کوک سٹوڈیو اور تان سین کی پوتی


سرقہ کرنے والے کی ضرور مذمت ہونی چاہیے۔ لیکن پہلے یہ تو یقینی بنا لینا چاہیے کہ سرقہ ہوا بھی ہے یا نہیں۔ جب کسی نے آپ سے کچھ مستعار لیا ہی نہیں تو وہ آپ کو کریڈٹ کیوں دے۔ کیا آپ تان سین کی پوتی ہیں؟

میرے نزدیک، مبشر لقمان کے یو ٹیوب وی لاگ پہ اور دیگر نیوز آؤٹ لیٹس پر واویلا کرتی ایک اوسط سے بھی کم درجے کی سوشل میڈیا گلوکارہ کے بلند بانگ دعووں اور میڈیا کوریج کی بے لگام اشتہا سے زیادہ اہم، معروف کمپوزر روحیل حیات کی وہ ٹویٹ ہے، جس میں انھوں نے راگوں کی مخصوص طرز بر مبنی دھنوں کے ایک سے ہونے کی وجہ سمجھائی ہے اور سرقہ کے دعووں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

کسی اقلیتی برادری یا کسی پسماندہ علاقے سے ہونے کا اور گلوکاری کا شوق رکھنے کا مطلب یہ تو نہیں کہ آپ ہی وہاں کی اکیلی بہترین فنکار یا نمائندہ ہیں یا دنیا بھر میں صرف آپ ہی اچھوتی دھنیں بنا سکتی ہیں۔

صرف آپ ہی ایکسکلوسیو کام کر سکتی ہیں، جبکہ باقی دنیا نکمی، چور یا گھامڑ ہے اور آپ کو آگے بڑھنے سے روک رہی ہے۔ آپ کو مفت میں استعمال کر رہی ہے۔

تخلیقی صلاحیت تو صرف آپ میں ہے۔ باقی سب بنجر زمین ہیں۔ بس آپ ہی کسی تھر، پہاڑ، دشت یا چٹان کی اکلوتی بیٹی ہیں، اوریجنل کانٹنٹ کریئٹر ہیں اور باقی سب نقال ہیں۔

مین سٹریم بہاؤ آپ کی سمجھ میں نہیں آتا تو اسے سمجھیں اور اس کے مطابق تیرنا سیکھیں۔ تپ تک دریا میں پھندے تو نہ بچھائیں اور نہ ہی اپنے سے تیز تیراکوں سے حسد کر کے ان کی راہیں مسدود کریں۔

ریشماں یا مائی ڈھائی نے بھی تو اپنی جگہ بنائی ہے۔ الن فقیر، سائیں ظہور اپنے ٹیلنٹ سے لیجنڈ بنے ہیں۔ ان کی راہیں کسی نے کیوں کھوٹی نہیں کیں۔

آپ نے کھڑاک کر کے اور وقتی توجہ حاصل کر کے کیا تیر مار لینا ہے۔ دنیا کو تو پانی سے گاڑی چلانے کا دعویٰ کرنے والے آغا وقار جیسے نوسرباز نے بھی آگے لگا لیا تھا، آج کہاں ہے آغا وقار؟

آپ میں فن کا اچھوتا ٹیلنٹ ہو گا، آپ کے کام میں وزن ہو گا، آپ میں پوٹینشل ہو گا تو وقت آنے پر سب سامنے آ جائے گا۔ وگرنہ کم علمی اور ہلکے پن کے ساتھ جڑی آپ کی لالچ، ڈیڑھ ہوشیاری، سستی شہرت کے حربے اور جلدبازی آپ کو زیادہ آگے نہیں جانے دے گی۔

فتنہ پرور لوگ آپ کو استعمال کر کے پھینک دیں گے اور جینوئن لوگ آپ کے شر کی وجہ سے آپ سے خائف ہو جائیں گے اور آپ اپنی تنہائی اور گمنامی کی خود ذمہ دار ہوں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments