مہنگائی اور عوام کی بے کسی
گزشتہ چند سالوں سے ایک ہی موضوع زیر بحث ہے جو گلی گلی، محلے محلے، چوراہوں حتی کہ گھروں میں بھی خاص توجہ کا مرکز ہے۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس پر لاتعداد بحث تو کی جاتی ہے۔ مگر آج تک اس کا کوئی حل نہیں نکالا جا سکا۔ آئے دن ایک ہی ٹکر مختلف چینلز کی سکرین پر سرخ رنگ میں جگمگا رہی ہوتی ہے۔ فلاں کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کبھی بجلی کا بم عوام کی کمزور کمر پر گرا دیا جاتا ہے تو کبھی پیٹرول کی قیمت بڑھا کر ان کی کمزور کمر کو مزید ناقص بنا دیا جاتا ہے۔ اب تو عوام کی حالت کا اندازہ اس محاورے سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ کے نہ ”جیتے بنے نہ مرتے بنے“ جائیں تو جائیں کہاں؟
یہاں سوال یہ ہے کہ کیا مہنگائی واقعی ایک مسئلہ ہے؟ جی جناب یہ ایسا سنگین اور حساس مسئلہ ہے جو کہ صرف اور صرف ہمارے ملک کہ غریب اور مفلس لوگوں کا ہے۔ کبھی کوئی سیاستدان نہیں گیا اپنے گھر کا سودا سلف لینے کبھی اپنی گاڑی کا پیٹرول ڈلوانے ان کے نظام زندگی ویسے ہی چل رہی ہے۔ ان کی گاڑی کا پہیہ رواں دواں ہے۔ اس چلتے پہیے کی قیمت اس انسان سے پوچھو جس کا اگر یہ رک گیا تو گھر کا چولھا بجھنے میں دیر نہیں لگے گی۔ حکومت کی طرف سے مشورے دیے جاتے کہ پیٹرول کم استعمال کیا جائے اب یہاں سوال یہ بنتا ہے کہ کیا حکومت اتنی نادان ہے کہ یہ نہیں جانتی کہ ہمارے ملک کا وہ طبقہ جن کا ذریعہ معاش ہی ٹیکسی رکشہ چلانے پر منحصر ہے۔ بھلا وہ کیسے پیٹرول کم استعمال کر سکتا ہے۔ کیا وہ اپنے بچوں کو یہ کہے کہ بیٹا اپنے آپ کو صرف ایک وقت کے کھانے کا عادی کرو۔ کیا سسک سسک کر زندگی گزرنا محض غریبوں پر ہی فرض ہے۔
میرا دل کانپ اٹھتا ہے جب میں کسی مجبور باپ کو چند روپوں کی خاطر اپنے سے کہیں چھوٹے عمر کے شخص سے باتیں کرتا دیکھتی ہوں جب ایک ماں دعا کرتی ہے کہ آج اس کی اولاد پیٹ بھر کر کھا سکیں اور خود کھانے کے بیچ میں سے اٹھ جاتی ہے۔ بے بسی کی انتہا یہ کہ چند پیسوں کی خاطر اپنے جسم کہ اعضاء تک بیچ دیے جاتے ہیں۔ خدارا اب تو کچھ رحم کر لو۔ اب ان زبانی کلامی باتوں، وعدوں اور نعروں سے باہر نکل کر کوئی عملی مظاہرہ تو کرو تاکہ میرے ملک کا ہر باشندہ سکون کی نیند تو سو سکے، کوئی مفلسی کہ خوف سے خود کو زندگی کی قید سے رہا نہ کرے۔ میرے ملک کی ہر جان قیمتی ہے۔ ہزاروں لوگ بھوک افلاس کی وجہ سے موت کی آغوش میں چلے جاتے ہیں۔ ان کی زندگیوں کا حساب کون دے گا؟



MashAllah