کے طور پر اس سال CIP میں کوئی ٹرینگ سیٹ نہیں رکھی گئی۔ اب آپ اوتاولے ہو رہے ہوں گے کہ نئے ٹرینیز نہیں آئیں گے تو جو ہیومن ریسورسز کا اور ڈیوٹیوں کا گیپ ہوگا وہ کون پورا کرے گا؟ اس مسئلے کی حرارت بھی تھرمامیٹر سے چیک کی تو پتہ چلا یہ بھی ٹھنڈا ٹھار ہے۔ زیادہ سے زیادہ یہ ہوگا کہ عوام قلیل عملے کی وجہ سے بپھر کر پھر کسی کا سر ور توڑ دے گی یا شیشے ویشے توڑ دے گی۔
نئے ایم ایس کو درپیش مسائل پر بھی تو دردمندانہ دل سے سوچیں تو پتہ لگے گا کہ ہاٹ ایشوز کیا ہیں جن پر پہلے ہفتے میں ہی غور کیا گیا
1۔ کوئی ایسی سینڈل نہ پہنے، جس سے آواز پیدا ہو اور لوگ گردن موڑ کے دیکھیں۔
2۔ کوئی ایسی لپ سٹک نہ لگائے کہ انتظامیہ کی دل کی دھڑکنیں تیز ہو جائیں۔
3۔ کوئی شدت پسند ہیر اسٹائل نہ بنائے ( اب یہ extreme hair style کون سے ہوتے ہیں اور کتنے مہلک ہوتے ہیں اس کا مجھے نہیں پتا )
4۔ پھر آستین کی لمبائی، گلے کی گہرائی، مٹیریل کی موٹائی، پاجامے کی اونچائی، میٹرنٹی گاؤن (حاملہ سٹاف کے لئے) کی گولائی، ان سب پر سیر حاصل احکامات دیے گئے۔ نوٹیفکیشن دیکھ کر ایک لمحے کے لئے لگتا ہے کہ کسی ٹیچنگ ہسپتال کا نوٹس نہیں بلکہ کسی درزی کی ڈائری ہے یا کسی ابھی ابھی بالغ ہونے والے متجسس نوجوان کی وش لسٹ۔
میں چشم تصور سے یہ منظر دیکھنے کی کوشش کرتا رہا ہوں کہ جب نئے صاحب بہادر دفتر پدھارے ہوں گے تو ماتحت عملہ فائلیں بغلوں میں دابے کھڑے ہوگا، ان میں شاید ایک فائل بوسیدہ ہاسٹل خالی کرا کر نئے ہاسٹل اور تب تک کے لئے ان ”ایمان شکن“ خواتین کو متبادل محفوظ بلڈنگ میں منتقل کرنے کی بھی ہوگی جو تین سال سے گھوم رہی ہے۔ مکمل ٹھنڈی ہو چکی ہے۔ ایک فائل شاید جلے ہوئے مردود ہاسٹل کے کمروں کی وائرنگ کے حوالے سے بھی ہوگی کہ ان مردود حرم ڈاکٹروں کو جل کر سیخ کباب بننے سے کیسے روکا جائے۔
پھر لاتعداد فائلیں ادویات اور آلات کی ہوں گی یا بستروں کی کمی کے حوالے سے ہوں گی جس کی وجہ سے ایک بستر پر دو جان بلب مریض لیٹ کر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کرتے اور تبادلہ ”فاضل مواد“ بھی کرتے ہیں۔ یا کوئی بھولی بھٹکی فائل کہ مستحق مریضوں کے لیے مفت ادویات کے حوالے سے یا آپریشن کے سامان کے حوالے سے ہوگی وغیرہ۔
مگر ایم ایس صاحب نے بھلا ”چکی“ ہوگی کون سی فائل؟ وہ فائل جس پر کوئی فنڈز نہیں لگنے ہیں نہ ہی خرچہ ہونا ہے، بلکہ ہر طرف چرچا ہی چرچا ہونا ہے کہ دیکھیں جی دیکھیں، کیسے نیک صاحب آئے ہیں۔ تو صاحب بہادر نے جنبش قلم سے درزی نامے نما نوٹیفکیشن پہ دستخط کرتے ہوئے شاید یہ جملہ کہا ہوگا
” ہم اس ہسپتال میں صرف مریضوں اور لواحقین کا ایمان بچا سکتے ہیں، جان بچانے والے کاموں میں بڑا پیسہ لگتا ہے، وہ ہم افورڈ نہیں کر سکتے“
باقی چاہے بیشک کسی کو ناقص وائرنگ کی بدولت شارٹ سرکٹ کی وجہ سے کرنٹ لگے، یا سوتے میں جل مرے۔ گرلز ہاسٹل کی بلڈنگ ہماری عقل کی طرح زمین بوس ہو جائے یا بارش میں بہہ جائے۔ کوئی بپھرا ہوا مریض کا رشتہ دار ناکافی سہولیات اور غیر تسلی بخش علاج کی وجہ سے کسی ڈاکٹر کے ہاتھ پیر توڑ دے یا جان سے مار دے، ہماری بلا سے! ان چیزوں کا ہم کچھ نہیں کر سکتے ہم صرف گرم مسائل کرنے کے لئے ہیں یا وہ مسلے جن کی وجہ سے ہم خود گرم ہو جاتے ہیں۔ گرما گرم مسائل کے ایسے ہی ٹھنڈے حل نکالے جاتے ہیں، ملک کے باقی ہسپتال بھی کچھ سیکھ لیں۔
ینگ ڈاکٹرز اور خاص کر خواتین ڈاکٹرز کو چاہیے کہ ان جلے ہوئی کمروں کی کالک جو انتظامیہ کی نا اہلی، کرپشن اور کالے کرتوتوں جیسے کالی ہوگی، وہ اپنے ہونٹوں پر لگا کر ایم ایس صاحب سے کہیں ”کہ سر آپ پوچھیں گے نہیں کہ یہ والا ڈارک شیڈ کہاں سے لیا ہے؟“
علامہ اقبال کئی سال پہلے کہہ گئے تھے۔
ہند کے شاعر و صورت گر و افسانہ نویس
آہ بیچاروں کے اعصاب پہ عورت ہے سوار۔ !

