شادی کب کر رہے ہیں؟ (اختتام)۔


صرف ایسا ہی نہیں کہ سوالات سے محض ہم ہی پریشان ہوئے۔ ہمارے جوابات نے بھی ٹھیک ٹھاک دور مار کی۔ دراصل، ناسمجھی میں ہم سے ایک فاش غلطی بھی ہوئی۔ ایک مرد بزرگوار کو جب تنک کر کہا کہ

”آپ کب Available ہیں؟“

تو وہ ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ گئے۔ بس اسی پہ ہم ذرا اوور کونفیڈینٹ ہو گئے۔ کچھ ہی دنوں بعد ایک خاتون کولیگ نے بھی شادی سے متعلق ’وچار‘ جاننے چاہے۔ تو ہم نے اسے بھی یہی کہہ دیا۔ وہ چار ہفتے ناراض رہیں۔ استفسار پر منہ پھلا کر بولیں کہ

”ایسے بھی کوئی پروپوز کرتا ہے کیا؟“

اب منہ پھلانے کی باری ہماری تھی۔ لیکن جہاں طنز کو پروپوزل سمجھ لیا جائے۔ وہاں ناراض ہو کر بھی کیا کر لیتے؟ سو چپکے ہو رہے۔

ہم چپ رہے، ہم ہنس دیے، منظور تھا پردہ ’تیرا‘

اصل میں ہمیں شادی میں کوئی برائی نظر نہیں آتی۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کہیں کہ اس کی وجہ ہمارا غیر شادی شدہ ہونا ہی ہے۔ کہ دور کے ڈھول سہانے ہوتے ہیں۔ مگر آپ یقین مانیں کہ ہم تو ہر دوشیزہ کو ایک ہی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ مسئلہ صرف یہ تھا کہ ہماری اماں راہ میں حائل تھیں۔ وہ پرانے زمانے کی خاتون ہیں۔ اس لیے Political Correctness جیسے نظریات کی قائل نہیں۔ انہوں نے ہمارے دیکھا دیکھی چودہ ( 14 ) لڑکیوں کے ارمان توڑے اور اتنی ہی دفعہ ہمارا دل بھی۔

ہم اس ’توڑ تاڑ‘ کے عادی ہو ہی چلے تھے کہ انہوں نے لڑکی نمبر 15 کو پسند کر لیا۔ اس پہ ہمارے چودہ طبق ایک ساتھ روشن ہو گئے اور امیدواران کے دل ایک دفعہ پھر ٹوٹ گئے۔

پھر گزشتہ دنوں ہم مشرف بہ نکاح بھی ہو گئے۔ کچھ کورونا کے پروٹوکولز کا خیال تھا۔ باقی گھر والوں کی طرف سے کچھ ایسی جلدی کہ شاید ہم عین وقت پہ کہیں مکر ہی نہ جائیں۔ سو، ایک آدھ دوست کے سوا کسی کو مدعو نہ کر سکے۔ ہمارا خیال تھا کہ نکاح کے بعد سوالات تھم جائیں گے۔ مگر اب ان میں ’بات چھپانے‘ ، ’بھنک نہ لگنے دینا‘ جیسی باتوں کے ساتھ مزید سوال بھی شامل ہو گئے۔ تاہم ہم نے ہمت نہیں ہاری۔ ہر اچھلنے والے سوال پر پٹخ کر جواب مار رہے ہیں۔ کچھ نمونے دیکھ لیجیے :

س: ”تو پھر شادی کر ہی لی تم نے“ ”
ج: ”جی! ہونی کو کون ٹال سکتا ہے“
س: ”سنا ہے کہ نکاح کھڑکا دیا ہے؟“
ج: ”بس جو اللہ کی مرضی“
س: ”لڑکی تمہاری مرضی کی ہے یا گھر والوں کی مرضی کی؟“
ج: ”اللہ کی مرضی کی“
س: ”لڑکی کرتی کیا ہے؟“
ج: ”فی الحال تو تنگ ہی کرتی ہے“
س: ”بھابھی کیا کرتی ہیں؟“
ج: ”بارات کا انتظار“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments