نظام البتہ ویسے ہی رہے گا


ایک مشہور لطیفہ میں بیان ہوا دیہاتی مصر رہتا ہے کہ شہر میں سجایا میلہ در حقیقت اس کا ”رومال چرانے“ کی سازش تھی۔ مذکورہ لطیفہ کے برعکس وطن عزیز میں ان دنوں وزیر اعظم عمران خان صاحب کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے عنوان سے حقیقی معنوں میں لا متناہی ”آنیاں جانیاں“ برپا ہیں۔ نظر بظاہر اس ضمن میں عمران خان صاحب کی حمایت یا مخالفت میں اراکین قومی اسمبلی کو ترازو کے کسی ایک پلڑے میں جمع کرنے کی اذیت ناک کوشش ہو رہی ہے۔

مذکورہ کوشش مگر اب عثمان بزدار صاحب سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا ”رومال چرانے“ پر توجہ دیتی بھی مرکوز نظر آ رہی ہے۔ اپوزیشن رہ نماؤں کے خلوت میں ہوئے دعویٰ پر اعتبار کریں تو تحریک انصاف کے ٹکٹ پر جولائی 2018 ء میں قومی اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے اراکین میں سے کم ازکم 12 افراد اب تک نواز شریف سے منسوب مسلم لیگ کو اپنی حمایت کا یقین دلا چکے ہیں۔ پیپلز پارٹی سے اس ضمن میں 6 افراد سے رابطہ میں ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کی جمعیت کو بھی دو اراکین نے اپنی حمایت کا یقین دلا دیا ہے۔

دعویٰ یہ بھی ہو رہا ہے کہ عمران خان صاحب کی مخالفت کا ان اراکین کی جانب سے جو وعدہ ہوا ہے اس سے مفر ممکن ہی نہیں۔ قصہ مختصر اپوزیشن جماعتیں تحریک انصاف کے 20 بندے کاملا ”توڑ“ چکی ہیں۔ یہ تعداد جمع کر لینے کے باوجود سیاسی کھیل میں کامیابی کو یقینی بنانے کے حتمی ماہر تصور ہوتے چالباز بضد ہیں کہ حکومتی جماعت کے منحرف اراکین کی حمایت پر کامل انحصار کھیل میں ”جان“ نہیں ڈالے گا۔ اصل مزہ تو اس صورت آئے گا اگر مسلم لیگ (ق) کے کرتا دھرتا چودھری برادران اپوزیشن رہ نماؤں کے ہمراہ ٹی وی کیمروں کے روبرو آئیں۔

برملا اعلان کر دیں کہ وہ اب عمران حکومت کے ”اتحادی“ نہیں رہے۔ مطلوبہ اعلان ہو گیا تو عمران خان صاحب ازخود وزارت عظمیٰ کے منصب سے مستعفی ہونے کا اعلان بھی کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد ہوا قومی اسمبلی کا اجلاس موجودہ وزیر اعظم کے خلاف پیش ہوئی تحریک عدم اعتماد پر گنتی کے بجائے ”نئے“ وزیر اعظم کے انتخاب کے لئے طلب کرنا پڑے گا۔ عمران خان صاحب کی ضدی طبیعت کو ذہن میں رکھتے ہوئے مجھے یہ دعویٰ تسلیم کرنے میں کافی دقت پیش آ رہی ہے کہ ”اتحادی“ جماعتوں کی جانب سے میسر حمایت کھو دینے کے بعد وہ ازخود وزارت عظمیٰ کے منصب سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیں گے۔

وہ بلکہ ”آخری گیند“ تک مقابلے کو آمادہ نظر آرہے ہیں۔ اسی باعث ان کے جنونی مصاحب اسلام آباد میں ”دس لاکھ“ افراد جمع کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں۔ امید باندھی جا رہی ہے کہ پارلیمان کے سامنے جمع ہوئی عمران صاحب کے حامیوں کی ”فقیدالمثال“ تعداد کے ہوتے ہوئے تحریک انصاف کی ٹکٹ پر منتخب ہوئے اراکین اسمبلی ان کی مخالفت میں ووٹ ڈالنے کے لئے ایوان کا رخ کرنے سے قبل سو بار سوچیں گے۔ اپوزیشن غصہ سے بپھرے ہجوم کے خوف سے تحریک عدم اعتماد کی حمایت میں 172 اراکین دکھا نہیں پائے گی۔

اس کے بعد کیا ہو گا؟ راوی اس کی بابت خاموش ہیں۔ عمران خان صاحب کے خلاف گیم لگانے والے تاہم پرامید ہیں کہ اگر گجرات کے چودھریوں نے کھل کر ان کی حمایت کا اعلان کر دیا تو تحریک انصاف کو اپنا وزیر اعظم ”بچانے“ کے علاوہ عثمان بزدار صاحب کو بھی تحفظ فراہم کرنے کی فکر لاحق ہو جائے گی۔ نوبت یہاں تک بھی پہنچ سکتی ہے کہ وزیر اعظم صاحب کے خلاف پیش ہوئی تحریک عدم اعتماد پر گنتی کے لئے قومی اسمبلی کے بجائے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرنا پڑے اور عثمان بزدار صاحب وزارت اعلیٰ کے منصب سے فارغ ہوجائیں۔

پیپلز پارٹی کی اعلیٰ ترین قیادت اور چودھریوں سے بیک وقت اور براہ راست رسائی کے حامل میرے چند پراعتماد ذرائع پیر کی صبح تک یہ محسوس کر رہے تھے کہ آصف علی زرداری کے مسلسل رابطوں نے بالآخر لندن میں مقیم نواز شریف کو قائل کر دیا ہے کہ عمران خان سے ”جان“ چھڑانے کے لئے چودھریوں کو ”آن بورڈ“ لینا ہو گا۔ اپنی حمایت کے عوض مسلم لیگ (ق) یقیناً چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ منتخب کروانا چاہے گی۔ وہ ایک قابل منتظم شمار ہوتے ہیں۔

انہیں وزارت اعلیٰ کا منصب مل گیا تو آبادی کے اعتبار سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں تحریک انصاف کے سرکردہ حامیوں کو پلس اور انتظامیہ کی مدد سے بآسانی لگام ڈال لیں گے۔ اس لگام کی بدولت فرض کیا عمران خان صاحب اپنے منصب پر مزید کچھ ماہ تک برقرار بھی رہے تو ان کا اقتدار اسلام آباد کو راولپنڈی سے ملانے والے ”فیض آباد“ چوک تک محدود ہو جائے گا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو صاحبہ کی پہلی حکومت کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ ہوا تھا۔

عمران خان صاحب سے ہر صورت ”جان چھڑانے“ کے لئے میری دانست میں بنیادی لچک دکھانے کو نواز شریف کے نام سے منسوب مسلم لیگ ہی کو مجبور کیا جا رہا ہے۔ ”ووٹ کو عزت دو “ والے نعرے کو بھلا کر وہ محلاتی سازش کے ذریعے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کو آمادہ ہوئی۔ وہ تحریک اگر کامیاب ہو گئی تب بھی فوری طور پر ”صاف شفاف“ انتخاب کی صورت نظر نہیں آ رہی۔ معیشت سنبھالنے اور انتخابی اصلاحات کے بہانے شہباز شریف صاحب کو بلکہ بطور وزیر اعظم اپنی ”صلاحیتیں“ زیادہ سے زیادہ دیر تک آزمانے کو مجبور کیا جائے گا۔

عثمان بزدار کی جگہ چودھری پرویز الٰہی بھی پنجاب کے وزیر اعلیٰ منتخب ہو جانے کے بعد اپنے عہدے اور اسمبلی کی آئینی مدت مکمل کرنے کو ترجیح دیں گے۔ ممکنہ طور پر چہرے بدل جانے کے بعد نظام البتہ ویسے ہی رہے گا جس کے ہوتے ہوئے میرے اور آپ جیسے محدود آمدنیوں کے حامل عام پاکستانیوں کی اکثریت کے لئے خیر کی امید رکھنا خام خیالی کے سوا کچھ بھی نہیں۔
بشکریہ نوائے وقت۔