محمد رضوان آئی سی سی ٹی 20 ’کرکٹر آف دی ائیر‘ قرار: ’زیادہ خوشی پاکستان کا نام آنے کی ہے‘


رضوان
انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے وکٹ کیپر اور اوپننگ بیٹسمین محمد رضوان کو ’ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ائیر‘ یعنی سال 2021 کا سب سے بہترین ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی قرار دیا ہے۔

انھوں نے محمد رضوان کے شاندار کھیل کی تعریف کی اور انھیں ایک بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ رضوان یقیناً سال 2021 میں اپنی کامیابیوں سے لطف اندوز ہوئے ہوں گے۔

محمد رضوان نے یہ ایوارڈ پاکستان اور پاکستان کے خوبصورت لوگوں کے نام کرتے ہوئے ٹویٹ کی ’الحمدو للہ۔ بس اللہ سے ہوتا ہے، اللہ کے غیر سے نہیں ہوتا۔‘

انھوں نے یہ بھی لکھا کہ وہ سب لوگوں کی حمایت اور محبت کے لیے شکر گزار ہیں اور ’انشااللہ یہ سفر ابھی شروع ہوا ہے۔‘

https://twitter.com/ICC/status/1485153215339544579

زیادہ خوشی پاکستان کا نام آنے کی ہے

آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں محمد رضوان کا کہنا ہے کہ انھیں’زیادہ خوشی پاکستان کا نام آنے کی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے خوشی اس چیز کی ہے کہ اس میں میرا پاکستان شامل ہو گا، کیونکہ یہ ایوراڈ پاکستان کو ملا ہے۔‘

رضوان نے اپنی اس کامیابی کا کریڈیٹ پاکستان ٹیم مینیجمنٹ کو دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اس کام میں میرا ہاتھ بٹایا۔

اس کے علاوہ انھوں نے ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں اور میدان کے باہر ان کھلاڑیوں کو بھی کریڈٹ دیا جو رضوان کے مطابق پردے کے پیچھے رہتے ہوئے ’میرے لیے تجزیے اور میری مدد کرتے ہیں۔‘

انھوں نے اپنے لیے دعائیں کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’الحمدوللہ اس وقت پاکستان ٹیم پوری دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔‘

سال 2021 پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے بہترین سال رہا ہے، خواہ ٹی ٹوئنٹی ہو، ون ڈے یا ٹیسٹ فارمیٹ آئی سی سی کی سال کی بہترین ٹیمیں پاکستانی کھلاڑیوں کے بغیر پوری ہوتی دکھائی نہیں دے رہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم آئی سی سی کی سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کے بعد اب ون ڈے ٹیم کے کپتان بھی ہوں گے جبکہ آئی سی سی کی سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم کے لیے پاکستان کے تین کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

جمعرات کے روز آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے کرکٹ کی سال کی بہترین ٹیم کا اعلان کیا گیا جس میں نہ تو کوئی آسٹریلوی یا انگلش کھلاڑی شامل ہے اور نہ ہی کوئی انڈین کھلاڑی اس ٹیم میں جگہ بنا سکا ہے۔ پاکستانی اوپنر فخر زمان بھی اس ون ڈے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بابر اعظم اور محمد رضوان، ہیں تو دو مگر 11 پر بھاری

محمد رضوان: مجھے کسی بولر کا ڈر خوف نہیں ہوتا

آئی سی سی کی ہر ٹیم میں پاکستانیوں کا راج: ’اس ون ڈے ٹیم کو تو انڈیا اے بھی ہرا دے گی‘

دوسری جانب خواتین کی سال کی بہترین ٹیم میں 20 سالہ پاکستانی بولر فاطمہ ثنا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ فاطمہ ثنا نے سنہ 2021 میں 24 کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ایک فائیو فار شامل تھا۔

آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ کی بہترین ٹیم کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس میں پاکستان کے تین کھلاڑی فواد عالم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32503 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments