ملک بھر میں قائم پناہ گاہوں میں جشن عید میلاد النبی کا دن تزک احتشام سے منایا گیا
ملک بھر میں قائم پناہ گاہوں میں جشن عید میلاد النبی کا دن تزک احتشام سے منایا گیا۔ اس موقع پر قرآن خوانی اور نعت خوانی کی محافل سجائی گئیں اور پناہ گاہ میں آنے والے مستحقین کی روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔ وزیر اعظم کے فوکل پرسن نسیم الرحمٰن نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں قائم پناہ گاہوں کا خصوصی دورہ کیا اور پناہ گاہوں میں جشن عید میلاد النبی کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ انھوں نے پناہ گاہ ترنول کے دورہ کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔
بارہ ربیع الاول کا مبارک دن تمام مسلمانوں کو وحدت کی لڑی میں پرونے کا ذریعہ ہے اور ہم مسلمانوں کو حب رسول کی بنیاد پر اتحاد، اتفاق اور اخلاص کی دعوت دیتا ہے۔ پناہ گاہوں کا قیام دراصل غریب پروری کی ایک بہترین مثال ہے جو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کا خاصہ ہے جنھوں نے غریب طبقے کو اوپر اٹھانے کے لئے اپنی تعلیمات کے ذریعے سماجی انقلاب برپا کیا جس کے اثرات آج پوری دنیا میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا حل سیرت نبوی کو سمجھنے اور اس کی پیروی میں پوشیدہ ہے۔
ملک بھر میں پناہ گاہوں کے قیام کے منفرد پراجیکٹ کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے جو ہمیشہ غریب کی فلاح کے لئے سوچتے ہیں۔ قطعی طور پر ملک بھر میں پناہ گاہوں کا قیام فلاحی ریاست کی طرف ایک عظیم پیش رفت ثابت ہو گا۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے اس سال جشن عید میلاد النبی کو سرکاری سطح پر شایان شان طریقے سے منانے اور سرکاری اداروں میں خصوصی محافل سجانے کا حکم دیا۔ جس کی تعمیل میں پناہ گاہوں میں بھی جشن میلاد النبی کا خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا۔






