سندھ کا گرم سیاسی منظر نامہ


26 فروری کا گھوٹکی تا کراچی عوامی مارچ سندھ حکومت کی سیاست میں اہم موڑ ثابت ہو رہا ہے۔ ایوانوں میں بیٹھے ہوئے حکمران اگر بچ بھی جائیں تو یہ مارچ اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی کے لئے کامیابی کی نئی راہیں کھول دے گا، اس عوامی مارچ سے جو کہ سندھ کے تاریخی شہر گھوٹکی سے دارالحکومت کراچی پر ختم ہو کر ایک جلسے کی صورت اختیار کرے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی 27 فروری کا عوامی مارچ مہنگائی وفاقی حکومت کے خلاف ہے مگر اصل مقصد سندھ حکومت کی نا اہلی اور کرپٹ حکومت سے توجہ ہٹانا ہے، پی ٹی آئی سندھ قیادت کو سیاسی بصیرت کا ثبوت دیتے ہوئے اس جد و جہد کو اگلے الیکشن تک جاری رکھنا چاہیے۔ سندھ کی اپوزیشن جماعتوں نے ایک زبان ہو کر موجودہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے گھوٹکی تا کراچی مارچ کی حمایت کرنا شروع کردی ہے۔

کراچی کی پبلک نے 2018 الیکشن میں پی ٹی آئی کو بھرپور طریقے سے سپورٹ کیا مگر اندرونی سندھ میں کامیابی کے لئے وہاں کی پبلک کو تیار کرنا ہو گا۔

گزشتہ 14 سال سے سندھ حکومت مسلسل سندھ پر حکمرانی کر رہی ہے مگر کراچی کو کوئی بڑا منصوبہ نہیں دے سکی۔ ہر محکمے میں کرپشن کا دور دورا ہے۔ کون جھٹلا سکتا ہے پیپلز پارٹی کا 2008 سے 2013 تک کا تاریکی دور۔ اس دور میں خارجہ پالیسی کا یہ حال تھا کہ آئے روز ڈرون حملے ہوتے تھے۔ کوئی دن ایسا نہیں گزرتا تھا کہ کراچی کے شہری پی پی، امن کمیٹی اور متحدہ کے مسلح لوگوں کا شکار نہیں ہوتے تھے۔ کراچی بدامنی کے کیس ابھی بھی عدالتوں میں زیر التواء ہیں۔ دوسرے صوبوں سے شہر قائد کو جانے والے لوگ پہلے کئی بار سوچتے تھے۔

وفاقی حکومت نے ہمیشہ کراچی کو ترقی دینے کو مقدم جانا ہے لیکن بعض عناصر نے ہر موڑ میں کراچی کی ترقی روکنے کے لئے اس شہر میں سازشیں کی ہیں۔ کراچی گرین لائن تو مکمل ہو چکا مگر وہ وعدے پورے نہیں ہوئے جو شہر کے ٹرانسپورٹ کے حوالے سے ناصر حسین شاہ اور مرتضی وہاب کرتے رہے ہیں۔

26 فروری کا مارچ اختتام ہی کراچی پر اس لئے کر رہا ہے کہ یہ شہر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا ہے۔ جہاں قائد اعظم نے اپنی ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ یہاں کے لوگوں نے پاکستان بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ موجودہ حالات میں کوئی بھی کسی ٹکراؤ کا محتمل نہیں ہو سکتا البتہ اس وقت میں دونوں سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا۔ کراچی ایک طویل عرصے سے بد امنی کا شکار رہا ہے۔ آج جو امن ہے اس کا سہرا ہماری فوج اور رینجرز کے سر ہے۔

آج جو اسٹریٹ کرائمز ہیں ان کو کنٹرول کرنا پولیس کا کام ہے جو سندھ حکومت کے ماتحت ہے مگر پولیس کا یہ حال ہے کہ اچھے اور قابل لوگوں کو پیچھے رکھا جاتا ہے۔ ایسے افسران کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے جو اپنے مقصد سے جڑے ہوں۔ گزشتہ کچھ عرصے میں سندھ حکومت کی جانب سے کئی آئی جیز کو تبدیل کیا گیا۔ تین سالوں تک کسی آئی جی کو کام نہ کرنے دینے کے پیچھے بھی سیاسی مقاصد ہوتے ہیں۔

عوامی مسائل کو دیکھتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت کو آپس میں مل کر کام کرنا چاہیے مگر اس کا مکان بہت کم نظر آتا ہے۔ بہرحال حالات کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے سندھ کے حوالے سے وزیراعظم کو اہم کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔