پی ایس ایل 7 میں لاہور قلندرز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: جیسن روئے نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قسمت بدل دی

عبدالرشید شکور - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی


پاکستان سپر لیگ کے لاہور جانے سے قبل سرفراز احمد اور ان کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جان میں جان آ گئی اور اس کی وجہ انگلینڈ کے بیٹسمین جیسن روئے کی آمد تھی، جو اس پی ایس ایل میں پہلی بار میدان میں ُاترے اور چھا گئے۔

ان کی 116 رنز کی شاندار اننگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو لاہور قلندرز کے خلاف 205 رنز عبور کرتے ہوئے 7 وکٹوں سے جیت دلا دی۔

جیسن رائے جیسے ریموٹ سے کھیل رہے ہوں

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اوپننگ پارٹنر شپ دیکھ کر 1996 میں پاکستان کے خلاف سنگاپور میں جے سوریا اور کالووتھارنا کی پارٹنرشپ یاد آگئی جس میں جے سوریا کی جارحانہ بیٹنگ نے کالووتھارنا کو خاموش تماشائی بنا دیا تھا۔ جب 70 رنز پر پہلی وکٹ گری تھی تو اس میں کالووتھارنا کا سکور صفر تھا۔

جیسن روئے نے دکھا دیا کہ ایک ورلڈ کلاس بیٹسمین کیا ہوتا ہے اور وہ کسی دوسری کنڈیشن میں آکر خود کو کتنی تیزی سے ہم آہنگ کرتا ہے۔ وہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی سیریز کے بعد کراچی پہنچے تھے، تین روز آئسولیشن اور ایک روز کی پریکٹس کے بعد انھوں نے یہ یادگار اننگز کھیلی۔

جیسن روئے جس طرح گیند کو باؤنڈری کی شکل دکھا رہے تھے ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ ریموٹ سے بیٹنگ کر رہے ہوں۔

حارث رؤف کے پہلے اوور میں انھوں نے 21رنز بنا ڈالے جبکہ راشد خان بھی انھیں ایک چھکا اور تین چوکے لگانے سے نہ روک سکے۔

جب چھٹے اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ 71 رنز پر گری تو آؤٹ ہونے والے بیٹسمین احسان علی نے آٹھ گیندوں پر سات رنز بنائے تھے جبکہ اس وقت جیسن روئے 59 رنز پر کھیل رہے تھے۔

جیسن روئے نے اپنی سنچری 49 گیندوں پر مکمل کی جس میں 8 چوکے اور اتنے ہی چھکے شامل تھے۔

یہ اس پی ایس ایل کی دوسری اور مجموعی طور پر بارہویں سنچری ہے۔ اس کے علاوہ یہ پی ایس ایل میں کسی بھی بیٹسمین کی مشترکہ طور پر دوسری تیز ترین سنچری ہے اور یہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کسی بھی بیٹسمین کی پہلی سنچری بھی ہے۔

روئے اور جیمز ونس نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 96 رنز کا اضافہ 63 گیندوں پر کیا۔

جیسن روئے گیارہ چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 116 رنز بناکر ڈیوڈ ویزا کی گیند پر حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

افتخار احمد صرف 3 رنز بنا سکے۔ آخری تین اوورز میں کوئٹہ کو جیتنے کے لیے 22 رنز درکار تھے جبکہ آخری دو اوورز میں 17 رنز بنانے تھے۔

محمد نواز نے حارث رؤف کے آخری اوور میں چھکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند ہی فخرزمان ان کا کیچ لینے میں ناکام رہے۔ یہ اس اننگز میں ان کا دوسرا ڈراپ کیچ تھا اس سے قبل شاہین آفریدی کی گیند پر انھوں نے جیمز ونس کا کیچ ڈراپ کیا تھا۔

جیمز ونس 49 اور محمد نواز 25 رنزبناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ سکور آخری اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر لیا۔

فخرزمان پاکستانی ٹیم میں نمبر تین کیوں نہیں؟

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں پر 204 رنز اسکور کیے۔

اوپنرز فخرزمان اور عبداللہ شفیق کے جارحانہ آغاز نے ایک بار پھر لاہور قلندرز کے ڈگ آؤٹ میں سکون کی کیفیت پیدا کر دی۔ دونوں نے پاور پلے کے چھ اوورز میں 44 رنز کا اضافہ کیا۔

پہلی وکٹ کی 62 رنز کی یہ شراکت 8ویں اوور میں عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے پر ٹوٹی۔ وہ 27 گیندوں پر 32 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے اس اننگز میں ایک چوکا اور نسیم شاہ اور جیمز فاکنر کو لگائے گئے دو چھکے بھی شامل تھے۔

فخرزمان کی بیٹنگ میں ایک بار پھر بجلی جیسی چمک نظر آئی۔ انھوں نے70 رنز کی اہم اننگز 45 گیندوں پر کھیلی جن میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

فخر زمان ابتک پانچ میچوں میں 71 کی اوسط سے 356 رنز بناکر سرفہرست ہیں ۔ انہوں نے ۔ 76۔106۔66۔ 38 اور 70کی اننگز کھیلی ہیں۔

یہ بات حیران کن معلوم ہوتی ہے کہ اوپنر کی حیثیت سے جارحانہ انداز کی بیٹنگ کرنے والے فخرزمان کو پاکستانی ٹیم میں صرف اس لیے ون ڈاؤن پر کھیلنا پڑ رہا ہے کیونکہ وہاں بابراعظم اور محمد رضوان موجود ہیں۔

فخرزمان کے سامنے کامران غلام، محمد حفیظ اور فل سالٹ کی وکٹیں بھی گریں۔

محمد حفیظ جو انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں اس پی ایس ایل میں اب تک پانچ اننگز میں صرف 90 رنز بنا سکے ہیں جن میں سب سے بڑا اسکور 37 ہے۔

فخرزمان کی وکٹ گرنے کے بعد ہیری بروک اور ڈیوڈ ویزا سکور میں 55رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

انگلینڈ انڈر19 ٹیم کے سابق کپتان ہیری بروک نے صرف 17 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 41 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ انھوں نے لیوک ووڈ کے آخری اوور میں 24 رنز بنائے جن میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیے

’لیگوں‘ کے دور میں ’کچھ الگ‘ سی پی ایس ایل

کراچی اور کوئٹہ سمجھیں کہ پی ایس ایل میں وقت گزرنے کا پتا نہیں چلتا

وزیِراعظم کے اشتہار کے بعد ’جو نہیں بھی دیکھتا تھا وہ بھی دیکھے گا۔۔۔ واہ کیا زبردست مارکیٹنگ ہے‘

ڈیوڈ ویزا نے صرف 9 گیندوں کا سامنا کیا ان کے 22 رنز میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے۔

لاہور قلندرز نے آخری دس اوورز میں 122 اور آخری پانچ اوورز میں 78 رنز بناکر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بولنگ کو بے اثر کردیا۔

شاہد آفریدی کی خاموش موجودگی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ اٹیک میں شامل شاہد آفریدی اگرچہ پہلے میچ جتنے مہنگے نہیں رہے لیکن تین اوورز میں وہ 25 رنز دے کر کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ پہلے میچ میں انھوں نے چار اوورز 67 رنز دیے تھے۔

پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال

پاکستان سپر لیگ کے کراچی مرحلے میں تمام چھ ٹیموں نے پانچ پانچ مکمل کرلیے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم پانچوں میچ جیت کر دس پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پانچ میچوں میں اپنا دوسرا میچ جیتی ہے اس کے چار پوائنٹس ہوگئے ہیں۔

لاہور قلندرز کی پانچ میچوں میں یہ دوسری شکست تھی۔

لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے اگلے مرحلے کا آغاز دس فروری کو ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ سے ہوگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments