افغانستان کے معاملے پر دلی میں انڈیا کا وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ اجلاس، کیا یہ او آئی سی اجلاس کا جواب ہے؟

عمیر سلیمی - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد


افغانستان کی صورتحال پر سعودی عرب کی تجویز اور پاکستان کی میزبانی میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزرا خارجہ کی کونسل کا 17واں غیر معمولی اجلاس اتوار کو اسلام آباد میں ہو رہا ہے جس میں طالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل شرکت کر رہے ہیں۔

او آئی سی کے کُل 57 اراکین میں سے 20 کے وزرا خارجہ اسلام آباد میں اس اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں جبکہ 10 کے نائب وزرا یا وزیر مملکت اپنے ملکوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

اجلاس میں اقوام متحدہ، یورپی یونین، عالمی مالیاتی اداروں، علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں، جاپان، جرمنی اور دیگر نان او آئی سی ممالک کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

مگر اسی دوران انڈیا میں بھی اتوار کو افغانستان میں بحران اور علاقائی روابط پر ایک ڈائیلاگ ہو رہا ہے جس میں وسط ایشیائی ممالک کرغزستان، تاجکستان، قزاقستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہیں۔

اس ایک روزہ انڈیا-سینٹرل ایشیا ڈائیلاگ کی صدارت انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر کر رہے ہیں اور اس میں کرغزستان، تاجکستان، قزاقستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ شامل ہیں۔

اپنی نوعیت کی اس تیسری کانفرنس میں افغانستان کے علاوہ علاقائی روابط اور تجارت پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق تاجک وزیرِ خارجہ سروج الدین مہرالدین انڈیا کا دورہ مذکورہ ڈائیلاگ کے ساتھ ساتھ دو طرفہ دورے کے سلسلے میں بھی کر رہے ہیں۔

گذشتہ ماہ نومبر کی 10 تاریخ کو ان تمام وسط ایشیائی ممالک کے مشیرانِ قومی سلامتی نے انڈیا میں ایسے ہی ایک اور ڈائیلاگ میں شرکت کی تھی جس کا موضوع افغانستان تھا۔

اس ڈائیلاگ میں روس اور ایران کے مشیرانِ قومی سلامتی بھی تھے۔

https://twitter.com/DrSJaishankar/status/1472238549781016576

دلی میں اتوار کو ہونے والے اجلاس میں شریک یہ ممالک او آئی سی کے رکن ہیں اور ان میں سے تین (تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان) کی سرحد افغانستان کے ساتھ لگتی ہے۔

لیکن اُن کے وزرائے خارجہ نے اسلام آباد میں او آئی سی کے اجلاس میں جانے کے بجائے انڈیا جانے کا فیصلہ کیا جس سے یہ سمجھا جا سکتا ہے کہ وہ افغانستان کے معاملے پر انڈیا سے بھی تعاون برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

افغانستان پر پاکستان میں او آئی سی اجلاس، انڈیا میں ڈائیلاگ

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے او آئی سی اجلاس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ او آئی سی کے وزرا خارجہ کی کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کرنا پاکستان کے لیے انتہائی مسرت کا موقع ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ’یہ غیر معمولی اجلاس افغانستان کی بگڑتی ہوئی صورتحال بالخصوص انسانیت کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لے گا اور افغان عوام کی مدد کے لیے ایسے ٹھوس اقدامات تجویز کرے گا جنھیں عالمی برادری کی جانب سے حمایت و تعاون کی اشد ضرورت ہے۔‘

https://twitter.com/SMQureshiPTI/status/1472154519278551041

پاکستان نے ماضی میں افغانستان کی صورتحال پر او آئی سی کے اجلاس میزبانی کی ہے۔ مگر افغانستان کے ایک سابق نائب وزیر خارجہ محمود صیقل نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ سنہ 1980 میں افغانستان میں سوویت مداخلت پر بھی پاکستان نے او آئی سی وزرا خارجہ اجلاس کی میزبانی کی تھی مگر اس بار او آئی سی کے کسی غیر جانبدار رکن کو اجلاس کی میزبانی کرنی چاہیے تھی۔

اسی دوران انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں پانچ مسلم اکثریتی وسط ایشیائی ممالک کے وزرائے خارجہ کی ایک ڈائیلاگ میں شرکت سے کچھ حلقے یہ تاثر لے رہے ہیں کہ یہ ڈائیلاگ ایک طرح سے پاکستان میں ہونے والے او آئی سی اجلاس کے جواب میں کیا جا رہا ہے۔

انڈیا کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ پانچوں وزرا خارجہ مشترکہ طور پر وزیر اعظم نریندر مودی سے رابطہ بھی قائم کریں گے۔

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اس موقع پر شرکا سے مخاطب ہو کر کہا کہ ’ہم سب افغانستان کے ساتھ گہرے تاریخی اور تہذیبی تعلقات بھی رکھتے ہیں۔ اس ملک میں ہمارے تحفظات اور مقاصد ایک جیسے ہیں: ایک جامع اور نمائندہ حکومت، دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف جنگ، بلا روک ٹوک انسانی امداد کو یقینی بنانا اور خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ۔‘۔

اُنھوں نے دورہ کرنے والے وزرا سے کہا کہ ’ہمیں افغانستان کے لوگوں کی مدد کے طریقے تلاش کرنے چاہییں۔‘

’انڈیا اور پاکستان کی کانفرنس کا موازنہ نہیں بنتا‘

پاکستان کے سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کے مطابق اسلام آباد میں اس اجلاس کی کافی اہمیت ہے چونکہ پاکستان افغانستان کا ہمسایہ ہے اور افغانستان میں صورتحال اس وقت گمبھیر ہے۔ ’وہاں ابھی سیاست کی نہیں، عالمی امداد کی ضرورت ہے۔ مسلمان دنیا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے۔‘

انھوں نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں او آئی سی اجلاس کا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ افغان شہریوں تک کیسے مدد پہنچائی جائے۔

انڈیا میں افغانستان پر ڈائیلاگ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب کو معلوم ہے وہاں انڈیا کا کیا کردار رہا ہے۔ ’اگر انھوں نے طالبان کے ساتھ رابطہ نہیں رکھا اور سابقہ حکومت کے ساتھ ہی سب روابط رکھے تو اس میں ہمارا کوئی لینا دینا نہیں۔‘

ان کے مطابق بظاہر سب یہی چاہتے ہیں کہ افغانستان میں کسی طریقے سے استحکام لایا جا سکے اور اگر انڈیا کا بھی یہی ارادہ ہے تو یہ بات قابلِ فہم ہے۔

اعزاز چوہدری کے مطابق ترکمانستان، ازبکستان اور تاجکستان سمیت وسط ایشیائی ممالک کے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اس لیے انڈیا اور پاکستان کی کانفرنس کا ’کوئی موازنہ نہیں بنتا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے کہ وہ طالبان کی آمد کے بعد افغانستان پر عائد کی گئی پابندیاں ہٹائیں۔ ’یہ انسانی ہمدردی کا معاملہ ہے، یہ کوئی سیاست نہیں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید کرنی چاہیے کہ او آئی سی اجلاس سے افغانوں کے لیے کوئی راستہ نکل سکے، اس بات سے قطع نظر کہ انڈیا کے کسی منصوبے سے پاکستان میں ہونے والی کانفرنس خراب ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

او آئی سی: وہ واقعات جنھوں نے اس تنظیم کو مزاحمتی کردار سے محروم کر دیا

افغانستان میں معاشی بحران: ’لوگ مرجائیں گے، ہم انھیں مرتا ہوا دیکھ رہے ہیں‘

اسرائیل متحدہ عرب امارات کی دوستی سے کیا حاصل کرنا چاہتا ہے؟

انڈیا میں پاکستان کے سابق سفیر عبد الباسط بھی اس بات سے متفق ہیں کہ دلی میں ہونے والی تیسری سالانہ کانفرنس ’پہلی بار نہیں ہو رہی اور یہ کئی ماہ پہلے سے شیڈول تھی۔ اس میں ان کے وزرا خارجہ کا جانا ضروری تھا۔‘

وہ مزید کہتے ہیں کہ دوسری طرف اسلام آباد میں افغانستان کی صورتحال پر او آئی سی کا غیر معمولی اجلاس محض دو ہفتے پہلے شیڈول ہوا اور اس میں بہت سے وزرا خارجہ نہیں آ رہے مگر اسلام آباد کے اجلاس میں ان کی شمولیت نائب وزرا اور خصوصی نمائندوں کی صورت میں موجود ہے۔ اس لیے ان دونوں چیزوں کو ملانا مناسب نہیں۔‘

عبد الباسط کے مطابق افغانستان میں استحکام تمام فریقین کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ اگر بحران مزید سنگین ہوتا ہے تو ملک دوبارہ خانہ جنگی کی طرف بڑھ سکتا ہے جو کسی کے بھی مفاد میں نہیں۔

انڈیا سے امورِ خارجہ کی ماہر انورادھا چنوئے نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ’یہ ڈائیلاگ انڈیا اور وسط ایشیائی ممالک کے وزرا خارجہ کے درمیان ہو رہا ہے۔ یہ بات وسط ایشیا کی ہے، او آئی سی کی نہیں۔ جیسے انڈیا کے سوویت یونین کے ساتھ اچھے تعلقات تھے ویسے ہی اب وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط قائم رکھے گئے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق انڈیا اور پاکستان سمیت پوری دنیا کے خدشات ہیں۔ ’یہ حالات صرف افغانستان تک محدود نہیں رہیں گے، جیسے لڑائی سرحدوں تک قید نہیں رہتی ویسے ہی انسانی حقوق کا بحران سرحدیں عبور کر سکتا ہے۔‘

انورادھا سمجھتی ہیں کہ افغانستان کا مسئلہ محض سکیورٹی کا مسئلہ نہیں بلکہ اس سے پناہ گزین کا بحران بھی برپا ہو سکتا ہے اور منشیات کی سمگلنگ بھی بڑھ سکتی ہے۔ ’انڈیا یہ نہیں چاہتا کہ او آئی سی میں کشمیر کی بات ہو لیکن وہ اپنے مفاد کے لیے او آئی سی کے ممالک کے ساتھ رابطے رکھتا ہے، چاہے بات تیل کی ہو یا سکیورٹی کی۔‘

ان کے مطابق انڈیا شروع سے طالبان سے دور رہا ہے کیونکہ دہشتگردی کے حوالے سے اس کے خدشات ہیں لیکن اب وہ افغانستان میں حکومت قائم کر چکے ہیں۔

’افغانستان نے گذشتہ افغان حکومت کی کافی حمایت کی تھی مگر اب یہ دباؤ ہے کہ سکیورٹی کی خاطر طالبان کے ساتھ کسی سطح پر تعلقات ہونے چاہیے، اگر وہ اپنی سرزمین پر دہشتگردی روکیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments