FOMO, FOBO & JOMO


بزنس اور مارکٹنگ کا طالب علم ہونے کے ناتے ان شعبہ جات میں رونما ہونے والی تبدیلیوں میں میری دلچسپی رہتی ہے۔ اکیسویں صدی کی دو دہائیوں میں مارکٹنگ کا شعبہ بہت تیزی سے تبدیل ہوا ہے اور دور جدید میں کامیاب کاروبار کا تصور مارکٹنگ کے بغیر ناممکن ہے۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ اور ذرائع ابلاغ کے ترقی اور سوشل میڈیا کے غیر معمولی عروج نے تمام شعبہ جات کی طرح مارکٹنگ کے رجحانات کو تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔

مارکٹنگ کی اساس بنیادی طور پر انسانی ضروریات اور ان ضروریات سے جڑے خریداری کے فیصلوں پر ہے۔ ان ضروریات کو سمجھنے کے لئے مارکٹنگ کے محققین انسانی نفسیات اور انسانی رویوں پر تحقیق جاری رکھتے ہیں اور بدلتے انسانی رویوں کے ساتھ مارکٹنگ کے رجحانات میں بھی تبدیلی جاری رہتی ہے۔

دور حاضر کے مارکٹنگ رجحانات پر غور کیا جائے تو ان کے پیچھے چھپے انسانی نفسیات کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ مارکٹنگ کے چند معروف رجحانات اور جدید تحقیق سے دریافت کردہ انسانی نفسیات یقیناً بہت دلچسپ ہیں۔

مثال کے طور پر FOMO یعنی کہ Fear of missing out، عام معاشرتی اور سماجی رویہ ہے جہاں انسان کسی بھی مقبول کمپنی کی مصنوعات اور برانڈز، سوشل ٹرینڈز، سروس، فیشن اور رسومات وغیرہ کو نہ خرید کر انسان خوف کا شکار رہتا ہے کہ اس کی سماجی حیثیت میں مسلسل کمی ہوتی جائے گی اور سوسائٹی کے دوسرے افراد اسے ناپسندیدہ تصور کریں گے۔ یہی وہ نفسیاتی معاملہ ہے جس کے ذریعے مارکیٹر اپنے صارفین کو نشانہ بناتا ہے اور اپنی پروڈکٹ کو انتہائی پسندیدہ اور socially Admirable کے طور پر پیش کرتا ہے۔

ایک اور مثال ہے FOBO یعنی fear of better options کا نام دیتے ہیں، یہ وہ خوف ہے جو کسی پروڈکٹ کی خریداری کے دوران یا خریداری کے بعد رو پذیر ہوتا ہے جہاں انسان کسی بھی آپشن کا انتخاب کرنے کے بعد اس خوف کا شکار ہوتا ہے کہ شاید منتخب کردہ آپشن سے بہتر کوئی دوسری آپشن ہے اور کہیں غلط فیصلہ کی صورت میں پچھتاوا کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اسی طرح JOMO یعنی Joy of missing out بھی دلچسپ نفسیاتی کیفیت ہے جس کا تعلق ان افراد سے ہے جو تیزی سے بدلتے سوشل رجحانات مثلاً ہائی فیشن اور ہائی اینڈ پروڈکٹس کو نہ خرید کر بھی مطمئن رہتے ہیں اور اپنے آپ کو سماجی رجحانات سے آزاد رکھ کر زیادہ خوشی محسوس کرتے ہیں۔ بنیادی طور پر ایسے افراد روایتی طور طریقوں پر عمل کر کے اطمینان حاصل کرتے ہیں۔

مارکٹنگ کے لینز سے دیکھا جائے تو ہر انسان کی ترجیحات منفرد ہوتی ہیں اور ان ترجیحات کو سمجھ کر ان کے لئے کوئی مفید پروڈکٹ یا سروس متعارف کروانا مارکیٹر کا مقصد ہوتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments