پاکستان،چین اور روس سمیت 10 ملکوں میں مذہبی آزادیوں کی خلاف ورزی ہوئی: سالانہ امریکی رپورٹ


امریکی وزیر خارجہ نیروبی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے۔ 17 نومبر 2021ء

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے چین، روس اور آٹھ دیگر ملکوں کو آزادی مذہب کی خلاف ورزیوں میں ملوث قرار دیا ہے۔

بدھ کے روز جاری ایک بیان میں بلنکن نے کہا کہ 10 ملک ایسے ہیں جہاں آزادی مذہب کے زمرے میں آنے والی منظم، جاری، قابل مذمت نوعیت کی خلاف ورزیاں برداشت کی جاتی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ ہرسال اس طرح کے ملکوں کی فہرست تیار کرتا ہے۔

رواں سال کی فہرست میں چین اور روس کے علاوہ شامل دیگر آٹھ ممالک میں میانمار، شمالی کوریا، سعودی عرب، ایران، اریٹریا، تاجکستان، ترکمانستان اور پاکستان شامل ہیں۔

گزشتہ سال نائجیریا بھی اس فہرست میں شامل تھا، جس کا نام اس سال کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔بلنکن آئندہ ہفتے نائجیریا کا دورہ کرنے والے ہیں۔

اس فہرست کی ‘واچ لسٹ’ میں جن نئے ملکوں کو شامل کیا گیا ہے ان میں الجیریا، کوموروز، نکاراگوا اور کیوبا شامل ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ ان ملکوں میں ”آزادی مذہب کی نوعیت کی شدید خلاف ورزیاں ہوتی ہیں یابرداشت کی جاتی ہیں”۔

بلنکن کے بقول، ”ہم یہ دیکھتے ہیں کہ دنیابھر کے مختلف مقامات پر حکومتیں اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کی اجازت نہیں دیتیں، ایسے افراد کو ہراساں یا گرفتار کیا جاتا ہے، دھمکیاں دی جاتی ہیں، قید کیا جاتا ہے یا افراد کو مار دیا جاتا ہے محض اس بنا پر کہ ان کے عقائد مختلف ہیں”۔

دوسری جانب، بدھ کے روز بلنکن نے افریقہ کے تین ملکوں کے پانچ روزہ دورے کا آغاز کیا، جس دوران وہ براعظم افریقہ کے رہنماؤں سے ملیں گے اور دیگر امور کے علاوہ جمہوریت کو درپیش بڑھتے ہوئے خطرات کے معاملے پر گفتگو کریں گے۔

[اس خبر میں شامل مواد ایجنسی فرانس پریس کی رپورٹ سے لیا گیا]

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments