بغیر نقطے کے نامزد امیدوار

سن دو ہزار سترہ میں ایک حلقے میں ایک موصوف سیاسی لیڈر کے نا اہل ہو جانے کے باعث سیاسی میدان کو آب و تاب کے ساتھ دوبارہ آباد ہونا تھا عمومی طور پر انتخابی ایام میں دو جگہوں پر بہت رش پایا جاتا ہے ایک تو حلقہ جس میں امیدواران بہت متحرک و میسر نظر آرہے ہوتے ہیں اور دوسری جگہ فلیکس کی دکان ہے جہاں ووٹر، سپورٹر اور امیدواران فلیکسز بنوا رہے ہیں اور تصاویر کے ذریعے جوڑ توڑ کے سارے جگاڑ عروج پر ہوتے ہیں لیکن اس صورتحال میں اس چیف سپورٹر کا بھی اپنا ہی مقام ہوتا ہے جو ووٹ کسی اور کو دیتا ہے۔
تمام سیاسی پارٹیوں کے امیدوار میدان میں تھے مال روڈ پر فلیکس آویزاں ہوئے تو ایک پارٹی کے نامزد امیدوار کے فلیکس بھی آویزاں ہوئے لیکن مس پرنٹنگ کی وجہ سے کہیں ایک نقطہ نا لگ پایا تو بغیر نقطے کے ہی نامزد ہو گئے، یہ غلطی نا تو دانستہ طور پر ہوئی نا ہی کسی کی دشمنی تھی یہ مکمل طور پر ایک پروف ریڈنگ کی غلطی تھی، چھوٹی سی غلطی کا اثر دیکھیے اس امیدوار کو سب نامزد نامزد پکار رہے تھے (نقطہ غائب ہے)، اور یقین جانیے پروف ریڈنگ کو کبھی بھی سنجیدہ لیا ہی نہیں گیا پروف ریڈنگ کا شعبہ بنائے بغیر ہی کتب کے پہلے صفحوں پر لکھ دیا جا تا ہے، غلطی کی گنجائش موجود ہے اور پھر ہزاروں کی تعداد میں چھپنے والی کتاب میں بھی بہت سی غلطیاں دیکھنے کو ملتی ہیں۔
تعلیمی اداروں میں بھی پروف ریڈنگ جیسی بلا سے لوگ دو ر دور تک واقف نہیں اور اکثر و بیشتر تعلیمی ادارے تو میگزین یا کوئی ای لیٹر نکالنے پر ہی یقین نہیں رکھتے اس لحاظ سے کافی اداروں کی تو اس سے کوئی رشتے داری ہی نہیں ہے۔ اگر پروف ریڈنگ کا شعبہ موجود ہوتا ہے تو آپ کی لاکھوں کاپیاں خراب ہونے سے بچ سکتی ہیں، آپ واقعی نامزد ہو سکتے ہیں گزشتہ روز ہی میں ایک سینئر صحافی کے پاس گیا تو سامنے پڑی ایک شیلڈ پر نظر گئی تو لکھا تھا Guest of Ownerمیں کافی دیر یہی سوچتا رہا، کہ یا تو ان سے غلطی ہو گئی ہے یا انہوں نے مہمان اعزاز کی بجائے ان کو مہمان مالک کے طور پر بلایا ہے، خیر اس بات پر صحافی دوست کا قہقہہ بھی گونج گیا۔
اب چونکہ اعزازی اسناد، شیلڈز یا مگ یہ چونکہ دفاتر میں آویزاں کیے جاتے ہیں لہذا ان پر اگر کوئی غلطی ہے تو ممکن ہے وہ ہر دفعہ زیر گفتگو آئے ابھی گزشتہ ماہ ہی لاہور کا ایک بڑا سالانہ ایونٹ تھا ہم بھی ایونٹ کا حصہ تھے جب اس ایونٹ کے لیے ایم او سائن کر رہا تھا تو powered By میں پاورڈ کے سپیلنگ غلط تھے اور وہ فائل بھی یقینی طور پر ہزاروں لوگوں کے پاس گئی ہو گئی، ضروری نہیں کہ ایسی چھوٹی چھوٹی چیزوں کو غور کیا جائے یا ان کا نقصان ہو لیکن غلطی تو غلطی ہے۔
اصل میں نقاط اور الفاظ بہت اہمیت رکھتے ہیں اب گزشتہ روز ہم ایک محفل میں بیٹھے تھے تو ایک دوست کہتے میرے ابو کے ایک دوست بہت اچھے انسان تھے لیکن ان سے غلطی یہ ہوئی کہ وہ ایک کو ابو سے پہلے لگا بیٹھے اب آپ دیکھیں چھوٹی سی ہیر پھیر نے سارا مفہوم بدل ڈالا۔ اسی طرح کچھ عرصہ قبل ایک حکومتی کمپین بھی وائرل ہوئی جس میں لفاظی غلطی موجود تھی اس پر بھی و خوب جگ ہنسائی ہوئی، جبکہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ تھوڑی سی محنت سے یا کسی ایکسپرٹ سے درستی کروا لینا آپ کو ایسی بیسیوں غلطیوں سے بچا لیتا ہے۔
اخبار اور کتاب سے وابستہ بہت سے لوگ مارکیٹ میں موجود ہیں جو بطور پروف ریڈر خدمات فراہم کرتے ہیں، ان کی خدمات حاصل کر کے آپ مجرم کی بجائے محرم بن پائیں گے۔ آپ نے شاید محبت میں لکھا ہے لیکن اس کا ایک نقطہ اوپر ہو گا تو یہ آپ کی تحریر میں یا کتاب میں جان ڈال دے گا اور آپ کو بغیر نقطے کے نامزد بننے سے بچا لے گا ساتھ ہی اللہ بھلا کرے حسنین جمال کا جن کی کتاب داڑھی والا پڑھنے کے بعد میں سادا الفاظ میں ہی سہی اپنا پیغام آپ تک پہنچا دیتا ہوں وہ کتاب نا پڑھتا تو شاید یہ باتیں میرے دماغ میں ہی رہ جاتیں۔

