محمد حسنین: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولر کا بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار، درستگی تک معطل رہیں گے

عبدالرشید شکور - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی


محمد حسنین
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ محمد حسنین کی وہ گیندیں جو گڈ لینتھ، فل لینتھ اور باؤنسر ہوتی ہیں ان میں ان کے بازو کا خم 15 ڈگری سے بڑھ جاتا ہے
پاکستان کے فاسٹ بولر محمد حسنین کا بولنگ ایکشن آئی سی سی کے قواعد و ضوابط کے منافی قرار دیا گیا ہے اور اُنھیں بین الاقوامی کرکٹ میں بولنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔

اکیس سالہ محمد حسنین پاکستان کی طرف سے آٹھ ون ڈے انٹرنیشنل اور 18 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں مجموعی طور پر 29 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

وہ بگ بیش کے علاوہ کیریبیئن لیگ بھی کھیل چکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا ہے کہ اسے کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے تفصیلی رپورٹ موصول ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ محمد حسنین کا بولنگ ایکشن آئی سی سی کے بولنگ ایکشن سے متعلق قوانین کے منافی اور غیر قانونی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ محمد حسنین کی وہ گیندیں جو گڈ لینتھ، فل لینتھ اور باؤنسر ہوتی ہیں ان میں ان کے بازو کا خم 15 ڈگری سے بڑھ جاتا ہے۔

حسنین کے ساتھ کیا ہوا تھا؟

محمد حسنین کے بولنگ ایکشن پر اعتراض اس وقت سامنے آیا تھا جب وہ بگ بیش میں سڈنی تھنڈر کی طرف سے سڈنی سکسرز کے خلاف میچ کھیل رہے تھے جس میں امپائرز نے ان کے بولنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کے بارے میں رپورٹ دی تھی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس میچ میں حسنین کی تیز گیند کو کھیلنے کے بعد سڈنی سکسرز کے بیٹسمین موئسس ہنرکس نے حسنین کو مخاطب کرتے ہوئے طنزیہ کہا تھا ’نائس تھرو میٹ‘۔ ان کا یہ جملہ سٹمپ مائیک کے ذریعے سب نے سنا تھا جس کے بعد حسنین کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہو گیا۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اگر ہنرکس وہ جملہ نہ کہتے تو شاید یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔

محمد حسنین

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ وہ چاہتا ہے کہ ان کا بولنگ ایکشن دوبارہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہو اور وہ میدان میں واپس آئیں

حسنین نے بگ بیش کے پانچ میچ کھیلے تھے جن میں اُنھوں نے سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اُنھوں نے اپنے افتتاحی میچ میں تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔

محمد حسنین کو اپنے بولنگ ایکشن کا بائیو مکینک ٹیسٹ 19 جنوری کو آسٹریلیا کی لیب میں کروانا تھا لیکن چونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بگ بیش کھیلنے والے کرکٹرز کو پاکستان بلا لیا تھا لہٰذا محمد حسنین نے 21 جنوری کو پاکستان پہنچنے کے بعد لاہور میں آئی سی سی کی منظور شدہ بائیو مکنیک لیب میں ٹیسٹ دیا تھا جس کی رپورٹ کرکٹ آسٹریلیا کو بھیج دی گئی تھی۔

محمد حسنین کا نام کاٹنے کی وجہ؟

محمد حسنین کے ساتھ یہ معاملہ ایسے وقت ہوا جب اُنھیں پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنی تھی لیکن چونکہ کوئی بھی بولر بولنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے باوجود ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکتا ہے لہٰذا حسنین پی ایس ایل میں کوئٹہ کی طرف سے تین میچز کھیلے تھے۔

لیکن جمعرات کی شب اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں وہ نہیں کھیلے حالانکہ ان کا نام کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم شیٹ میں آٹھویں نمبر پر ٹائپ ہوا تھا جسے کاٹ کر ان کی جگہ سہیل تنویر کا نام قلم سے لکھا گیا جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں کہ یہ تبدیلی اسی وجہ سے آئی ہے کہ محمد حسنین بائیو مکینک ٹیسٹ میں کلیئر نہیں ہوئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی ٹیکنیکل کمیٹی کی سفارش پر محمد حسنین پی ایس ایل میں مزید حصہ نہیں لے سکیں گے۔ ان کے بولنگ ایکشن کو درست کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ ایک بولنگ کنسلنٹ مقرر کرے گا جس کے بعد اُنھیں دوبارہ بائیو مکینک ٹیسٹ دینا ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے یقین ظاہر کیا ہے کہ محمد حسنین ایک اہم بولر ہیں جو 145 کی رفتار سے تسلسل کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ ان کا بولنگ ایکشن دوبارہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہو اور وہ میدان میں واپس آئیں۔

سعید اجمل

پاکستان کے مایہ ناز بولر سعید اجمل بھی اپنے بولنگ ایکشن کی وجہ سے متنازع رہے ہیں

شک تو پہلے سے تھا

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ زیادہ تر فاسٹ بولرز جو 145 سے 150 کی رفتار سے بولنگ کرتے ہیں ان کے باؤنسرز میں شک کی گنجائش ہوتی ہے۔ اس وقت متعدد فاسٹ بولرز ایسے ہیں جن کا ایکشن ہائپر ایکسٹینشن ہے، جن میں محمد حسنین بھی شامل ہیں۔ اس کی وجہ سے گیند کی رفتار بڑھ جاتی ہے اور وہ بازو 15 ڈگری سے اوپر ہو جاتا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اگر وہ باؤنسر نہ کریں تو پھر کوئی مسئلہ نہیں ہو سکتا مگر یہ سب کچھ بائیو مکینک رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوتا ہے۔ لیب میں ایسے بولرز کو وہ تمام گیندیں اسی رفتار کے ساتھ کروانے کو کہا جاتا ہے جو اُنھوں نے میچ میں کروائی ہوتی ہیں۔

محمد حسنین پہلے پاکستانی بولرز نہیں ہیں جن کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا ہو۔ ان سے قبل شعیب اختر، شبیر احمد، شعیب ملک، شاہد آفریدی، محمد حفیظ، سعید اجمل اور ریاض آفریدی کے بولنگ ایکشن رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ان میں شعیب اختر کو سب سے زیادہ شہرت ملی تھی۔

ان کے بولنگ ایکشن کا معاملہ خود پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے بازو کے غیر معمولی خم کی بنیاد پر آئی سی سی میں اٹھایا تھا جس پر ان کا بولنگ ایکشن کلیئر کر دیا گیا، بالکل اسی طرح جیسے سری لنکن آف سپنر مرلی دھرن کا معاملہ رہا تھا لیکن بعد میں آئی سی سی نے میڈیکل بنیاد پر بولنگ ایکشن کے بارے میں اپنی نرم پالیسی ترک کر دی تھی۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32544 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments