پنجاب اسمبلی، نکاح اور خالص مسلمان


پنجاب اسمبلی نے ایک بڑی چینی الیکٹرانک کمپنی کو ایک خاص قسم کی الٹراساؤنڈ مشین بنانے کا ٹھیکہ دیا ہے۔ یہ الٹراساؤنڈ مشین پنجاب کی حاملہ ماؤں پر استعمال کی جائے گی۔ اس مشین کے ذریعے تین دن یا اس سے زیادہ عرصے کی حاملہ ماں کے رحم میں بچے کے ساتھ ایمیل یا وٹس ایپ کے ذریعے گفتگو کی جا سکے گی۔ بچے کو انٹرویو کیا جائے گا۔ بچے سے مختلف سوالات پوچھے جائیں گے۔ اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ بچہ ایک سچے مسلمان کے طور پر پیدا ہو اور بڑا ہو کر احمدیوں سے اتنی نفرت کر سکے جتنی پنجاب اسمبلی کے اسلام نے ہمیں سکھانے کی کوشش کی ہے۔ اس جدید الٹراساؤنڈ مشین کے ذریعے بچے سے مندرجہ سوالات پوچھے جائیں گے۔

ہمارے بابا رحمتے کے صادق اور امین وزیراعظم کے مطابق پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کس کو کہا جاتا ہے؟ نیز یہ بھی بتائیں کہ ایک فوجی حکمران کو وردی میں دس مرتبہ صدر بنانے کی خواہش اور اعلان سے پاکستان میں جمہوریت کو کیا کیا فائدے ہو سکتے ہیں۔

ایک کمزور حکومت پر دباؤ ڈال کر اپنے بیٹے کو وفاقی وزیر بنوانے، باوردی شجاع پاشا کے ساتھ ڈنر پر اپنی پارٹی کو بچانے کی درخواست کرنے اور مولانا طارق جمیل کی جانب سے اسلام کی خدمت کے لیے چنے جانے سے ختم بنوت کی تحریک کو کیا کیا فائدے ہوں گے؟

ہمارے ہینڈسم وزیراعظم کے مطابق آفس اسسٹنٹ اور وزیر داخلہ کی ذمہ داریوں میں کیا فرق ہے؟ اور اگر کوئی شخص وزیر داخلہ بن کر بھی آفس اسسٹنٹ کا کام ہی جاری رکھے تو اس کے مالکوں کو کیا انعام دینا چاہیے۔

ہمارے گورنر سٹیٹ بنک اور سینئر تجزیہ کار صابر شاکر کے مطابق پاکستانی روپے کی قیمت مسلسل کتنی تیزی سے گرے کہ ہم صومالیہ جتنے امیر اور ترقی یافتہ ہو جائیں؟

آٹھ کا ہندسہ، عین سے شروع ہونے والا نام اور شہر کے گندے نالے میں مزے سے تیرتا ہوا لتر چاند گرہن سے ایک ہفتہ پہلے اکٹھے ہو کر عطارد کی پیٹھ پیچھے چھپ جائیں تو اس سے وزیراعظم ہاؤس میں کون سی تبدیلیاں متوقع ہوتی ہیں؟ اور ان سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔ مطلب اس مصیبت کا توڑ کس جادو سے ممکن ہے۔

رحونیت کسے کہتے ہیں اور اسے سپر سائنس بنانے کے لیے کون سے پتھر کی انگوٹھیاں زیادہ مفید ثابت ہو سکتی ہیں؟

ایک احمدی کو پاکستان کا پہلا وزیرخارجہ مقرر کرنے والے شخص کو دوزخ کے کون سے درجے میں رکھا جائے گا؟

اسلام دشمن ممالک جنہوں نے احمدیوں کو غیر مسلم قرار نہیں دیا ان کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کے ننانوے فوائد بیان کریں۔

کیا کسی احمدی کو بہشتی زیور تحفے میں دیا جا سکتا ہے یا نہیں؟

غریب ہندو اور مسیحی خاندانوں کی ٹین ایج بچیوں کو زبردستی مسلمان کر کے چپکے سے ان کے ساتھ شادی کرنے کا ثواب تو ملتا ہے۔ کیا پچیس تیس سال کے غریب ہندو یا مسیحی خاندان کے مرد کو مسلمان کر کے اپنی بہن یا بیٹی سے اس کی شادی کرنے کا ثواب بھی ملتا ہے؟

صرف اس بچے کو پاکستان میں پیدا ہونے کی اجازت دی جائے گی جو اس امتحان میں پاس ہو گا۔ پاسنگ مارکس تینتیس ہوں گے۔

اس الٹراساؤنڈ مشین کو بنانے کے اخراجات پورے کرنے کے لیے چین، فرانس اور سومالیہ سے درمیانی شرح سود پر قرض لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ قرض ابھی تک مل جانا تھا لیکن عمران خان کے “پنجاب کا سب بڑا ڈاکو” والے بیان اور کواپریٹیو سکینڈل میں لاکھوں لوگوں کی سیونگز کو ہڑپ کر جانے کی وجہ سے بے اعتباری اور بھی بڑھ گئی ہے۔ اور یہ قرض دینے والے لوگ بخل سے بھی کام لے رہے ہیں۔

اگر قرض نہ مل سکا تو پھر طالبان سے رابطہ کیا جائے گا۔ وہ اغواء برائے تاوان کے ذریعے سے مال اکٹھے کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ایک اچھے معاوضے پر وہ اس نیک کام میں پنجاب اسمبلی کی مدد ضرور کریں۔ اس طرح پنجاب میں آئندہ پیدا ہونے والے بچے نیک اور خالص مسلمان ہوں گے اور احمدی کمیونٹی کے ساتھ نفرت اور دشمنی ان کے ایمان اور عقیدے کا لازمی جزو ہو گا۔

پاکستان کا یہی ایک مسئلہ رہ گیا تھا اور پنجاب نے اسے حل کرنے کا بیڑا اٹھا لیا ہے۔

تاریخ اشاعت: Oct 29, 2021 

 

سلیم ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 355 posts and counting.See all posts by salim-malik

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments