مری میں برف میں پھنسنے سے ہلاکتیں، حکومت کے نزدیک سیاحوں کی تعداد بھی وجہ قرار، اپوزیشن کا ’نااہلی‘ کا الزام

بلال کریم مغل - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد


مری
صوبہ پنجاب کے تفریحی مقام مری میں برف میں پھنسے کم از کم 22 افراد کی ہلاکتوں کے بعد جہاں ایک طرف حکومت کی جانب سے سیاحوں کی بڑی تعداد کو سانحے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے تو وہیں اپوزیشن اس سانحے کو حکومت اور انتظامیہ کی نااہلی قرار دے رہی ہے۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کی جانب سے پانچ جنوری کو جاری کیے گئے الرٹ میں کہا گیا تھا کہ مری میں چھ جنوری سے نو جنوری تک شدید برف باری متوقع ہے۔ تاہم اس کے باوجود سیاحوں کی بڑی تعداد کے مری پہنچنے اور انتظامیہ کے انھیں اینٹری پوائنٹس پر نہ روکنے پر اپوزیشن رہنماؤں سمیت سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور حکومت پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان سمیت حکومتی نمائندوں کی جانب سے خراب موسم اور سیاحوں کی بڑی تعداد کو سانحے کی وجوہات میں سے قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اس سانحے پر ٹویٹ کی کہ وہ مری کے راستے میں سیاحوں کی المناک اموات پر نہایت مضطرب اور دل گرفتہ ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اس صورتحال کے لیے خاطر خواہ تیار نہیں تھی کہ غیر معمولی برف باری اور موسمی حالات کو ملحوظِ خاطر رکھے۔ اُنھوں نے لوگوں کی ‘بڑی تعداد’ کو بھی سانحے کی وجہ قرار دیا اور تحقیقات کا حکم دیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے سلسلہ وار ٹویٹس میں پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کو اس سانحے کا قصوروار ٹھہرایا۔ اُنھوں نے کہا کہ حکومتوں کا کام صرف سیاح گننا نہیں بلکہ اُن کے لیے پیشگی انتظامات اور حفاظتی اقدامات کرنا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ ہلاکتیں برف باری سے نہیں بلکہ حکومتی غفلت سے ہوئی ہیں۔

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیرِ اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے متاثرین کو ہی موردِ الزام ٹھہرانا اپنی حکمرانی کا فلسفہ بنا لیا ہے۔

اُنھوں نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ حکومت اس دوران کہاں تھی؟ سیاحوں کی آمد کو سنبھالنے کے لیے کیا انتظامات کیے گئے تھے؟ ماضی میں پیشگی انتظامات اور 24 گھنٹے نگرانی معمول تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر مری میں سیاحوں کو سنگین صورتحال سے آگاہ کیا جاتا تو ایسا سانحہ رونما نہ ہوتا۔ اُنھوں نے انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ سیاحوں کی فوری مدد کریں۔

سوشل میڈیا پر کئی صارفین، اپوزیشن رہنما اور سماجی کارکنان یہ سوال کرتے نظر آئے کہ جب حکومت مری میں ’ایک لاکھ گاڑیوں‘ کے داخلے پر خوشی کا اظہار کر رہی تھی تو کیا کسی نے یہ نہیں سوچا کہ ان ایک لاکھ گاڑیوں میں سوار لوگ ٹھہریں گے کہاں اور یہ گاڑیاں اتنی برف باری میں کیسے نکلیں گی؟

اس حوالے سے وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری سے جب سنیچر کو پریس کانفرنس میں سوال کیا گیا تو اُنھوں نے کہا کہ انتظامیہ ’ایک ہفتے سے‘ کہہ رہی تھی کہ مزید لوگ یہاں نہ آئیں۔

ساتھ ہی ساتھ اُنھوں نے سیاحت میں اس اضافے کو معیشت کی بہتری سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کو اتنی بڑی تعداد میں سنبھالنا بھی ممکن نہیں ہے۔

فواد چوہدری کی پانچ جنوری کو کی گئی ایسی ہی ایک ٹویٹ کے جواب میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکریٹری اطلاعات احمد جواد نے کہا کہ کل رات جو قیمتی جانیں چلی گئیں، کیا اُنھیں بھی معاشی اشاریوں میں شامل کر لیں؟ پارٹی کا بیانیہ اپنے ضمیر سے زیادہ قیمتی نہیں ہوتا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ لوگ اب بھی یہ دیکھے بغیر مری آنے کی ضد کر رہے ہیں کہ وہاں برف باری کے بعد کس قدر ٹھنڈ ہو چکی ہے۔ اُنھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چند دن انتظار کریں اور حالات اور موسم معمول پر آنے دیں۔

لوگوں سے گزارش ہے کہ یہاں آئیں نہیں بلکہ یہاں سے جائیں۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ مری کے مقامی لوگ جو مری آنا چاہ رہے ہیں، وہ انتظامیہ سے تعاون کرتے ہوئے ابھی اسلام آباد میں ہی رکیں۔

https://twitter.com/MurtazaViews/status/1479799501045092359

یہی بات وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی کہی۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جب وہ مری سے واپس آ رہے تھے تو اس وقت بھی لوگ مری جانے کے لیے راستوں پر تھے اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سے لڑ رہے تھے کہ اُنھیں مری جانے کی اجازت دی جائے۔

اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ مری کو بند کرنے کا فیصلہ جمعے کی شام پانچ بجے کیا گیا تاہم یہ فیصلہ پہلے کر لینا چاہیے تھا۔

بی بی سی اردو کی نامہ نگار سحر بلوچ نے سینچر کی دوپہر کو اسلام آباد کے نواحی علاقے بھارہ کہو سے رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وہاں سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں موجود تھیں جن میں مری اور بھارہ کہو کے رہائشیوں کے علاوہ تفریح کی غرض سے مری کی جانب رواں دواں لوگ بھی شامل تھے جنھیں قانون نافذ کرنے والے اہلکار واپس بھیج رہے تھے۔

https://www.youtube.com/watch?v=6yXE1v8YKHA

اس حوالے سے سیاست دانوں کی ایک دوسرے پر تنقید بھی جاری ہے تو کئی لوگ مختلف نکتہ نظر سے بھی اس پوری صورتحال کو دیکھ رہے ہیں۔

پالیسی ریسرچ کے ماہر حسین ندیم نے کہا کہ نظامِ حکمرانی میں دہائیوں سے ہونے والی منظم تباہی روزانہ مختلف انداز میں آشکار ہوتی ہے، ہم بس اسے پہچاننے میں ناکام رہتے ہیں۔

صحافی احتشام الحق نے کہا کہ ہمارے تقریباً 30 فیصد سیاست دانوں کے چھٹیاں منانے کے لیے مری میں گھر اور بنگلے موجود ہیں۔ الزامات عائد کرنے کے بجائے اُنھیں اپنے دروازے عوام کے لیے کھولنے چاہییں اور اُنھیں کھانا اور پناہ فراہم کرنی چاہیے۔ اُنھوں نے کہا کہ یہ حکومت اور اپوزیشن کے لیے واضح پیغام ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے جب اپنی ٹویٹ میں ضلعی انتظامیہ کی تیاری نہ ہونے کا کہا تو اس پر صارف محمد تقی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جہاں 15 منٹ میں پہنچا جا سکتا ہے وہاں کسی وفاقی ادارے نے سانحے پر اقدام کیوں نہیں اٹھایا؟

ایک اور صارف زبیر فیصل عباسی نے اُمید ظاہر کی کہ یہ سانحہ مزید بڑا نہ ہو۔ اُنھوں نے کہا کہ سیاحت کی ترقی صرف دلفریب مناظر ٹویٹ کرنے سے کہیں بڑھ کر ہے، جس میں حفاظت، تحفظ، خدمات، بنیادی ڈھانچہ، آفات سے نمٹنے کی حکمتِ عملی اور بہت کچھ شامل ہے۔

ایک اور صارف زویا شبیر نے اس سانحے کو ‘نااہلی’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سیاح کبھی بھی ایسے ملک میں نہیں آئیں گے جہاں لوگ تیاری نہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر بھوکے مر رہے ہوں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments