اگر آئی سی سی عالمی ٹیم بنائے تو اس کے کپتان بابر اعظم ہوں گے

عبدالرشید شکور - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی


پاکستانی کرکٹ ٹیم گذشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہ جیت سکی لیکن اس کے کھلاڑیوں نے تمام سال جس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس کا اعتراف پوری دنیا کرچکی ہے اور اب اس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔

آئی سی سی نے جمعرات کو اپنی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔

اس علامتی ٹیم کے گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب گذشتہ سال ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اس ٹیم کی قیادت پاکستان کے بابراعظم کے سپرد کی گئی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بابراعظم کی کپتانی کو سب نے سراہا تھا۔ وہ اس عالمی ایونٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بیٹسمین کے طور پر بھی سامنے آئے تھے۔

بابراعظم نے گذشتہ برس 29 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں ایک سنچری اور نو نصف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 939 رن بنائے تھے۔

آئی سی سی کی اس ٹیم میں پاکستان کے محمد رضوان وکٹ کیپر اوپنر کے طور پر شامل کیے گئے ہیں۔

سنہ 2021 محمد رضوان کے لیے یادگار ترین سال ثابت ہوا تھا، جس میں انھوں نے 29 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک سنچری اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے1326 رن بنائے تھے، جو گذشتہ سال کسی بھی بیٹسمین کے بنائے گئے سب سے زیادہ رن تھے۔

بابر اعظم

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بابراعظم کی کپتانی کو سب نے سراہا تھا، وہ اس عالمی ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی بنے

محمد رضوان کی غیرمعمولی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ گذشتہ سال تمام ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ان کے مجموعی رنز کی تعداد 2036 تھی۔

انگلینڈ کے جوز بٹلر کی شمولیت کی وجہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کی عمدہ کارکردگی بنی ہے، جس میں وہ 269 رنز کے ساتھ انگلینڈ کے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے تھے۔ ان کی سب سے قابل ذکر کارکردگی سری لنکا کے خلاف شارجہ میں رہی تھی، جس میں انھوں نے سنچری سکور تھی۔

بٹلر نے گذشتہ سال ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر 589رنز اسکور کیے تھے۔

جنوبی افریقہ کے ایڈین مارکرم کی وجہ شہرت ٹیسٹ اوپنر کی رہی ہے لیکن گذشتہ سال انھوں نے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی اپنی موجودگی کا احساس دلایا اور اپنی پاور ہٹنگ کے ذریعے 18 میچوں میں 570 رن بنائے، جن میں چھ نصف سنچریاں شامل تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

سنہ 2021 پاکستان کرکٹ کے لیے کامیاب سال لیکن کام اب بھی باقی ہے

’کوہلی کو ہٹا کر نمبر ون بننا بڑی کامیابی، بابر ہمارا سر فخر سے بلند کرنے کا شکریہ‘

پاکستانی کرکٹ سٹارز جنھوں نے غربت کو شوق کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دیا

آسٹریلیا کے مچل مارش کو اوپر کے نمبر پر بھیجنے کا فیصلہ کامیاب رہا اور وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں خاصے کامیاب رہے۔ مارش نے پورے سال مجموعی طور پر 627 رنز بنانے کے علاوہ آٹھ وکٹیں بھی حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر نے ایک بار پھر خود کو ایک قابل اعتماد بیٹسمین ثابت کرتے ہوئے گذشتہ سال 17 میچوں میں 377 رن بنائے۔

سری لنکا کے سپنر ونیندو ہسارنگا کے لیے 2021 کامیاب سال رہا، جس میں انھوں نے 20 میچوں میں 36 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کی اسپن بولنگ اپنے عروج پر تھی، جس میں انھوں نے سب سے زیادہ 16 وکٹیں حاصل کیں اس کارکردگی میں ان کی ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔

جوز بٹلر

انگلینڈ کے جوز بٹلر کی شمولیت کی وجہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کی عمدہ کارکردگی بنی ہے، جس میں وہ 269 رنز کے ساتھ انگلینڈ کے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے تھے

جنوبی افریقہ کے سپنر تبریز شمسی اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں نمبر ایک بولر ہیں۔ انھوں نے گذشتہ برس 22 میچوں میں 36 وکٹیں حاصل کیں، اس طرح وہ ہسارنگا کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر رہے۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کو عام طور پر ٹیسٹ کرکٹ کا سپیشلسٹ کہا جاتا ہے لیکن گذشتہ سال انھوں نے مختصر دورانیے کی کرکٹ میں بھی متاثر کن بولنگ کی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی جیت میں ان کی بولنگ کا کردار اہم رہا۔ سال بھر انھوں نے 15 میچوں میں 23 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمن کی آئی سی سی ٹیم میں شمولیت کی وجہ 20 میچوں میں 28 وکٹیں بنی ہیں۔

پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے بغیر آئی سی سی کی اس ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی تکمیل نہیں ہوسکتی تھی۔ شاہین نے گذشتہ برس 21 میچوں میں 23 وکٹیں حاصل کیں۔ان کی خطرناک بولنگ کا سب سے خوبصورت نظارہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف میچ تھا، جس میں انھوں نے لوکیش راہول، روہت شرما اور وراٹ کوہلی کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments