موسم کا حال اور شادی


یار بہت دن بعد ملے ہو یہ بتاؤ تمہاری شادی کیسی چل رہی ہے۔ بیچ میں کچھ ایسی ویسی بات سننے میں آئی تھی۔

بات یہ ہے کہ ایک ہوتا ہے نا مزے دار، چٹخارے دار کھانا وہ بہت جلدی ختم ہوجاتا ہے، اور جو ہوتا ہے پھسا پھسا بے دلی سے پکا ہوا کھانا وہ بہت بچ جاتا ہے۔ سو ہماری شادی مزیدار کھانے کی طرح تھی۔

یہ کیا بات ہوئی۔
(لہراتے ہوئے ) بس تھوڑی سی بچی ہے، باقی ختم۔ تم اسے بچی کھچی شادی کہہ سکتے ہو۔
یار تم اب تک ویسی ہی اوٹ پٹانگ باتیں کرتے ہو۔ ٹھیک سے بتاؤ، حالات کیسے چل رہے ہیں۔

بس جیسے موسم کے حالات ہوتے ہیں کبھی دھوپ نکلی ہوئی ہے، کبھی بوندا باندی ہو رہی ہے۔ ایک مرتبہ ٹورنیڈو آیا تھا سو بہت کچھ ختم ہو گیا جو بچ گیا سو بچا لیا اور اسے آئندہ کے لئے محفوظ کر لیا تم اسے جو چاہو کہو۔ میں اسے بچی کھچی شادی کہتا ہوں۔

سو کب تک چلے گی۔
پہلے سوچا تھا لڑکی کی شادی ہو جائے پھر اسے ڈمپ کر دیں گے۔ صاحب زادے سے مشورہ کیا تو۔
تم ایسی باتوں میں بیٹے سے مشورہ کرتے ہو؟

ہاں تو مجھ میں اور اس میں عمر کا ہی تو تھوڑا سا فرق ہے۔ داڑھی میری بھی ہے، داڑھی اس کی بھی ہے۔ جتنا میں نے پڑھا تھا اتنا اس نے بھی پڑھ لیا۔

پھر اس نے کیا کہا۔
کہنے لگا میری شادی تک رک جائیں۔

میں نے کہا کیوں۔ تو تو گوری سے شادی کر رہا ہے جا کر کورٹ میں ایک دستخط مار آ۔ کہنے لگا اس کو ہی شوق ہے کہتی ہے جب دلہن بن کر ”قبول ہے“ کہوں گی تو کتنا اچھا لگے گا۔

میں نے کہا باؤلا ہوا ہے اس سے کہاں کہا جائے گا قبول ہے، وہ تو کہے گی۔ ”کا بول ہے۔

خیر، بہرحال موسم حسب حال ہے اور چند مہینے ایسے ہی رہنے کی توقع ہے بعد ازاں جھکڑ چلیں گے، بوندا باندی ہوگی، تیز بارش اور طوفان کا بھی امکان ہے مگر یار اس وقت دیکھا جائے گا۔ اب تو چلو چل کر کچھ پیتے پلاتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments